امریکہ (رپورٹس)

شمالی کینیڈا میں ’وائسز فار پیس کانفرنسز‘ کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کیلگری، کینیڈا کے زیر انتظام مورخہ ۱۸تا ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۶ء تبلیغی دورہ شمال منعقد ہوا۔ ۲۰۰۸ء سے جاری اس سالانہ سلسلہ کے تحت داعیان الیٰ اللہ کی ٹیم کینیڈا کے شمالی علاقوں، بشمول البرٹا، برٹش کولمبیا اور نارتھ ویسٹ ٹیریٹریز کے دور دراز شہروں میں اسلام کا پیغام امن پہنچاتی، بین المذاہب مفاہمت کو فروغ دیتی اور مقامی راہنماؤں و باشندوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرتی ہے۔

امسال اس بابرکت قافلے میں ۲۶؍افراد شامل تھے جنہوں نے پانچ دنوں میں چار ہزار کلومیٹر سے زائد مسافت طے کی۔

وائسز فار پیس کانفرنسز:امسال گرینڈ پریری اور پیس ریور (البرٹا)، ڈاسن کریک (برٹش کولمبیا)، ہے ریور اور یلو نائف (نارتھ ویسٹ ٹیریٹریز) میں کانفرنسز منعقد ہوئیں۔ ڈاسن کریک، پیس ریور اور یلو نائف میں مقامی قیادت کی مشاورت سے رہائش کے بحران، منشیات، ماحولیاتی مسائل اور معاشی غیر یقینی صورت حال جیسے موضوعات منتخب کیے گئے۔ میئرز، مقامی اقوام کے چیفس، مذہبی راہنماؤں اور ماہرین تعلیم نے ان پروگراموں کی تیاری اور انعقاد میں تعاون کیا۔

گرینڈ پریری میں کانفرنس کا موضوع ’’ایک ہمدرد معاشرے کی تشکیل: محبت، ہمدردی اور اجتماعی روح کے تناظر میں‘‘ تھا۔ مختلف مذہبی اور غیر مذہبی پس منظر کے مقررین نے جماعت احمدیہ کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کی روشنی میں معاشرتی مسائل اور باہمی تعاون کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔

ٹیم ۱۸؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک مسجد بیت النور، کیلگری میں جمع ہوئی اور نماز عصر کے بعد دعا کے ساتھ ایڈمنٹن روانہ ہوئی جہاں مقامی جماعت نے میزبانی کی۔ اگلی صبح ویلی ویو پہنچ کر ٹیم تین گروپس میں تقسیم ہوئی اور گرینڈ پریری، پیس ریور اور ڈاسن کریک کے لیے روانہ ہوگئی۔ ہفتہ ۱۹؍ستمبر کو تینوں شہروں میں بیک وقت کانفرنسز منعقد ہوئیں۔

گرینڈ پریری، البرٹا:گیارہویں سالانہ وائسز فار پیس کانفرنس نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنک میں منعقد ہوئی۔ معروف مورخ پروفیسر ڈاکٹر ڈف کریرار نے نظامت کی۔ مختلف سماجی اور مذہبی پس منظر کے مقررین نے اظہار خیال کیا جبکہ مکرم عمیر خان صاحب نے اسلامی نقطۂ نظر پیش کیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے تقریب کی تشہیر کی اور اسے براہ راست نشر بھی کیا۔

ڈاسن کریک، برٹش کولمبیا:آٹھویں سالانہ کانفرنس نادرن لائٹس کالج میں منعقد ہوئی جس کی نظامت معروف مقامی صحافی جناب راب براؤن نے کی۔ مکرم مصور باجوہ صاحب نے اسلامی جبکہ ریورنڈ میریلن کیرل نے مسیحی نقطۂ نظر پیش کیا۔ مقامی اخبارات اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ نے تقریب کی کوریج کی اور منتظمین کے انٹرویوز شائع کیے۔

پیس ریور، البرٹا:دسویں سالانہ کانفرنس ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کی نظامت میئر محترمہ شیلی شینن نے کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال پروگرام کو نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی۔ فادر کارنیلیو اسگویئرا نے کیتھولک برادری کی نمائندگی کی جبکہ ہمسایہ قصبے گرمشاء کی میئر محترمہ سٹیسی میسنر نے بھی شرکت کی اور شاملین سے مخاطب ہوئیں۔ مکرم ظاہر احمد صاحب نے اسلامی نقطۂ نظر پیش کیا۔ حاضرین میں نمایاں سماجی شخصیات اور میونسپل لائبریری کی ڈائریکٹر بھی شامل تھیں۔

تقریب کے مثبت اثرات کے نتیجے میں میئر صاحبہ نے آئندہ سال کے پروگرام کی منصوبہ بندی شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی جبکہ ایک بڑی مقامی سماجی تنظیم نے ۲۰۲۷ء کی کانفرنس میں شمولیت کی دلچسپی ظاہر کی۔

یلو نائف، نارتھ ویسٹ ٹیریٹریز:اتوار ۲۰؍ستمبر کو سترہویں سالانہ کانفرنس پرنس آف ویلز نادرن ہیریٹیج سینٹر میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی میئر گیرٹ کاکرین نے نظامت کی جبکہ سی بی سی نارتھ کے سابق براڈکاسٹر جناب پال اینڈریو مہمان خصوصی تھے۔ چیف برتھا ربیسکا زو اور فادر لوقا برالڈی نے شرکت کی۔ مکرم عمیر خان صاحب نے اسلامی نقطۂ نظر پیش کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے کانفرنس کو غیر معمولی پذیرائی ملی۔ ہال سامعین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور بعض افراد نے پورا پروگرام کھڑے ہو کر سنا۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے نمایاں کوریج کی اور رضاکاروں نے پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

سوموار ۲۱؍ستمبر کو KFN ریزرو پر واقع چیف سن رائز ایجوکیشن سینٹر میں احمدیہ مسلم سکول کیلگری اور چیف سن رائز سکول کے اشتراک سے آن لائن نشست منعقد ہوئی۔

تلاوت قرآن کریم کے بعد احمدیہ مسلم سکول کیلگری کی پرنسپل مکرمہ عدیلہ منیر صاحبہ نے ماحول اور قدرتی وسائل کے تحفظ سے متعلق اسلامی تعلیمات پیش کیں۔ بعدازاں سائنسی اور ماحولیاتی موضوعات پر تقاریر اور مشترکہ ذمہ داری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ دونوں سکولوں کے طلبہ اور خاندانوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملا۔ ہے ریور کی میئر محترمہ کینڈس جیمی سن اور متعدد مقامی بزرگوں نے بھی شرکت کی۔

اسی روز سابق چیف محترمہ ایپرل مارٹل نے وفد کو KFN ریزرو کے تاریخی ورثے اور سینڈی کریک کے بیابانی کیمپ کی سیر کروائی۔ منگل کی صبح واپسی کا سفر شروع ہوا اور ٹیم ۱۳۰۰؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اسی رات بخیریت کیلگری پہنچ گئی۔ (رپورٹ:کلیم احمد۔کیلگری، کینیڈا)

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ ناروے کے زیر انتظام صف اول کے انصار کے ليے ’بزم انصار‘ کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button