اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

اعلانات ولادت

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ اعلانات ولادت بھیجتے ہیں:
٭…اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے محمد ادریس علی صاحب اور طاہرہ مجید صاحبہ آف ڈھاکہ جماعت کو مورخہ ۸؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بیٹے سے نوازا ہے، الحمدللہ۔ نومولود کا نام محمد احسن علی رکھا گیا ہے۔
٭…اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے محمود الحسن صاحب اور خدیجہ اسلام صاحبہ آف ڈھاکہ جماعت کو مورخہ ۱۳؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بیٹے سے نوازا ہے، الحمدللہ۔ نو مولود کا نام یوسف محمود رکھا گیا ہے۔ نو مولود وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔
٭… اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے ضمیر احمد صاحب معلم وقف جدید بنگلہ دیش اور آئرین اختر صاحبہ کو مورخہ ۲۰؍جنوری ۲۰۲۶ء کو بیٹی سے نوازا ہے۔ نو مولود کا نام عنایہ ضمیر رکھا گیا ہے۔ نو مولود وقف نو کی با برکت تحریک میں شامل ہے۔
اللہ تعالیٰ ہر نو مولود کو حفظ و امان میں رکھے، خادم دین اور نافع الناس وجود بنائے نیز ان کے والدین کو ان کی بہترین تربیت کرنے کی توفیق دے۔ آمین

تقریبات آمین

عبدالنور صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ ان تقریبات آمین کی اطلاع بھیجتے ہیں:
٭…احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ کے بیٹے عطاء المجیب نے اگست ۲۰۲۵ء میں چار سال کی عمر میں قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کیا۔ بچے کے والدین کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق ملی۔
٭… لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ گراں لاؤو ریجن کے بیٹے عزیزم عفان احمد فرید نے مئی ۲۰۲۵ء میں بعمر سات سال قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کیا۔ بچے کی والدہ نے اسے قرآن کریم پڑھانے کی توفیق پائی۔
٭… عبدالاعلیٰ ثانی صاحب مبلغ سلسلہ ابنگرو ریجن کی بیٹی عزیزہ ہبۃ الاعلیٰ نے ۶؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ساڑھے پانچ سال کی عمر میں قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کیا۔ عزیزہ کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت اس کے والدین کے حصہ میں آئی۔
مورخہ ۱۱؍اپریل ۲۰۲۶ء کو جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ کے موقع پر تقریب آمین منعقد ہوئی جس دوران بچوں کو میڈلز اور جماعتی کتب سے نوازا گیا۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچوں کو قرآن کریم کی تلاوت کرنے، اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

سانحہ ہائے ارتحال

نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:
٭… فضل الحق ملاں صاحب ولد مرحوم علی احمد ملاں آف تارویا جماعت ضلع برہمن باڑیہ مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
نماز جنازہ اسی روز بعد نماز عصر تارویا میں ادا کی گئی جس کی امامت شیخ شریف احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ تدفین جماعتی قبرستان میں عمل میں آئی۔
مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے بڑے بیٹے بطور واقف زندگی دفتر مال میں خدمت بجا لا رہے ہیں۔ مرحوم کو مقامی سطح پر جماعتی و ذیلی تنظیمی خدمات کی توفیق ملی اور بطور سیکرٹری زراعت و سیکرٹری تربیت خدمت انجام دیتے رہے۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند اور تہجد گزار تھے۔
٭… حسینہ بیگم صاحبہ اہلیہ رفیق الاسلام صاحب مرحوم آف بھادو گھر جماعت ضلع برہمن باڑیہ مورخہ ۱۱؍فروری ۲۰۲۶ء کو ۷۴؍سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
نماز جنازہ اسی روز بھادو گھر میں ادا کی گئی جس کی امامت مظفر احمد صاحب معلم وقف جدید نے کروائی۔ تدفین برہمن باڑیہ کے جماعتی قبرستان میں عمل میں آئی۔
پسماندگان میں تین بیٹے، چار بیٹیاں اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کرنے والی اور مہمان نواز خاتون تھیں۔ دس شرائط بیعت زبانی یاد تھیں اور دوسروں کو بھی سکھاتی تھیں۔
۲۰۰۵ء میں بنگلہ دیش میں شدید مخالفت کے دوران مخالفین کی جانب سے مسجد کے قریب رکھے گئے بم کو ہٹانے کی کوشش میں دھماکے سے آپ کا بایاں ہاتھ ضائع ہو گیا تھا۔ اس حادثہ کے بعد مرحومہ نے باقی زندگی بھی صبر و استقلال کے ساتھ گزاری۔
٭… جمال الدین احمد صاحب ولد صلاح الدین احمد صاحب مورخہ ۲۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو کینسر کے باعث ۴۲؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
نماز جنازہ اول صبح دارالتبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں ادا کی گئی جس کی امامت نیشنل امیر صاحب نے کروائی۔ بعد ازاں آبائی علاقہ برہمن باڑیہ میں دوسری نماز جنازہ ادا ہوئی جس کی امامت محمد صالح صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی۔ تدفین جماعتی قبرستان میں عمل میں آئی۔
مرحوم پیدائشی احمدی اور موصی تھے۔ آپ کے والد صلاح الدین صاحب جماعت احمدیہ موڑائیل کے صدر کے طور پر خدمت انجام دے رہے ہیں۔ پسماندگان میں والدین، اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں جو ابھی کم عمر ہیں۔
مرحوم بچپن سے جماعتی خدمات سے وابستہ رہے اور مجالس و تنظیمی پروگراموں میں سرگرم حصہ لیتے رہے۔ مجلس خدام الاحمدیہ میں نیشنل عاملہ کے ممبر بھی رہے اور وفات کے وقت نائب نیشنل سیکرٹری تعلیم کے طور پر خدمت بجا لا رہے تھے۔ مرحوم نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے اور نوجوانوں کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اللہ تعالیٰ ان تمام مرحومین کو اپنی مغفرت و رحمت سے نوازے، ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button