حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دست مبارک سے عبرانی ترجمۂ قرآن کا اجرا اور ’’دس شرائطِ بیعت‘‘ اور ’’الوصیت‘‘ کی موبائل ایپلی کیشنز کا افتتاح
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت ہفتہ ۳۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب، انچارج الاسلام ٹیم کو شرفِ ملاقات عطا فرمایا۔ اس ملاقات میں مختلف الاسلام پراجیکٹس کی پیش رفت حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں ہدایت اور دعاؤں کے حصول کے لیے پیش کی گئی۔
ان پیش رفتوں میں یہ امر بھی شامل تھا کہ متعدد بڑی کتب مثلاً روحانی خزائن اور ملفوظات میں اب قرآنِ کریم کی آیات کو براہِ راست کتاب کے اندر سے قابلِ کلک (clickable) بنا دیا گیا ہے۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں لفظ ’’استقامت‘‘ کے ملفوظات میں تلاش کے نتائج دکھائے گئے، جس کے نتیجے میں اس لفظ اور متعلقہ آیات پر مشتمل پہلا صفحہ سامنے آیا۔

حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے readhadith.app پر موجود متعدد فیچرز کے بارے میں استفسار فرمایا، جن کے جوابات ڈاکٹر صاحب نے پیش کیے۔ اس کے بعد الاسلام کے قرآن سیکشن میں حال ہی میں شامل کیا جانے والا عبرانی ترجمۂ قرآن بھی حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں پیش کیا گیا، جس کا بابرکت اجرا حضور نے اپنے دستِ مبارک سے فرمایا۔

اسی طرح دس شرائطِ بیعت اور الوصیت کی ایپلی کیشنز کی عملی نمائش بھی پیش کی گئی، جن کا افتتاح حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دستِ مبارک سے فرمایا۔

الاسلام ٹیم عاجزانہ طور پر دعا کی درخواست کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت خلیفۃ المسیح کی ہدایات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حضورِ انور کی دعاؤں کا وارث بنائے رکھے۔
(رپورٹ: قمر سلیمان۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ، الاسلام)