جامعۃ المبشرین برکینافاسو میں جلسہ یوم مصلح موعود
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کو مجلس ارشاد کے تحت مورخہ۲۰؍ فروری ۲۰۲۳ء کو جلسہ پیشگوئی مصلح موعود منعقد کرنےکی توفیق ملی۔ پروگرام کی تیاری کے لیے ماہ کے شروع میں ہی مجلس کی ایک میٹنگ بلا کر تمام مقررین، موضوعات وغیرہ کو فائنل کیا گیا اور تیاری شروع کر دی گئی۔ جلسہ کی صدارت مکرم مبارک احمد منیر صاحب استادجامعۃ المبشرین برکینا فاسونے کی۔
جلسہ کا آغاز گیارہ بج کر پچیس منٹ پر مسجد جامعۃ المبشرین میں تلاوت قرآن مجید سے ہوا جو عز یزم بخاری احمدو طالب علم سال سوم نے کی اور اس کا فرنچ ترجمہ پیش کیا۔
تلاوت کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا کلام ’’بہار آئی ہے اس وقت خزاں میں‘‘ عزیزم جگی آدما طالب علم سال دوم نے ترنم کے ساتھ پڑھا اور اس کا فرنچ ترجمہ پیش کیا۔
جلسہ کی پہلی تقریر عزیزم آلادے ابراہیم طالبعلم سال دوم نے کی جس کا موضوع پیشگوئی مصلح موعود تاریخ وپس منظر تھا۔ دوسری تقریرعزیزم ودراؤگو حمزہ طالبعلم سال سوم نے کی جس کا موضوع حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ مصداق پیشگوئی مصلح موعودتھا۔دو تقاریر کے بعد طلبہ کو بڑی سکرین پر حضرت مصلح موعودؓ کی زندگی پر فرنچ زبان میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس کو سب نے بڑی توجہ اور انہماک سے دیکھا اور سنا۔
جلسہ کی آخری تقریر صدر صاحب مجلس نے کی جس کا موضوع حضرت مصلح موعودؓ کے چند کارہائے نمایاں تھا۔ تقریب کے آخر پر پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین برکینا فاسو نے پیشگوئی مصلح موعود کے بعض پہلو مختصراًبیان کیے اور سب مقررین اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔
اس جلسہ کی ایک منفرد بات یہ بھی تھی کہ جامعۃ المبشرین برکینافاسو کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو کہ جماعت احمدیہ برکینافاسو کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا گیا اور احباب جماعت نے اپنی اپنی جماعتوں میں بیٹھے ہوئے اس سے استفادہ کیا۔ الحمدللہ
(رپورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)