سلسلے کے دیرینہ خادم، چیئرمین الشرکۃ الاسلامیہ یوکے محترم عبدالباقی ارشد صاحب وفات پا گئے

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

سلسلہ عالیہ احمدیہ کے خادم، چیئرمین الشرکۃ الاسلامیہ لمیٹڈ (یوکے) محترم عبدالباقی ارشد صاحب مورخہ 27؍ اپریل 2022ء بمطابق 25؍ رمضان المبارک 1443ھ کو 88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔

آپ صحابی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام حضرت میاں چراغ دین صاحب کے پڑپوتے اور حضرت مولوی محمد حسین صاحب مرہمِ عیسی والے اور مولوی محمد یوسف صاحب (پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ) کے خاندان میں سے تھے۔

امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت29؍ اپریل 2022ء کو احاطہ مسجد مبارک اسلام آباد ٹلفورڈ (یوکے) میں نمازِ جمعہ کے بعد موصوف کا نمازِ جنازہ پڑھایا۔ حضورِ انور نے خطبہ جمعہ میں ان کا ذکرِ خیر کرتے ہوئے فرمایا:

حضورِ انور مخزنِ تصاویر کا معائنہ فرما رہے ہیں۔ محترم عبدالباقی ارشد صاحب دائیں سے پہلے۔ (تصویر بشکریہ Sutton & Croydon Guardian)

اللہ تعالیٰ ان سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے، درجات بلند کرے۔ ان کے بچوں کو بھی خدمتِ دین کی توفیق عطا فرمائے اور اخلاص و وفا کے ساتھ جماعت اور خلافت سے وابستہ رکھے۔

آپ کی تدفین اگلے روز یعنی 30؍ اپریل 2022ء کو صبح ساڑھے دس بجے مرٹن اینڈ سٹن جوائنٹ سمٹری (مورڈن) میں عمل میں لائی گئی۔

آپ چند ماہ سے بیمار تھے۔ اپنی وفات سے کچھ دیر قبل سب گھر والوں کو اکٹھا کر کے دعا کروائی اور اس کے قریباً آدھ گھنٹے بعد اپنی جان جانِ آفرین کے سپرد کردی۔

محترم عبدالباقی ارشد صاحب کی پیدائش اپریل 1934ء میں فیصل آباد میں ہوئی جو اُس وقت لائل پور کہلاتا تھا۔ اس وقت ان کے والد ڈاکٹر عبدالحمید صاحب ریلوے میں بطور ڈاکٹر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ کچھ عرصہ کے بعد ان کے والد صاحب کی ٹرانسفر کی وجہ سے ان کی فیملی بھٹنڈا چلی گئی، جو پٹیالہ اسٹیٹ کا دارالحکومت تھا۔ وہاں انہوں نے بچپن کا عرصہ 6 ، 7 سال گزارا۔ یہ جنگ عظیم دوم کے وقت کی بات ہے۔

وہاں سے ان کے والد صاحب کی ٹرانسفر انبالہ ہوگئی۔ تقسیمِ ہند سے پہلے موصوف کے والد محترم کی ٹرانسفر کوئٹہ ہو چکی تھی۔ چنانچہ کوئٹہ میں یہ خاندان کچھ عرصہ قیام کرنے کے بعد کراچی منتقل ہو گیا جہاں پر لمبا عرصہ قیام رہا۔

ابھی آپ کراچی میں قیام پذیر تھے کہ آپ کا داخلہ تعلیم الاسلام ہائی سکول میں ہوگیا جو اس وقت چنیوٹ میں تھا۔ وہاں سے آپ نے اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ میٹرک پاس کیا۔ موصوف کے ماموں میاں محمد یوسف صاحب کو حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے تقسیمِ ہند سے تھوڑا عرصہ پہلے پرائیویٹ سیکرٹری مقرر فرمایا تھا۔ جب حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ رتن باغ لاہور میں مقیم تھے تو محترم عبدالباقی ارشد صاحب اپنے ماموں سے ملنے جایا کرتے تھے جس وجہ سے ان کو چھوٹی عمر میں حضورؓ سے فیض پانے کا بھی موقع مل جاتا۔

٭…آپ 1955ء میں انگلستان آگئے اور الیکٹریکل انجنیئرنگ کی۔ لندن آنےسے قبل حضرت خلیفہ ثانیؓ کی خدمت میں غالباً کراچی میں جب ملاقات کے لیے حاضر ہوئے اور انہیں بتایا کہ وہ لندن آرہے ہیں تو حضورؓ نے بہت شفقت فرماتے ہوئے لندن پہنچ کر مسجد تک پہنچنے کا راستہ بتاتے ہوئے انہیں گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر ہونے کا ارشاد فرمایا۔لندن میں اس وقت حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمد صاحب (خلیفۃ المسیح الرابع )رحمہ اللہ تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ چنانچہ حضورؒ کے ساتھ ان کا محبت بھرا اور قریبی تعلق بن گیا۔

