نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۹؍مئی ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ بشری ٰصادقہ بھٹی صاحبہ اہلیہ مکرم کبیر احمد بھٹی صاحب مرحوم (جلنگھم۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ بشریٰ صادقہ بھٹی صاحبہ اہلیہ مکرم کبیر احمد بھٹی صاحب مرحوم (جلنگھم۔ یوکے)

2؍مئی 2026ء کو90 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت قاضی ضیاء الدین صاحب رضی اللہ عنہ کی پڑپوتی، حضرت قاضی عبدالرحیم صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی اور حضرت امۃ الرحمٰن صاحبہ رضی اللہ عنہا کی نواسی تھیں۔ آپ کی پیدائش دسمبر 1935ء میں نیروبی ایسٹ افریقہ میں ہوئی۔ بعد ازاں اپنے میاں اور بچوں کے ساتھ 1972ء سے جلنگھم(یوکے) میں رہائش پذیر تھیں۔مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار،خلافت سے گہرا تعلق رکھنے والی،حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھنے والی،سادہ طبیعت کی مالک، غریب پرور، بڑی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔اپنے چندوں کے علاوہ خاندان کے کئی افراد کی طرف سے چندہ تحریک جدید ادا کیا کرتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور تین بیٹیاں اور پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں اور ان کے بچے شامل ہیں۔ آپ مکرم ڈاکٹر شبیر احمد بھٹی صاحب (نائب امیر یوکے) کی والدہ اور مکرم فہیم احمد بھٹی صاحب (کارکن دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے) کی خوش دامن تھیں۔ آپ کی ساری اولاد خلافت اور جماعت کے ساتھ اخلاص و وفا کے ساتھ وابستہ ہے۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم ظفر احمد گلبرگی صاحب (مبلغ سلسلہ۔ قادیان)

27؍مارچ 2026ء کو 54 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ ا ٓپ کا اصل تعلق یادگیر صوبہ کرناٹک سے تھا۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا مکرم عبد الحمید گلبرگی صاحب کے ذریعہ آئی۔ مرحوم کو جامعہ احمدیہ قادیان سے 1994ء میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد ممبیٔ صوبہ مہاراشٹرا اور صوبہ اترپردیش کے علاوہ قادیان کے مختلف دفاتر میں خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، صابر و شاکر،منکسرالمزاج،نیک اور مخلص انسان تھے۔ جماعت اور خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔ مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۲۔مکرم ڈاکٹر عطاء اللہ مہر صاحب ابن مکرم الحاج اللہ بخش بھٹی صاحب( ملتان شہر)

19؍مارچ 2026ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے 1964ء میں بی ایس سی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب میں بطور فزیو تھراپسٹ ملازمت کی۔ دوران سروس آپ کو 6مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوئی۔ جن میں سے ایک حج حضرت چودھری سر محمد ظفراللہ خان صاحب کے ہمراہ کیااور انہیں اپنے گھر میں ٹھہرایا۔جب شاہ فیصل نے احمدیوں پر پابندی لگائی تو آپ کو 48 گھنٹے میں سعود ی عرب چھوڑنا پڑا۔ پاکستان آکر نشتر ہسپتال میں بطور فزیو تھراپسٹ ملازمت شروع کردی۔ 1974ء میں نشتر ہسپتال میں طلبہ نے آپ پر شدید تشدد کیا اور بظاہر مُردہ حالت میں چھوڑ کر چلے گئے لیکن اللہ تعالیٰ نے آپ کو معجزانہ طور پر شفا عطافرمائی۔ آپ نے صدر جماعت ملتان کینٹ، سیکرٹری رشتہ ناطہ ملتان شہر اورسیکرٹری وصایا ضلع ملتان کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ جماعت اور خلافت سے بےانتہا محبت وعقیدت کا تعلق تھا۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔

۳۔مکرم رشید احمد صاحب ایمبیسڈر (آف اسلام آباد) ابن مکرم مولوی محمد اسماعیل صاحب (آف فیصل آباد)

28؍فروری 2026ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحو م نے مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں اور اپنی Foreign Serviceکے دوران ہمیشہ جماعت سے بھی مضبوط تعلق رکھا اور مختلف رنگ میں جماعتی خدمت کی بھی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۴۔مکرم عبدالرشید چودھری صاحب (بریمپٹن، کینیڈا)

19؍مارچ 2026ء کو ۹۱ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت ماسٹر چراغ محمد صاحب رضی اللہ عنہ کے بیٹے اور حضرت چودھری امیر بخش صاحب رضی اللہ عنہ کے پوتے تھے۔ مرحوم نیک، صالح اور پابند صوم وصلوٰۃ، خداترس اور ہر ایک کے ساتھ عزت اور احترام سے پیش آنے والے ایک نیک بزرگ اور مخلص انسان تھے۔جماعتی و تنظیمی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم نے اپنی تمام زندگی جماعت اور خلافت کے ساتھ وفاداری میں گزاری۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ عائشہ اطہر صاحبہ اہلیہ مکرم اطہر ظہور بٹ صاحب (یوکے)

27؍مارچ 2026ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت قاضی محمد یوسف صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بڑی بیٹی تھیں جنہوں نے امیر جماعت صوبہ سرحد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ 15 سال پہلے لاہور سے یوکے شفٹ ہوئی تھیں۔ نماز، روزہ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، بڑی نیک، دعا گو اور عبادت گزار خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ انتہائی محبت اور وفا کا تعلق تھا۔ آپ کی اپنی کوئی اولاد نہیں تھی لیکن اپنے سب عزیز رشتہ داروں کے ساتھ بہت شفقت سے پیش آتیں اور ان کا بہت خیال رکھتی تھیں۔ مرحومہ مکرم ڈاکٹر حامداللہ خان صاحب(آف یوکے) کی کزن تھیں۔

۶۔مکرم فہیم احمدصاحب ابن مکرم چودھری مبارک احمد صاحب (ومبلڈن پارک۔یوکے)

24؍مارچ 2026ء کو 51سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے اپنی جماعت میں سیکرٹری جائیداد کے طورپر خدمت کی توفیق پائی اور حال ہی میں ناظم بازار جلسہ سالانہ مقرر ہوئے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، ملنسار، خوش اخلاق طبیعت کے مالک، بڑے فعال، مستعد اور فدائی احمدی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button