گنی بساؤ کی مختلف جماعتوں میں جلسہ یوم مسیح موعود کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو رواں سال بھی ۲۳؍مارچ ۲۰۲۶ء کو ملک بھر میں نہایت جوش و خروش سے جلسہ ہائے یوم مسیح موعود منانے کی سعادت نصیب ہوئی۔

گنی بساؤ کے مختلف ریجنز اور جماعتوں میں اس دن کی مناسبت سے باقاعدہ جلسہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگرامز کا آغاز تلاوت قرآن کریم، نظم اور قصیدہ سے ہوا جس کے بعد مقررین نے نہایت ایمان افروز انداز میں حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کے اغراض و مقاصد اور آپؑ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے بالخصوص درج ذیل موضوعات پر تقاریر پیش کیں:حضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسول ﷺ، آمد مسیح موعودؑ کی نشانیاں، بعثت مسیح موعودؑ کی غرض و غایت اور حضرت مسیح موعودؑ کے ظہور کی ضرورت اور اہمیت۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک بھر کی ۱۶۵؍سے زائد جماعتوں میں یہ بابرکت پروگرامز منعقد ہوئے جن میں مجموعی طور پر ۷۴۵۱؍ سے زائد افراد شامل ہوئے۔
مزید برآں اس مبارک دن کی مناسبت سے ۷؍ریڈیو پروگرامز بھی نشر کیے گئے جن کے ذریعہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد تک بھی حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام پہنچانے کا مؤثر ذریعہ میسر آیا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے اور دنیا کے کونے کونے تک آپؑ کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)




