جماعت احمدیہ گیمبیا کی اڑتالیسویں نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو مورخہ ۲۴؍مئی ۲۰۲۶ء بروز اتوار نیشنل مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
یہ اجلاس جماعت کی مرکزی جامع مسجد بیت السلام بانجل/کومبو میں منعقد ہوا۔ احباب شوریٰ کے ليے ایک دن قبل ہی آنا شروع ہوگئے تھے۔ اتوار کی صبح نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ نماز فجر کے بعد مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج گیمبیا نے شوریٰ کی اہمیت پر درس دیا۔

مجلس شوریٰ کے اجلاس کا آغاز صبح دس بجے مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور دعا کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد سیکرٹری مجلس شوریٰ نے شوریٰ کے قواعد پڑھ کر سنائے جس کے بعد صدر اجلاس کی ہدایت پر سیکرٹری مجلس شوریٰ نے جماعت احمدیہ گیمبیا پر اللہ تعالیٰ کے گذشتہ سال ہونے والے فضلوں کا مختصر سا خاکہ پیش کیا جس کے مطابق اس وقت گیمبیا میں ۱۲۴؍مساجد، ۳۴؍نماز سنٹرز، ۳۸؍مشن ہاؤسز ہیں جن میں سے ایک نئی مسجد اور دو مشن ہاؤسز کی تعمیر کی توفیق اس سال ملی ہے۔ گذشتہ سال میں قرآن کریم کی پانچ نمائشوں سے ۵۷؍ہزار ۵۰۰؍افراد مستفید ہوئے۔ تربیتی کلاسز کا انعقاد ہوا۔ ہزاروں افراد تک جماعت کا لٹریچر نیز جماعت کا پیغام پہنچا۔ ملک کے سب سے بڑے ٹریڈ فئیر میں جماعتی کتب کے سٹال کے ذریعہ ۲۷؍ہزار افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ ہزاروں غریب مستحق افراد کی مدد کی گئی۔ بیواؤں کو کھانے کا سامان دیا گیا۔ چندہ جات کی رقوم اور شاملین میں پچھلے سال کی نسبت اضافہ ہوا۔ مبلغین، معلمین، امام اور نومبائعین کا سالانہ ریفریشر کورس منعقد ہوا۔ ملک کے دارالحکومت میں مشن ہاؤس و مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس کے ليےحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےازراہ شفقت اینٹ بجھوائی تھی۔
اس کے بعد نیشنل سیکرٹری مال نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا اور پھر بجٹ پر بحث ہوئی۔ سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔
مالی بجٹ کے بعد سیکرٹری صاحب شوریٰ نے گذشتہ سال کی تجاویز پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد اس سال کی تجاویز پیش کیں اور ان کے بارے تفصیل بتائی۔
بعدازاں احباب نے جماعت کی بہتری کے ليے مختلف آراء پیش کیں۔ آخر پر امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی اور سہ پہر بارہ بج کر چالیس منٹ پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ دعا کے بعد شاملین کا گروپ فوٹو ہوا۔
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: گنی بساؤ کی جماعت بوننکارے میں مسجد بیت العلیم کا بابرکت افتتاح




