ربوہ کا موسم(۲۴تا۳۰؍اپریل ۲۰۲۶ء)
۲۴؍ اپریل جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت آسمان پرہلکے بادل موجود تھے اور ہوا بند تھی، دن چڑھنے کے ساتھ ہی آہستہ آہستہ بادل کچھ ہلکے ہونے شروع ہوگئے تاہم بعد دوپہر پھر اپنی جگہ آموجود ہوئے، بادلوں اور ہلکی ہوا کی وجہ سے دن خوشگوار گزرا۔ ہفتہ کو صبح ہی سے ہوا چل رہی تھی جس کی وجہ سے گرمی میں فرق پڑ گیا تھا۔ سر شام ہی یہ ہوا تیز ہوگئی اور جھکڑ چلنا شروع ہوگیا جس میں مٹی کی بھی آمیزش تھی، کچھ دیر بعد ہوا نے نارمل رفتار پکڑ لی تاہم ساتھ ہی فضا میں خنکی بھی داخل ہوگئی اور رات ٹھنڈی بن گئی۔ اتوار کو بھی ہوا جاری و ساری تھی، آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج خوب چمک رہا تھا، دھوپ کی تمازت میں ہوا کی وجہ سے کچھ کمی واقع ہوگئی۔ سوموار کو فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادلوں کی ایک تہ موجود تھی جس کی وجہ سے خوب چمکتا ہوا سورج دھوپ کو پوری طرح زمین پر بکھیر نہ سکا۔ شام کے وقت ہوا نے اپنا رنگ جمایا اور موسم کو خوشگوار کردیا۔
منگل کو گرم دن تھا، آسمان بادلوں سے خالی ہونے کی وجہ سے سورج کو اپنی کرنیں زمین پر بھیجنے کا موقع مل گیا، اُس نے خوب دھوپ بکھیرے رکھی۔ لیکن شام کے وقت بادل آگئے اور ساتھ ہوا کو بھی لیتے آئے۔ رات دس بجے کے قریب بارش شروع ہوگئی، منگل اور بدھ کی درمیانی شب بارش برسنا شروع ہوئی اور صبح تک جاری رہی۔ بدھ کا دن گذشتہ رات کی بارش کی وجہ سے خوشگوار گزرا تھا، دن بھر ہلکی ہوا چلتی رہی۔ لیکن رات کے وقت اچانک یہ خراماں خراما ں چلتی ہوا تیز ہوگئی اور اس میں ٹھنڈ کا عنصر بھی آگیا۔ یہ تیز اور سرد ہوا ساری رات چلتی رہی اور موسم خوشگوار بن گیا۔ جمعرات کو آسمان پر ہلکے بادل موجود تھے لیکن دن میں گرمی خوب رہی، تاہم ہلکی ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے اس کا زور نہ چل سکا اور موسم اچھا بنا رہا۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۴؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)




