مجلس انصار اللہ ناروے کے زیر انتظام صف اول کے انصار کے ليے ’بزم انصار‘ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ناروے کو صف اوّل کے انصار کے لیے مورخہ ۳۰؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو بعد از نماز مغرب، شام سات بجے بیت النصر، اوسلو میں ’بزم انصار‘ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ حاضری ۶۵؍رہی اور ریفریشمنٹ کے لیے باربی کیو کا انتظام کیا گیا۔

صدر مجلس مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے پروگرام کی صدارت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد آپ نے بتایا کہ اس نشست کا مقصد باہمی تعارف کے ساتھ اخوت و محبت کے رشتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ آپ نے انصار کو اپنی اور اپنے بزرگوں کی زندگی کے واقعات محفوظ کرنے کے لیے سوانح حیات لکھنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر متعدد انصار نے اپنے ذاتی واقعات اور یادداشتیں بیان کیں جن سے خلافت سے محبت اور ایمان کی تازگی کے جذبات پیدا ہوئے۔ مکرم سید کمال یوسف صاحب نے قادیان کی یادیں بیان کرتے ہوئے ایک حافظ صاحب کا واقعہ سنایا جنہوں نے رمضان المبارک میں مکمل قرآن کریم حفظ کرکے نماز تراویح میں سنانے کی سعادت حاصل کی۔ مکرم عبدالغنی کھوکھر صاحب نے ربوہ کا ایک یادگار واقعہ بیان کیا کہ جب انہیں اُمّ المؤمنین حضرت اماں جانؓ کے دستِ مبارک سے تیار کردہ چائے بطور تبرک نوش کرنے کی سعادت ملی۔ مکرم قاضی منیر احمد صاحب نے اپنی اور اپنے والد محترم کی زندگی کے واقعات بیان کیے۔ مکرم خواجہ عبدالمومن صاحب نے ماضی قریب میں وفات پانے والے تین انصار، مکرم رائے عبدالقدیر صاحب مرحوم، مکرم بشارت احمد صابر صاحب مرحوم اور مکرم حافظ لطف الرحمٰن صاحب مرحوم کو اپنے منظوم کلام کے ذریعے خراجِ محبت پیش کیا۔ پروگرام میں شریک ہر ناصر کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا گیا۔ یہ نشست دو گھنٹے جاری رہی اور نماز عشاء پر اختتام پذیر ہوئی۔
(رپورٹ: رانامبشرمحمود۔ قائد عمومی مجلس انصاراللہ ناروے)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مالٹا میں ’ایمان، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی‘ کے موضوع پر ایک پروگرام


