سیرالیون میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد
اللہ کے فضل سے باقی دنیا کی طرح سیرالیون میں بھی ۲۰؍فروری کو یوم مصلح موعود منایا گیا۔ یاد رہے کہ اس دفعہ یہ بابرکت دن نہایت ہی مقدس مہینے رمضان المبارک میں آیا اور یوں احباب کو مزید برکات سمیٹنے کا موقع ملا۔ اکثر پروگرام رمضان المبارک کی دیگر مصروفیات کی وجہ سے نماز عصر کے بعد کيے گئے۔ اسی طرح احباب نے یوم مصلح موعود کی مناسبت سے ایم ٹی اے پر نشر ہونے والے پروگرامز سے استفادہ کیا۔ پورے ملک میں جماعتوں کے علاوہ احمدیہ سکولز میں بھی جلسہ ہائے مصلح موعود منائے گئے جن میں احمدی اور غیر از جماعت کی ایک کثیر تعداد شامل ہوئی۔ یاد رہے کہ خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ سیرالیون کے تمام ریجنز کی مختلف جماعتوں میں جلسہ یوم مسیح موعود، یوم مصلح موعود اور یوم خلافت باقاعدگی سے منائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ یوم مصلح موعود کی مناسبت سے آن لائن لائیو پروگرام کيے گئے ۔ لجنہ اماء اللہ نے بھی آن لائن پروگرام کیا جس میں ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میں منعقد یوم مصلح موعود میں مکرم امیر صاحب سیرالیون نے شرکت کی اور حاضرین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: گنی بساؤ کے مختلف ریجنز میں جلسہ یوم مصلح موعود کا نہایت شاندار اور بابرکت انعقاد




