جلسہ سالانہ

۶۰واں جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ءرپورٹس از جلسہ گاہ مستورات

شعبہ سیکیورٹی جلسہ سالانہ یو کے

جلسہ سالانہ یوکے کا ایک اہم ترین شعبہ سیکیورٹی کا ہے۔ معاونہ صدر شعبہ سیکیورٹی کا سب سے اہم کام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی جلسہ گاہ مستورات میں تشریف آوری کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ تمام شاملینِ جلسہ مستورات اور بچوں کی حفاظت اور جلسہ گاہ کے ماحول کی حفاظت کو یقینی بنانا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ شعبہ سیکیورٹی کی ٹیم میں تقریباً ۱۰۰؍سے زائد کارکنات شامل ہیں۔ اس ٹیم کی تمام کارکنات سیکیورٹی میں تربیت یافتہ ہیں۔ کارکنات مسلسل دعاؤں کے ساتھ اس اہم ذمہ داری کو نبھاتی ہیں۔

ہر سال شعبہ سیکیورٹی اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کرتا ہے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ آنے والوں کے لیے آسانیاں بھی پیدا کی جا سکیں۔ معائنہ کے دوران حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دی گئی ہدایت کے مطابق ٹیم کو مزید اس بات کی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اپنے ماحول پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ نرم زبان کا بھی استعمال کریں۔

شعبہ سیکیورٹی کے فرائض مندرجہ ذیل ہیں:

اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنا، چوکس اور چوکناّ رہتے ہوئے خود کو ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کا لیے تیار رکھنا۔

ممبران کو سکیننگ کے خاص آلات کے استعمال کی تربیت دینا۔

شعبہ سیکیورٹی اس بات کا بھی ذمہ دار ہے کہ تمام آ نے والوں کے AIMS card اور سامان کی چیکنگ کی جائےاور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر کوئی حفاظت کے ساتھ جلسہ میں شامل ہو سکے۔

یہ انتہائی نازک اور اہم کام ہے جو محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انورکی دعاؤں سے ہی ممکن ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہر ایک کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اور تمام شاملینِ جلسہ کا آپ حافظ و ناصر ہو۔ آمین

شعبہ نظافت پرائیویٹ ٹینٹ

حدیقۃ المہدی میں رہائش کی خواہش مند ممبرات کو پرائیو یٹ ٹینٹ لگانے کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔ مستورات کی طرف بھی شعبہ نظافت قائم کیا گیا ہے جس کا کام اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لجنہ کی طرف بیت الخلاء صاف ہوں۔ اس شعبہ میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ گذشتہ سالوں میں عارضی ٹوائلٹ استعمال کیے جاتے تھے جو کے بہت کامیاب نہیں تھے اس کی جگہ اب ٹوائلٹ مارکی لگائی گئی ہےجو بہت بہتر ہے اور اس سے کام میں آسانی پیدا ہو گئی ہے۔

شعبہ نظافت کی ٹیم ۲۱؍کارکنات پر مشتمل ہے جو کے جلسہ سالانہ سے کچھ دن پہلے کام شروع کر دیتی ہے۔ لجنہ کا ایک آفس site پر ہوتا ہے تاکہ جب بھی کسی کو مدد کی ضرورت ہو تو کوئی نہ کوئی ان کی مدد کے ليے موجود ہو۔

شعبہ ضیافت

شعبہ ضیافت، لجنہ جلسہ گاہ کے اہم ترین شعبہ جات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس شعبہ کی بنیادی ذمہ داری مہمانوں کو بروقت اور منظّم انداز میں بحفاظت کھانا پیش کرنا، ان کا پُرخلوص استقبال کرنا اور انکی ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھناہے۔ اس سال بھی شعبہ ضیافت نے خدمت، حسنِ انتظام اور مہمان نوازی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔ تمام مہمانوں کے ساتھ محبت، احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آنے پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ SEND یعنی Special Educational Needs and Disabilitiesمہمانوں کو ہر مرحلہ پر اولین ترجیح دی گئی۔

ضیافت مارکی برائے بزرگ و معذور مہمانان

یہ ٹیم بزرگ، معذور اور خصوصی معاونت کے محتاج مہمانوں کو دوپہر اور رات کے کھانے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے امسال رضاکار کارکنات کی تعداد میں ۱۰؍فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ وہیل چیئر اور پُش چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے علیحدہ داخلہ اور مخصوص راستہ رکھا گیا ہے۔ ایک خصوصی استقبالیہ ٹیم کھانے کے حصول میں ضرورت مند مہمان خواتین اور سہارے کی ضرورت مند بزرگ خواتین کو ان کی نشستوں تک کھانا پہنچانے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ قطاروں میں انتظار کرنے والوں کے لیے پانی مہیا کیا جا رہا ہے اور ضرورت کے مطابق دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتریاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ کھانا تقسیم کرنے اور سٹاک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بڑی ٹیم مقرر کی گئی ہے تاکہ خدمت فوری، بلا تاخیر، بر وقت اور مؤثر ہو۔ علاوہ ازیں غذائی سامان کے ریکارڈ اور سٹاک کی نگرانی کے ساتھ بزرگ اور معذور مہمانوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

ضیافت ناشتے کی ٹیم

ناشتے کی فراہمی کے لیے ایک علیحدہ ٹیم مقرر ہے۔ اس سال ناشتے کے سٹیشنز کو اَزسرِِنَو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ مہمانوں کو کم سے کم انتظار کی زحمت کا سامنا کرنا پڑے، قطاریں مختصر ہوں اور انتظار کا وقت کم سے کم کیا جا سکے۔ ہو۔ تمام رضاکارکارکنات کو SEND کارڈز کی شناخت اور متعلقہ مہمانوں کو فوری سہولت فراہم کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔

