سیرالیون میں ایم ٹی اے سٹوڈیوز کی افتتاحی تقریب
اللہ کے فضل و کرم سے ۲۳؍مئی ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ نوتعمیرشدہ ایم ٹی اے سٹوڈیوز سیرالیون کا افتتاح مکرم منیر الدین شمس صاحب مینیجنگ ڈائریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل نے کیا۔ یاد رہے کہ تقریباً دو سال پہلے مورخہ ۲۵؍اپریل ۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے سٹوڈیوز کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ یوں دو سال سے زائد عرصہ میں تعمیر و تکمیل کے مختلف مراحل سے ہوتا ہوا یہ شاندار سٹوڈیوز پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اس دوران یوکے اور دیگر ممالک سے ٹیکنکل ٹیمیں آتی رہیں اورکامیابی سے کام جاری رہا۔ مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ براہ راست ہیڈکوارٹرز سے نگرانی اور راہنمائی جاری رہی۔

افتتاحی تقریب کے ليے مینیجنگ ڈائریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل اور مکرم عمر سفیر صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے افریقہ تشریف لائے۔
افتتاحی تقریب ایم ٹی اے سٹوڈیوز سے منسلک گراؤنڈ میں ہوئی جسے خوبصورت بینرز اور فلڈ لائٹس سے سجایا گیا تھا ۔تقریب میں شرکت کے ليے ملک کی اہم شخصیات کو دعوت دی گئی تھی۔ ان میں نائب صدرمملکت سمیت وزراء، حکومتی شخصیات، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایس ایل بی سی، اراکین نیشنل عاملہ، ذیلی تنظیموں کے ہیڈ، مبلغین، جرنلسٹس اور میڈیا کے نمائندگان شامل تھے۔
مکرم ایم ڈی صاحب نے فیتہ کاٹ کر سٹوڈیوز کا افتتاح کیا جس کے بعد دعا ہوئی۔ معزز مہمان سٹوڈیوز میں تشریف لے گئے۔ مہمانوں میں مختلف وزارتوں، سرکاری محکموں اور اداروں کے نمائندگان، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان، مذہبی تنظیموں کے نمائندگان، کاروباری برادری کے افراد، سابق حکومتی عہدیداران، معزز اراکین پارلیمنٹ، اراکین نیشنل مجلس عاملہ، روایتی و قبائلی چیفس، سیکیورٹی فورسز کے نمائندگان، میڈیا ریگولیٹری اداروں کے نمائندگان اور احباب جماعت شامل تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مختلف شخصیات نے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملکی ترقی میں جماعت احمدیہ کےکردار پر روشنی ڈالی اور ایم ٹی اے سٹوڈیوز کو اس میں ایک جدید اور خوبصورت اضافہ قرار دیا۔ مجموعی طور پر جماعت کا تعلیم، صحت، زراعت اور ملک میں امن کے نہایت شاندار کردار کو واشگاف الفاظ میں بیان کیا گیا۔ خیرسگالی کے پیغامات دینے والوں میں درج ذیل شخصیات شامل تھیں جمہوریہ سیرالیون کے سابق نائب صدر عزت مآب جُلدہ جالو، وزیر اطلاعات و شہری تعلیم محترم بخاری باہ، نائب وزیر معدنیات و بحری وسائل محترم عمر نپولین کوروما، نائب وزیر امور خواتین و اطفال محترمہ بُوآکائی بندی ہنڈووا، سیکرٹری بین المذاہب کونسل، فورم آف ریلیجس باڈیز، نمائندہ انڈیپنڈنٹ میڈیا کمیشن (IMC) صدرآئی ایم سی، سیرالیون ایسوسی ایشن آف جرنلسٹس (SLAJ)، ڈائریکٹر جنرل سیرالیون براڈکاسٹنگ کارپوریشن۔ (SLBC)
مکرم امیر صاحب سیرالیون نے حاضرین سے مخاطب ہوکر ایم ٹی اے سیرالیون سٹوڈیوز کے قیام کی اہمیت اور ملک کے میڈیا کے شعبے میں اس کے مؤثر کردار پر روشنی ڈالی۔ بعد ہ ٗ ایم ڈی صاحب نے ایم ٹی اے کے قیام کے مقصد، اس کے عالمی مشن اور حضرت مسیح موعودؑ کے اس عظیم الہام کہ ’’مَیں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ پر روشنی ڈالی اور دعا کروائی۔تقریب کے اختتام پر تمام شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔

اللہ کے فضل سے ملک کے تمام اہم میڈیا ہاؤسز نے اس افتتاحی تقریب کو اپنی اہم نیوز سٹوری کے طور پر شائع کیا۔ اس تقریب کا نہایت خوشگوار اثر سارے ملک میں محسوس کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ایم ٹی اے سیرالیون کے ذریعے تمام پیاسی روحوں کی سیرابی کرے اور تمام دنیا میں اسلام احمدیت کا جھنڈا بلند سے بلند ترہوتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ:سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ میں ریفریشر کورس برائے بیگمات مبلغین ومعلمین کرام کا انعقاد




