کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

جولوگ قرآن کو عزت دیں گے وہ آسمان پر عزت پائیں گے

تمہارے لئے ایک ضروری تعلیم یہ ہے کہ قرآن شریف کو مہجور کی طرح نہ چھوڑ دو کہ تمہاری اسی میں زندگی ہے جولوگ قرآن کو عزت دیں گے وہ آسمان پر عزت پائیں گے۔ جو لوگ ہر ایک حدیث اور ہر ایک قول پر قرآن کو مقدّم رکھیں گے ان کو آسمان پر مقدم رکھا جائے گا۔ نوعِ انسان کے لئے رُوئے زمین پر اب کوئی کتاب نہیں مگر قرآن۔ اور تمام آدم زادوں کے لئے اب کوئی رسول اور شفیع نہیں مگر محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم۔

(کشتی نوح،روحانی خزائن جلد ۱۹صفحہ ۱۳)

آسمان کے نیچے کوئی دوسری کتاب نہیں پائی جاتی کہ جو طِبّ جسمانی اور طِبّ روحانی میں اس قدر تطابق دکھلاکر قانون قدرت کے معیار کو اپنی پیروی کرنے والوں کے ہاتھ میں دے دے اس لئے میں پورے یقین سے سمجھتا ہوں کہ قرآن شریف کے مقابل پر تمام دوسرے مذاہب ہلاک شدہ ہیں وہ منہ سے تو کہہ دیتے ہیں کہ الہامی کتاب کے لئے ضروری شرط یہ ہے کہ وہ قانون قدرت کے مطابق ہو مگر مطابق کرکے دکھلاتے نہیں اور اُن کو یہ بھی سمجھ نہیں کہ قانون قدرت کے آلہ کو استعمال کرنے کے لئے طریق کیا ہے۔ وہ خدا کے قانون قدرت کو مروڑ توڑ کر اپنے مسلّمہ عقائد کے مطابق کرنا چاہتے ہیں مگر یہ نہیں سوچتے کہ درحقیقت وہ مطابق بھی ہیں یا نہیں۔

(چشمہ معرفت،روحانی خزائن جلد۲۳ صفحہ ۱۰۳)

قرآں کتاب رحماں سکھلائے راہِ عرفاں

جو اس کے پڑھنے والے اُن پر خدا کے فیضاں

ان پر خدا کی رحمت جو اس پہ لائے ایماں

یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

ہے چشمۂ ہدایت جس کو ہو یہ عنایت

یہ ہیں خدا کی باتیں اِن سے ملے ولایت

یہ نور دل کو بخشے دل میں کرے سرایت

یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

قرآں کو یادرکھنا پاک اعتقاد رکھنا

فکر معاد رکھنا پاس اپنے زاد رکھنا

اکسیر ہے پیارے صدق و سداد رکھنا

یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

(مجموعہ آمین، روحانی خزائن جلد۱۷ صفحہ ۴۹۳)

مزید پڑھیں: استغفار کی حقیقت

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button