۴۵ویں جلسہ سالانہ کینیڈا کا پہلا دن
آج بتاریخ ۱۴؍جولائی ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک جماعت احمدیہ کینیڈا کے ۴۵ویں جلسہ سالانہ کا پہلا روز ہے۔ یہ جلسہ کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورانٹو سے مُتَّصِل مِسسِّی ساگا شہر کے معروف انٹرنیشنل سنٹر میں منعقد ہورہا ہے۔ انٹرنیشنل سنٹر بنیادی طور پر بہت بڑی تقریبات، نمائشوں اور تجارتی میلوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہ ٹورانٹو پیئرسن انٹرنیشنل ائرپورٹ کے بالمقابل ائرپورٹ روڈ پر واقع ہے جس سے دوسرے ممالک اور دوردراز کے شہروں سے آنے والے شاملین کو بہت سہولت رہتی ہے۔ نیز ٹورانٹو، مسسی ساگا، برمپٹن جیسے قریبی شہروں کے لیے مقامی بسوں اور صوبہ اونٹاریو کے دیگر شہروں سے GO ٹرین کے ذریعہ عوام بغیر کسی دِقت کے ان پروگراموں میں شامل ہوسکتے ہیں۔
آج دن کا آغاز صبح چار بجے مقامی مساجد میں باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا جس کے بعد پونے پانچ بجے نماز فجر ادا کی گئی نیز درس دیے گے۔
جلسہ گاہ کو گذشتہ ایک ہفتہ سے جلسہ کے لیے تیار کیا جارہا تھا اور آج بھی صبح سے سینکڑوں رضاکار جلسہ گاہ کے اندر اور باہر ہر چیز دوبارہ اور سہ بارہ چیک کررہے ہیں کہ کوئی کمی نہ رہ جائے۔ کار پارکنگ کا وسیع انتظام ہے۔ سینکڑوں رضاکار مختلف شعبوں میں ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ تمام شاملین کے لیے کھانا مشن ہاؤس سے ملحقہ لنگرخانہ سے تیار ہوکر ٹرکوں میں انٹرنیشنل سنٹر آتا ہے۔ جہاں پر اس کے معیار کو چیک کیا جاتا ہے کہ آیا وہ مقامی قوانین کے تمام تقاضوں پر پورا اترتا ہے۔
مہمانوں کی آمد گیارہ بجے سے ہی شروع ہوگئی تھی۔ 12:25 پر نمازِ جمعہ کے لیے پہلی اذان دی گئی جبکہ اس کے معاً بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا آج کا خطبہ جمعہ جو ٹورانٹو کے وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے براہِ راست نشر ہوا تھا، کو حاضرین کے لیے دوبارہ دکھایا گیا۔ ڈیڑھ بجے مولانا عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج کینیڈا نے خطبہ جمعہ اِرشاد فرمایا اور نمازِ جمعہ پڑھائی۔ جس کے بعد احبابِ جماعت کھانے کے لیے ہال نمبر ۴ میں تشریف لے گئے۔
دریں اثناء جلسہ گاہ میں ایک پریس کانفرنس کا انتظام بھی کیا گیا تھا جس میں مقامی اور قومی ٹی وی چینلز، ریڈیو اسٹیشنز اور اخبارات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مکرم لال خان ملک صاحب امیرجماعت کینیڈا، مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت ارضِ مقدس (فلسطین و اسرائیل)، مولانا عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج کینیڈا اور مکرم آصف خان صاحب نیشنل سیکرٹری امورِ خارجیہ نے سوالات کے جوابات دیے۔
افتتاحی اجلاس
شام پانچ بجے مرکزی نمائندہ مکرم محمد شریف عودہ صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم امیر صاحب کینیڈا نے کینیڈین پرچم لہرایا۔
آج کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز مولانا داود احمد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا کی زیر صدارت تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم حافظ راحت چیمہ صاحب نے سورۃ الانعام کی آیات ۹۶ تا ۱۰۰ کی تلاوت کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم طاہر مظہر صاحب نے کیا۔
مکرم توفیق احمد صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام
کس قدر ظاہر ہے نور اُس مبدءالانوار کا
بن رہا ہے سارا عالم آئینہ ابصار کا
ترنم سے سنایا جس کا انگریزی ترجمہ مکرم نایاب احمد چھٹہ نے کیا۔
مکرم امیر صاحب کینیڈا نے اپنے مختصر افتتاحی کلمات میں جلسہ سالانہ کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے نصحیت کی کہ ہمیں چاہیے کہ ان بابرکت ایام میں زیادہ سے زیادہ باجماعت نمازیں ادا کریں، فارغ اوقات میں تسبیح اور درود شریف کا وردّ کرتے رہیں، سلام میں پہل کریں، اپنا محاسبہ کرتے رہیں اور دُعائیں کرتے رہیں۔ اور سب سے بڑھ کر یہاں سے سیکھی ہوئی باتیں واپس جاکر اپنے عزیزو اقارب کو سکھائیں اور اپنی زندگیوں پر مستقل طور پر لاگو کریں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے شاملینِ جلسہ کے لیے بہت دُعائیں کی ہیں اور اس جلسہ میں شامل ہوکر ہم بھی ان خوش نصیب لوگوں کی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں جن پر یہ دعائیں لاگو ہوتی ہیں۔