ضیافت مدر اینڈ چائلڈ مارکی

اس ذیلی شعبہ میں تقریباً ۱۸۰؍ رضاکار کارکنات خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ چھوٹے بچوں والی ماؤں کی بہتر خدمت کے لیے کارکنات کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کھانا جلد فراہم کیا جا سکے اور مہمانوں کو کم سے کم انتظار کی زحمت کا سامنا کرنا پڑے۔

پُش چیئر استعمال کرنے والی ماؤں کے لیے ایک علیحدہ داخلی دروازہ مقرر کیا گیا ہے۔ امسال زائد فوڈ سٹیشنز، بہتر داخلی و خارجی راستے اور گرم موسم کے پیش نظر مناسب ہواداری کا انتظام کیا گیا ہے۔ امسال رضاکار کارکنات ماؤں کو کھانا اٹھانے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بھی مقرر کی گئی ہیں۔ SEND مہمانوں کو بغیر انتظار فوری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ صفائی، نظم و ضبط اور خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی کاوشیں کی جا رہی ہیں۔

ضیافت ہیلتھ اینڈ سیفٹی

یہ ٹیم ۱۵؍رضاکار کارکنات پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد غذائی تحفظ اور صحت و سلامتی کے تمام اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ ٹیم کی کارکنات نے متعلقہ تربیت مکمل کی ہوئی ہے، جو شعبہ کے کام میں عملی معاونت فراہم کرے گی۔ مزید برآں اس شعبہ کے استعمال کے لیے ایک چھوٹا فرسٹ ایڈ باکس بھی مہیا کیا گیا ہے۔

ضیافت مین مارکی

اس شعبہ میں ۱۷۶ ؍رضاکار کارکنات خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں مارکی کی تیاری، کھانے کی تقسیم، صفائی، نظم و ضبط اور ضیافت کے اختتام پر مارکی کو سمیٹنا شامل ہے۔ امسال بہتر منصوبہ بندی اور اضافی کارکنات کی بدولت کھانا زیادہ تیزی سے فراہم کیا جارہا ہے، جس سے قطاروں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ضیافت ڈسپلن

اس ٹیم میں ۵۳؍رضاکار کارکنات شامل ہیں۔ اس شعبہ کا مقصد ضیافت مارکیوں کے باہر نظم و ضبط برقرار رکھنا، قطاروں کو منظم رکھنا اور مہمانوں کا خوش اخلاقی سے استقبال کرنا ہے۔

امسال کام کوبہتر بنانے کے لیے رضاکار کارکنات کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ قطاروں کی طرف آنے والی ممبرات کی احسن راہنمائی کے لیے اضافی سائن بورڈز، بیریئرز اور میگا فون کا انتظام کیا گیا ہے۔ تمام کارکنات کو حسنِ اخلاق، حکمت اور وقار کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے کی تربیت دی گئی ہے۔ SEND پاس رکھنے والے مہمانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ بزرگ مہمانوں کی قریبی مارکیوں کی طرف راہنمائی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں غیر ضروری پیدل سفر کی دقت نہ اٹھانی پڑے۔ حفاظتی نقطۂ نظر سے تمام مہمانوں کو مارکی کے پچھلے حصے سے باہر جانے کی ہدایت دی جا رہی ہے تاکہ گرم کھانے کی موجودگی میں کسی حادثے کا اندیشہ نہ رہے۔

ورکرز ضیافت مارکی

اس شعبہ میں ۵۸؍رضاکارکارکنات خدمت سر انجام دے رہی ہیں۔ اس ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلسہ کے مختلف شعبہ جات کی کارکنات کو کھانا فراہم کریں۔ امسال انتظار کے وقت میں کمی کے لیے ایک اضافی فوڈ سروس پوائنٹ قائم کیا گیا ہے اور کھانا تقسیم کرنے کے سٹیشنز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مہمان گرم کھانے اور گرم برتنوں سے محفوظ، فاصلے پر بیٹھے ہوں۔

ٹی سٹال

خدا کے فضل و کرم سے ٹی اسٹال اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے خدمت، خوش اخلاقی اور بہترین انتظامات کا عملی نمونہ پیش کرنے کے لیے ایک بار پھر تیار ہے۔ ۱۸۴؍ کارکنات پر مشتمل ٹی سٹال کی ٹیم جلسہ سالانہ یو کے میں شامل ہونے والے مہمانوں کی خدمت میں چائے پیش کر نے میں مصروف ہے۔ چائے کے علاوہ سٹال پر مہمانوں کومختلف مشروبات بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں Lemonade، کافی، دودھ، ہاٹ چاکلیٹ اور آئسڈ کافی شامل ہیں۔ گذشتہ سال متعارف کروائی گئی مقبول گُڑ والی چائے اس سال بھی پیش کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ امسال گرم موسم کی مناسبت سے آئسڈ کافی( آئسڈ چوکو لاٹے)بھی مینیو میں شامل ہے۔ ٹی سٹا ل پر صبح فجر کی نماز کے بعد اُبلے ہوئے انڈے اور چائے بھی پیش کی جاتی ہے۔

مہمانوں کی سہولت کے لیے بزرگ خواتین کے لیے علیحدہ قطار کا انتظام ہے اسی طرح SEND کی لائن بھی مزید منظم کی گئی ہے تاکہ مشروب مقررہ افراد تک جلد اور احتیاط سے پہنچ جائے۔

(رپورٹ: شعبہ رپورٹنگ مستورات جلسہ گاہ)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button