افریقہ (رپورٹس)

کاسوا (Kasoa) جماعت،گریٹر اکراریجن، گھانا میں ’’نظام وصیت‘‘کے موضوع پر ایک تعارفی پروگرام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے کاسوا (Kasoa) زون (جو انتظامی لحاظ سے گریٹر اکرا ریجن میں شامل ہے) کی سنٹرل مسجد میں مورخہ ۱۲؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار ’’نظام وصیت‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ جماعتی تعارفی پروگرام ہوا جس میں کاسوا ساؤتھ، ویجا (Weija)، بورچیانو (Bortiano) اور کاسوا ویسٹ سرکٹس کی جماعتیں شامل ہوئیں۔

پروگرام کا آغاز سوا دس بجے تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا۔ بعدہٗ زونل صدر کاسوا زون نے معزز مدعووین کی خدمت میں استقبالیہ پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر ’’وصیت کی نئی درخواستیں اور ان سے متعلقہ امور‘‘پر معلم الحسن رضوان اللہ نمبو (Numbu) صاحب نے مقامی زبانTwi میں کی جس میں بالوضاحت وصیت فارم اور اسے پُر کرنےکے مراحل پر ترتیب وار روشنی ڈالی۔ دوسری تقریر ’’مرحوم موصیان اور ان کی تدفین سے متعلق عمومی ہدایات‘‘ کے موضوع پر مولوی فرید احمد اوٹینگ ایووسی(Oteng Ewusi) صاحب وصیت سیکرٹریٹ، گھانا نے کی۔ تیسری اور آخری تقریر ’’نظام وصیت اور اس کی برکات‘‘ کے عنوان پر مکرم مولوی نعیم احمد محمود چیمہ صاحب انچارج وصیت سیکرٹریٹ، گھانا نے کی جس میں آپ نے نظام وصیت کا تعارف، وصیت کی اہمیت، وصیت اور نظام خلافت کا تعلق نیز نظام وصیت کی برکات بیان کیں۔ اس موقع پر رسالہ الوصیت کا تعارف بھی کروایا گیا۔ جماعت احمدیہ گھانا نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی وصایا کی تحریک پر بھرپور لبیک کہا اور اب بفضل اللہ تعالیٰ گھانا میں بھی موصیان کی تعدا د ہزاروں میں پہنچ چکی ہے اور نئی وصایا کےليے بھی درخواستیں آتی رہتی ہیں۔ تاہم ابھی مزید بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔ اس دوران اجلاس کو گرمانے کےليے کاسوا زون کے احباب نے مقامی زبان Twi میں نغمات احمدیت بھی پیش کيے۔

اجلاس کے آخر میں وقفۂ سوالات رکھا گیا جس میں خواتین و حضرات نے سوالات کيے۔ یہ سوالات زیادہ تر وصیت کی منظوری، فارم ج، شرح چندہ، وصایا کی منظوری میں تاخیر، مرحوم موصیان کا حصہ جائیداد، طلبہ کی وصیت، کم آمدن والے افراد کی وصیت اور وصیت کے بارے میں عمومی معلومات پر مشتمل تھے جن کے مکرم مولوی نعیم محمود احمد چیمہ صاحب نے بالتفصیل جواب دیے۔ پروگرام میں خواتین و حضرات کی کل حاضری بشمول انصار، خدام، ناصرات و لجنہ اماء اللہ ۱۵۰؍سے زائد رہی۔

آخر میں مکرم صدر اجلاس اور زونل پریذیڈنٹ کاسوا زون نے جملہ حاضرین اور خصوصی مہمان مقرر (مولوی نعیم محمود احمد چیمہ صاحب)، زونل مشنری مولوی محمد حذیفہ صاحب اور ریجنل مبلغ مولوی مسرور احمد صاحب مظفر اور دیگر معززین و حاضرین کا شکریہ اد اکیاکہ انہوں نے آج کے اس جماعتی پروگرام کو کامیاب بنایا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ پھر سہ پہر اڑھائی بجے نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ پروگرام کا اختتام پونے تین بجے ہوا۔ بعدہٗ جملہ حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ اور کھانا پیش کیا گیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button