اطلاعات و اعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
تقریب آمین
نعمان عاطف صاحب سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی جماعت مالٹا تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ مالٹا کے دو بچوں ودود احمد صاحب ابن شبیر احمد صاحب اور زرلش احمد صاحبہ بنت حامد احمد طارق صاحب نے محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے قرآن مجید ناظرہ کا پہلا دور مکمل کر لیا ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
دونوں بچوں کی تقریب آمین مورخہ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار برموقع جلسہ سالانہ مالٹا منعقد ہوئی۔ لئیق احمد عاطف صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا نے بچوں سے قرآن کریم کی چند آیات سنیں اور حوصلہ افزائی کے لیے انہیں قرآن کریم اور کچھ نقد رقم بطور تحفہ دیا۔دعا کے ساتھ اس مبارک تقریب کا اختتام ہوا۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ دونوں بچوں کو قرآن کریم پڑھنے، سمجھنے اور اس کی پاکیزہ تعلیم پر عمل کرنے والا بنائے۔آمین ثم آمین
اعلان نکاح
منصور احمد زاہد، مبلغ سلسلہ حال مقیم کیپ ٹاؤن ساؤتھ افریقہ اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کے بیٹے عزیزم نعمان احمد زاہد کا نکاح ہمراہ عزیزہ عروبہ حجاب صاحبہ بنت مکرم چودھری طاہر احمد صاحب وینس کے ساتھ مورخہ ۳؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو فلاح الدین صاحب مربی سلسلہ نے بعوض دس لاکھ روپے حق مہر پر پڑھایا۔ نکاح کا اعلان طاہراحمد صاحب وینس کے گھر میں کیا گیا جس کے بعد مربی صاحب نے دعا کروائی اور اس سے اگلے دن شام کو رخصتی عمل میں آئی۔
عزیزم نعمان احمد مکرم محمود احمد صاحب مرحوم دارالعلوم غربی سلام ربوہ کا پوتا اور مکرم نور محمد صاحب مرحوم آف شاہپورانڈیا کا پڑپوتا ہے جو کہ اپنے بڑے بھائی حضرت حکیم اللہ دتہ صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ سے حلقہ بگوش احمدیت ہوئے۔ اسی طرح نعمان احمد مکرم حکیم خورشید احمد صاحب مرحوم دواخانہ دارالحکمت دارالرحمت ربوہ کا نواسہ اور چودھری دل محمد صاحب پنوں مرحوم ساکن دھروڑ ضلع فیصل آباد کا پڑنواسہ ہے۔
عزیزہ عروبہ حجاب محترم چودھری محمد زبیرارشد صاحب وینس کی پوتی اور چودھری عنایت اللہ صاحب وینس مرحوم ساکن لنگے ضلع گجرات کی پڑپوتی ہیں۔ محترم چودھری عنایت اللہ صاحب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ عین جوانی میں حضرت مولانا غلام رسول راجیکی صاحبؓ کے ذریعہ احمدیت کے نور سے منور ہوئے۔ اسی طرح عزیزہ عروبہ حجاب محترم ڈاکٹر محمد اسلم صاحب مرحوم علی پورچٹھہ ضلع گوجرانوالہ کی نواسی ہے۔ قارئین الفضل سے اس شادی خانہ آبادی کی کامیابی کے لیے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