مکرم امیر صاحب کے افتتاحی کلمات کے بعد مکرم نوید احمد منگلا صاحب مربی سلسلہ نے ’’خلافتِ احمدیہ کے ذریعہ توحید کا قیام‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
اس موقع پر صوبہ اونٹاریو کے وزیراعلیٰ عزت مآب Doug Ford بھی اپنی کابینہ کے کئی وزراء اور عملہ کے ہمراہ جلسہ گاہ میں تشریف لائے۔ مکرم سیکرٹری صاحب امورِ خارجیہ کینیڈا نے احبابِ جماعت سے ان کا تعارف کروایا اور خطاب کی دعوت دی۔ عزت مآب Doug Ford نے کہا کہ احبابِ جماعت انہیں بھی اعزازی مسلمان سمجھ سکتے ہیں کیوں کہ ان کا ایک منہ بولا مسلمان بھائی تقریباً ایک دہائی سے ان کے گھر میں رہ رہا ہے نیز ان کی بیٹی کی شادی بھی ایک مسلمان سے ہوئی ہے۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کے رفاحی کاموں کی بھرپور تعریف کی خصوصاً کووڈ کے دوران جماعت کی خدمات کو خوب سراہا۔ ان کے خطاب کے دوران ان کی کابینہ کے وزراء اظہار یکجہتی کے لیے ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
اس کے بعد عزت مآب وزیر اعلیٰ کو ایک دوسرے حصہ میں لے جایا گیا جہاں وہ مکرم امیر صاحب کبابیر، مکرم امیر صاحب کینیڈا اور دوسرے عہدیداران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے رہے۔ نیز عام ممبرانِ جماعت سے بھی بے تکلفی سے مصافحہ اور علیک سلیک کرتے رہے۔
دریں اثناء جلسہ گاہ میں آج کی آخری تقریر مکرم فرحان اقبال صاحب مربی سلسلہ نے بعنوان ’’دہریت کے خلاف عقلی دلائل‘‘ کے موضوع پر کی۔ انہوں نے کئی مثالیں پیش کرکے دہریہ حضرات کو کھلاچیلنج دیا کہ یہ کائنات پکار پکار اپنے خالق کا اعلان کرہی ہے اور دہریوں کے پاس ہستی باری تعالیٰ کی نفی کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں۔
اس تقریر کےبعد اعلانات ہوئے اور دُعا کےبعد حاضرین کھانے کے ہال اور مارکیوں میں تشریف لے گئے۔ جہاں بزرگوں اور بچوں کے الگ الگ کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
آج کی تمام کارروائی انگریزی زبان میں تھی جن کا رواں ترجمہ اردو، فرانسیسی، عربی اور بنگلہ زبانوں میں دستیاب تھا۔ جبکہ ایم ٹی اے کینیڈا نے MTA8 America کے ذریعہ جلسہ کی ساری کارروائی براہِ راست نشر کی جو یوٹیوب پر بھی دستیاب تھی۔ مستورات نے جلسہ کی تمام کارروائی مردانہ جلسہ گاہ سے براہ راست ملاحظہ کی۔
مردوں کی جلسہ گاہ ہال نمبر ۵ میں ہے۔ مستوارت کے لیے جلسہ گاہ ہال نمبر۲ جبکہ ان کے کھانے کا انتطام ہال نمبر۱ میں ہے۔ حسبِ سابق بزرگ احباب کے لیے کھانے کے انتظام الگ سے کیا گیا ہے، نیز چھوٹے بچوں اور ان کی ماؤں کے لیے بھی ہال نمبر ۳ میں خاص انتظام ہے۔ اسی طرح کم عمر بچوں کے لیے کھانے کا الگ انتظام کیا گیاہے۔ ان تمام ہالز کے بیچ میں کھلی جگہ پر لوائے احمدییت لہراتا رہا جس کے اطراف میں چوکس خدام ڈیوٹی دیتے رہے۔ اس کے ساتھ ہی مارکی میں وسیع بک سٹال لگایا گیا ہے جہاں پر احباب کی علمی پیاس بجھانے کے لیے ہر قسم اور ضرورت کی ۷۰۰ سے زائد جماعتی کُتب دستیاب ہیں۔ بُک سٹال کے بعد عارضی بازار ہے جہاں پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب نے عارضی سٹالز لگائے ہوئے ہیں۔ یہ سٹالز جلسہ کی کارروائی شروع ہوتے ہی بند ہوجاتے ہیں اور کارروائی کے اختتام پر دوبارہ کھل جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا کی ٹیمیں بھی سارا دن مصروف رہیں۔ شعبہ تبلیغ کے تحت ایک خوبصورت نمائش کا انتظام کیا گیا ہے جس میں قرآن پاک کے تراجم نہایت خوبصورتی سے سجائے گئے ہیں۔ جلسہ کا پہلا روز اب اختتام کو پہنچ گیا ہے اور احباب اب اپنی اپنی رہائش گاہوں کی طرف واپس روانہ ہورہے ہیں تاکہ آج رات آرام کرکے کل صبح تازہ دم ہوکر پھر جلسہ میں واپس آسکیں۔