نیامے، نائیجر کی کونسل 1 کے میئر کا جماعتی مشن کا دورہ
نیامے شہر کی کونسل نمبر1 کی میئر محترمہ مریمہ جیکا نے اپنی کونسل کی کابینا کے ۱۰؍ممبرز کے ساتھ مورخہ ۱۳؍مارچ ۲۰۲۶ء کو جماعتی مرکز اور سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر اور نیامے ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم دانیال احمد صاحب اور مکرم ممن بیلو صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری کے علاوہ نیامے جماعت کے صدر مکرم عثمان عبدو صاحب نے اُنہیں خوش آمدید کہا اور پھر تمام مہمانوں کو حضرت مسیح موعودؑ کا دعویٰ تفصیل سے پیش کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد نظام خلافت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تعارف بھی کروایا گیا۔ بعد ازاں جماعت کے تعارف پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ نیز جماعتی مسجد اور سکول کا دورہ کروایا گیا۔

موصوفہ میئر صاحبہ آرمی میں کرنل کے عہدہ پر فائزہیں اور آرمی میں ہی گائنا کالوجسٹ بھی ہیں۔ میئر صاحبہ نے بتایا کہ انہیں پہلے میڈیا کے ذریعہ جماعت کا تعارف تھا، تاہم پہلی مرتبہ بالمشافہ تعارف حاصل ہوا جس پر انہوں نے مبلغ سلسلہ صاحب اور مکرم امیر صاحب کا شکریہ ادا کیا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا محبت بھرا پیغام دنیا تک پہنچانے کی توفیق بخشے۔ آمین
(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جاپانی مہمانوں کے اعزاز میں افطار ڈنر