٭…1963ء کے قریب محترم عبدالباقی ارشد صاحب نوکری کے سلسلے میں سعودی عرب چلے گئے۔ جہاں آپ نے قریباً نو سال قیام کیا۔ اس دوران جو احمدی عمرہ اور حج کے لیے آتے ان کو یہ اپنے پاس ٹھہراتے اور ان کی خدمت کرتے۔ آپ کو بعض صحابہؓ کی مہمان نوازی کی توفیق بھی ملی۔ احمدی ہونے کی وجہ سے ان کو ایک مرتبہ قید بھی کرلیا گیا اور یہ تین دن اسیر رہے۔ حکومت کی طرف سے آفر ہوئی کہ احمدیت سے انکار کر دیں تو انہیں رہا کر دیا جائے گا، آپ نے اسیری برداشت کر لی لیکن احمدیت چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

٭…آپ کو 1972ء میں سعودی عرب سے نکال دیا گیا۔ آپ واپس یوکے آگئے جہاں آپ کو شروع سے ہی مختلف جماعتی خدمات کرنے کا موقع ملتا رہا۔ کافی عرصہ مسجد فضل میں یسرنا القرآن کلاسز لینے کی سعادت ملی۔

٭…جب حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ لندن تشریف لائے تو کچھ دنوں کے لیے Lake-district جانے کا پروگرام بنا۔ چنانچہ انہیں بھی حضورؒ کی معیت میں وہاں جانے کی سعادت ملی۔

٭…حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ نے خلیفہ منتخب ہونے کے بعد ان کو مشرق وسطیٰ کی جماعتوں کا دورہ کرنے کےلیے بھیجا۔ چنانچہ انہوں نے دورہ کرنے کے بعد حضورؒ کو ربوہ جاکر رپورٹ پیش کی۔

٭… حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے جب ہجرت کی تو آپ ان کو لینے کے لیے ہالینڈ گئے اور وہاں سے یوکے اُن کے ساتھ ہی آئے تھے۔

٭…ان کو لمبا عرصہ بطور سیکرٹری جائیداد جماعت احمدیہ یوکے خدمت کی توفیق ملی۔ اسی طرح کچھ عرصہ یہ نائب امیر بھی رہے۔ نیز ایک لمبا عرصہ بطور افسر جلسہ سالانہ یوکے اور چیئرمین افریقہ ٹریڈ بھی خدمات کی توفیق پائی۔

تصویر بشکریہ Sutton & Croydon Guardian

٭… 1984ء میں جب جماعت نے اسلام آباد کی زمین خریدی تو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے ان کو جماعت کے نمائندہ کے طور پر auction میں بھیجا ۔

٭… آپ الشرکۃ الاسلامیہ لمیٹڈ (یوکے) کے چیئرمین تھے اور تا وقتِ وفات یہ خدمت سرانجام دیتے رہے۔ آپ کے دور میں الشرکۃ الاسلامیہ لمیٹڈ نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ اور پھر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے زیرِ سرپرستی ترقیات کی منازل طے کیں جن میں ’طاہر ہاؤس‘ واقع ڈیئرپارک روڈ میں دفاتر اور ویئرہاؤس کی تعمیرِ نو بھی شامل ہے۔ امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 16؍ فروری 2014ء کو ازراہِ شفقت اس عمارت کا افتتاح فرمایا۔

آپ سلسلہ کے ایک دیرینہ خادم، چار خلفائے کرام سے فیض پانے والے، نفع رساں اور ہر دلعزیز وجود تھے۔ آپ کی شخصیت بلاشبہ الشرکۃ الاسلامیہ سے تعلق رکھنے والے تمام احباب کے لیے ایک بزرگ، ایک محترم وجود کی حیثیت رکھتی تھی۔

آپ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یکے از ڈائریکٹرز الشرکۃ الاسلامیہ مبارک احمد ظفرؔ صاحب نے درج ذیل اشعار کہے:

عبدالباقی ارشد صاحب فانی دنیا چھوڑ گئے

اپنے پاس امانت رکھی ہر اک واپس موڑ گئے

زندہ ایک حوالہ ہوں گے خدمت کے ابواب میں وہ

یاد ہمیشہ ہم کو رہیں گے ایسا ناطہ جوڑ گئے

وعدہ دین کی خدمت والا خوب نبھایا انہوں نے

کر کے وعدہ پورا کرنا خوب سکھایا انہوں نے

عزم، توکّل کر کے مشکل سے بھی مشکل کام کیے

انہونی کو ہونی کر کے خوب دکھایا انہوں نے

یا رب ان کی بخشش کرنا جنت ان کو دینا تُو

کرنا درجے اونچے اپنی قربت ان کو دینا تُو

یاروں کے وہ یار تھے یاری کو وہ خوب نبھاتے تھے

ان کے حلقۂ احباب کی صحبت ان کو دینا تُو

ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور محترم عبدالباقی ارشد صاحب کے لواحقین سے اظہارِ افسوس کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام عطا فرمائے اور سلسلے کو ان کے نعم البدل سے نوازے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button