جماعت Tiefla، آئیوری کوسٹ میں احمدیہ مسجد کی تقریب سنگ بنیاد کا انعقاد
مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے فرکے ریجن (Ferkessedougou) کی ایک جماعت چیئے فلا (Tiefla) میں مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز سوموار احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔

اس جماعت میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۱۶ء میں مکرم سہاوے صاحب معلم سلسلہ اور مکرم لقمان فرید صاحب مبلغ سلسلہ کے ذریعہ سے ہوا۔ اس کے بعد وقتاً فوقتاً معلمین سلسلہ تربیت کے لیے اس گاؤں میں جاتے رہے اور ساتھ ہی اس گاؤں کے احباب جماعت نے مالی قربانی کا آغاز کر دیا اور جلسہ سالانہ کے موقع پر بھی یہاں سے احباب جاتے رہے۔
مسجد کی زمین کنبلا (Koumbala) شہر کے میئر نے جماعت کو تحفۃً دی جو کہ سڑک کے ساتھ واقع ہے اور مزید ملحقہ زمین دینے کا بھی وعدہ کیا۔
مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۶ء کو اس گاؤں میں مسجد کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم سنفو ہاشم صاحب اور ناظم انصاراللہ مکرم واتارا کریم صاحب اور چنددیگر معلمین کرام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز دعا سے ہوا۔ اس کے بعد خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ) نے مسجد کی تعمیر کی اہمیت اور مقاصد پر مختصر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں یکے بعد دیگرے مہمانان کرام نے اینٹیں رکھیں اور دعا کے ساتھ اس تقریب سنگ بنیاد کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ اس تقریب کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور مسجد کی جلد تکمیل کے سامان میسر کرے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: سینیگال میں ریفریشر کورس برائے مبلغین و معلمین کرام کا انعقاد




