نائیجر میں اسلامی فرقوں کے راہنماؤں اور حکومتی عہدیداروں کے لیے ایک تبلیغی افطار پروگرام کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ۱۴؍مارچ ۲۰۲۶ء کو جماعتی مرکز میں ایک تبلیغی افطار پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں مختلف اسلامی طبقات کے معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر مکرم جبریل کارناتا صاحب (صدر اسلامی ایسوسی ایشن نائیجر و حکومتی نمائندہ)، نیشنل اسمبلی کے ۶؍ممبران، ملک گنی کے قونصلر جنرل، نیز مختلف اسلامی فرقوں کے قائدین تشریف لائے۔ جماعت احمدیہ کی طرف سے مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر، مبلغ سلسلہ نیامے ریجن، صدر جماعت احمدیہ نیامے شہر اور دیگر اراکین نیشنل عاملہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

ما قبل جماعتی وفدکی مکرم جبریل کارناتا صاحب سے ان کے گھر میں ملاقات ہوئی اور انہیں جماعت کا تعارف کرایا گیا۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں مسلمانوں کو نصیحت کی ہے کہ دجالی طاقتوں کے خلاف اکٹھے ہو جائیں پھر ہی مسلمان ممالک ان کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اس ليے ہمیں نائیجر میں بھی تمام فرقوں کو یہ پیغام دینا چاہيے۔
چنانچہ اسی سلسلہ میں یہ پروگرام تشکیل دیا گیا اور تمام فرقوں کے راہنماؤں کو افطار کےليے جماعتی مرکز میں دعوت دی گئی۔ پروگرام کے دن تمام شاملین کو جماعت کے تعارف کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ان حالات میں مسلمانوں کےليے ہدایات کا بھی بتایا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلی مرتبہ دوسرے فرقوں کے بڑے راہنماؤں کے ساتھ اتنے بڑے پیمانہ پر پروگرام منعقد کیا گیا۔ چنانچہ بعدازاں تمام احباب کو افطاری بھی پیش کی گئی جس کے بعد نماز مغرب بھی احمدیہ مسجد میں ادا کی گئی اور تمام مہمانان گرامی رخصت ہوئے۔

اس پروگرام کی خبر نیشنل ٹی وی اور ریڈیو ORTN نے بھی نشر کی جس کے ذریعہ جماعت کا پیغام وسیع حلقہ تک پہنچا۔
الحمدللہ، اس پروگرام میں کُل حاضری ۱۴۵؍رہی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پیغام پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ کا سینتیسواں جلسہ سا لانہ ۲۰۲۶ء




