ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:افغانستان کی نیوزیلینڈ کے خلاف شاندارفتح
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 14 (گروپ سی)
نیوزیلینڈبمقابلہ افغانستان
(New Zealand vs Afghanistan)
جارج ٹاؤن،گیانا
7جون 2024ء
ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے ایک اہم میچ میں افغانستان نے نیوزیلینڈ کی مضبوط ٹیم کو84رنزسے شکست دے کربڑی فتح حاصل کرلی۔افغانستان گروپ سی میں اپنے دونوں میچزجیت کر سپرایٹ مرحلے میں رسائی کے لئے پُرامیدہے۔
جارج ٹاؤن گیانا کے پرووِیڈینس اسٹیڈیم میں افغانستان نے 159رنز بنائےجس کےجواب میں کیوی ٹیم صرف 75کے اسکور پر ڈھیرہوگئی۔فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی نے پہلے میچ میں یوگنڈاکے خلاف پانچ وکٹیں لینے کے بعد اس میچ میں بھی زبردست گیندبازی کی اورچارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔افغان کپتان راشدخان کے سامنے بھی کیوی بلےبازبے بس نظر آئے۔انہوں نے بھی چار وکٹیں لیں جبکہ محمدنبی نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیوزیلینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے18اورمیٹ ہینری نے 12رنزبنائے اور ان کی پوری ٹیم 15.2اوورزمیں محض75رنزبناسکی۔
اس سے قبل افغانستان نے رحمان اللہ گرباز کے 80 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف دیاتھا۔
افغان اوپنرز نے 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ابتدائی اوورزمیں نیوزیلینڈ نے کیچ اوررن آؤٹ کے متعدد مواقع گنوائے جوکہ انتہائی مہنگے ثابت ہوئے۔ابراہیم زادران 41گیندوں پرر44رنز جبکہ رحمان اللہ گرباز 56 گیندوں پرپانچ چوکوں اورپانچ چھکوں کی مددسے 80 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمر زئی نے22 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ(Trent Boult) اور میٹ ہینری (Matt Henry)نے 2،2 وکٹیں لیں جبکہ لوکی فرگیوسن (Lockie Ferguson)ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
(رپورٹ:ن م طاہر)