افریقہ (رپورٹس)

کینیا بھر میں یوم مسیح موعود کے جلسوں کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو حسب معمول ماہ مارچ میں ملک کے ۱۶؍ریجنز کی ۹۷؍جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی جن میں ۳۱۲۷؍احمدیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ۱۴۴؍معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس طرح ان بابرکت جلسوں میں کُل ۳۲۳۱؍افراد شامل ہوئے۔

ان جلسوں میں تلاوت قرآن کریم اور حمد و نعت کے بعد مبلغین سلسلہ و معلمین کرام اور دیگر مقررین نے قرآن کریم اور احادیث نبویہ میں امت محمدیہؐ میں ظاہر ہونے والے امام مہدی اور مسیح موعود سے متعلق پیشگوئیوں کا ذکر کیا۔ اسی طرح سابقہ کتب اور صلحائے امت محمدیہؐ کی آنے والے مسیح و مہدی سے متعلق پیش خبریوں کو بیان کر کے آپؑ کے دعاوی اور ان کی تصدیق میں ظاہر ہونے والے زمینی و آسمانی نشانات بھی بیان کیے گئے۔ علاوہ ازیں مقررین کرام نے حضرت اقدس مسیح موعوودؑ کی غلبۂ اسلام اور اعدائے اسلام کی شکست و رسوائی سے متعلق پیشگویوں کے حوالے سے بھی آپؑ کی صداقت بیان کی۔ نیز آپؑ کی حیات طیبہ، عبادات و ریاضت، عشق رسولؐ و عشق قرآن اور دین اسلام کے غلبہ کے لیے آپؑ کی عظیم الشان جدوجہد کا ذکر کرکے آپؑ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسی طرح تبلیغ اسلام اور خدمت انسانیت کے سلسلہ میں آپؑ کے خلفائے کرام کی انتھک جدوجہد، بےمثال راہنمائی اور ان کی اقتدا میں جماعت احمدیہ کی لازوال تبلیغی کوششوں کو بھی بیان کیا۔ ان جلسوں میں نومبائعین نے بھی بھر پور حصہ لیا اور تقاریر کے علاوہ منظوم کلام پیش کر کے آپؑ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور آپؑ کے پیغام کی تبلیغ و ترویج کے عزم کی تجدید کی۔ مہمانان کرام کو جماعت سے متعلق زبانی معلومات دینے کے علاوہ لٹریچر بھی دیا گیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے کئی مقامات پر بیعتیں بھی ہوئیں۔ تقریباً ہر جماعت میں اجتماعی کھانے کا انتظام بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ اس دن کے حوالے سے دلچسپ معلومات پر مبنی کوئز پروگرام بھی منعقد ہوئے اورمختلف کھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ ان مبارک جلسوں کے عظیم الشان اور شیریں پھل عطا فرمائے اور ہمیں حضرت مسیح موعودؑ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خلافت احمدیہ کےزیر سایہ زیادہ سے زیادہ مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی مسجدبیت السلام، میلبرن میں افطار ڈنر کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button