تیرا نبیؐ جو آیا اُس نے خدا دکھایا
(منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام)
تُو ہے جو پالتا ہے، ہر دم سنبھالتا ہے
غم سے نکالتا ہے، دردوں کو ٹالتا ہے
کرتا ہے پاک دل کو حق دل میں ڈالتا ہے
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
تُونے سکھایا فرقاں جو ہے مدارِ ایماں
جس سے ملے ہے عرفاں اور دُور ہووے شیطاں
یہ سب ہے تیرا احساں تجھ پر نثار ہو جاں
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
تیرا نبیؐ جو آیا اُس نے خدا دکھایا
دینِ قَوِیم لایا بِدعات کو مٹایا
حق کی طرف بلایا مل کر خدا ملایا
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
قرباں ہیں تجھ پہ سارے جو ہیں میرے پیارے
احساں ہیں تیرے بھارے گِن گِن کے ہم تو ہارے
دِل خوں ہیں غم کے مارے کشتی لگا کنارے
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
اِس دل میں تیرا گھر ہے تیری طرف نظر ہے
تجھ سے مَیں ہوں مُنَوَّر میرا تو تُو قمر ہے
تجھ پر میرا توکّل دَر پر تیرے یہ سَر ہے
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
مزید پڑھیں: آسماں پر اِن دنوں قہرِ خدا کا جوش ہے (منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام)