مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کےتحت نیشنل جلسہ یوم خلافت کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے زیر اہتمام ۲۷؍ مئی ۲۰۲۳ء کو مسجد بیت الظفر نیو یارک میں نیشنل جلسہ یوم خلافت منعقد کیا گیا اور آن لائن بھی نشر کیا گیا۔ اس پروگرام کا اہتمام مسرور انٹرنیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ ۲۰۲۳ء کے پہلے روزکیا گیا جس میں چھ ملکوں کی ٹیمیں شامل تھیں۔
پروگرام کا آغاز مکرم صاحبزادہ ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت امریکہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم، حدیث اور نظم سے ہوا۔ مدیل عبداللہ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے افتتاحی کلمات کے بعد خاکسار(مہتمم تربیت) نے ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں ہماری زندگیوں میں خلافت کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔ اسی طرح چند خدام نے اپنے ذاتی تجربات اور مشاہدات بیان کیے کہ کس طرح خلافت نے ان کی زندگیوں میں انقلابی اثرات مرتب کیے ہیں۔
ایک حدیث اور خلافت کے حوالہ سے حضرت مسیح موعودؑ اور حضرت مصلح موعودؓ کے اقتباسات پیش کیے جانے کے بعد جہیم تھامس صاحب (نو مبائع) نے اپنی بیعت کی تفصیل بیان کی۔اس کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایک اقتباس سنایا گیا۔
بعدہٗ مسعود خان صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خط لکھنے کی برکات کے حوالےسےخلافت اور دعاؤں کی قبولیت سے متعلق اپنے ذاتی تجربات بتائے۔
پھر نائب صدر خدام الاحمدیہ امریکہ مکرم ھبة الحمید اقبال صاحب نے اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں بتایا کہ کس طرح خلافت کی ڈھال میں آکر خدام خود کو دجال سے بچا سکتے ہیں۔
سراج بھٹی صاحب نے خلافت کے بارے میں اپنے ذاتی تجربات کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے کرپٹو کرنسی پر حضور انور کی ہدایات کے ذریعے خلافت کی الٰہی حیثیت کو صحیح معنوں میں سمجھا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ایک اقتباس پیش کیے جانے کے بعد زارک خان صاحب نے ماہ رمضان کے دوران اسلام آباد میں وقفِ عارضی کے متعلق اپنے تجربات بیان کیے۔
پریزنٹیشن کا اختتام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خدام الاحمدیہ جرمنی سے خطاب کے ایک اقتباس کے ساتھ ہوا جس میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خدام الاحمدیہ کے ایک مقصد حفاظت خلافت پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ نوجوانوں کی اصلاح اس چیز میں مضمر ہے کہ وہ خلیفہ کے حکم کو سنیں اور اس کی اطاعت کریں اور دعا کی کہ خدام الاحمدیہ خلافت کی حفاظت ان معنوں میں کریں۔
پروگرام کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی جس میں خلافت کی عظیم حیثیت اور اس کی اہمیت سمجھائی۔ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے مسرور انٹرنیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ کے مہمانوں کو چند تحائف پیش کیے جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔
پروگرام یوٹیوب پرموجود ہے اور نیچے دیے گئے لنک کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے۔
https://khudd.am/khilafatday2023
جلسہ یوم خلافت میں چار صد حاضرین نے بیت الظفر نیویارک میں شرکت کی جبکہ تین ہزار کے قریب حاضرین نے آن لائن شمولیت کی۔
٭…٭…٭