ولادت باسعادت
با برگ و بار ہوویں اک سے ہزار ہوویں
یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ
احباب جماعت ہائے احمدیہ عالمگیر کو انتہائی خوشی اور مسرت کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے ہمارے پیارے محبوب امام سیدنا و امامنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور حضرت سیدہ امۃ السبوح بیگم صاحبہ مد ظلہا العالی کو ۱۲؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز سوموار پہلی پڑنواسی سے نوازا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
عزیزہ نو مولود کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ’عطیۃ المجیب انیتا‘ عطا فرمایا ہے۔ نومولود مکرم منصور احمد ڈاہری صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ (واقف زندگی رسالہ ریویو آف ریلیجنز) اور مکرمہ سیدہ یمنیٰ خلود صاحبہ سلمہا اللہ تعالیٰ کی پہلوٹھی، مکرم فاتح احمد ڈاہری صاحب( وکیل تعمیل و تنفیذ بھارت نیپال بھوٹان) اور محترمہ صاحبزادی امۃ الوارث فرح صاحبہ سلمہا اللہ تعالیٰ کی پہلی پوتی اور مکرم سید خالد احمد شاہ صاحب اورمحترمہ سیدہ امۃالباسط ماریہ صاحبہ کی نواسی ہے۔
عزیزہ عطیۃ المجیب انیتا کی پیدائش اس لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس سے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا الہام تَرٰی نَسْلًا بَعِیْدًا ایک اَور مرتبہ پورا ہوا اور قدرت ثانیہ کے مظہرِ خامس حضرت مرزا مسرور احمد ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنی تیسری نسل دیکھی۔ اس سے قبل حضرت مصلح موعودؓ کی ذات والا بابرکات میں بھی یہ الہام اس رنگ میں پورا ہوچکا ہےکہ آپؓ نے بھی اپنی تیسری نسل دیکھی تھی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ بَارِکْ لَنَا فِیْ عُمُرِہٖ وَ اَمْرِہٖ
ادارہ الفضل انٹرنیشنل امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ اور حضرت بیگم صاحبہ مدظلہا، مکرم منصور احمد ڈاہری صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ اور آپ کی اہلیہ محترمہ سیدہ یمنیٰ خلود صاحبہ سلمہا اللہ تعالیٰ، مکرم فاتح احمد ڈاہری صاحب اور محترمہ صاحبزادی امۃ الوارث فرح صاحبہ سلمہا اللہ تعالیٰ اسی طرح مکرم سید خالد احمد شاہ صاحب اور آپ کے اہل خانہ نیز جملہ افراد خاندان سیدنا حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو صحت و سلامتی والی لمبی زندگی عطا فرمائے، اپنے بےانتہا فضلوں، رحمتوں اور برکتوں سے نوازے اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ان تمام دعاؤں کا وارث بنائے جو آپؑ نے اپنی اولاد کے لیے کی ہیں۔ آمین



