سمرقند:رجالِ فارس کی سرزمین(قسط دوم۔ آخری)
(م۔ف۔ملک)
’’حضرت عالی سیّدنا و مولانا صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بطور پیشگوئی فرماچکے ہیں کہ ’’اِس اُمّت پر ایک زمانہ آنے والا ہے جس میں وہ یہودیوں سے سخت درجہ کی مشابہت پیدا کرلے گی… تب فارس کی اصل میں سے ایک ایمان کی تعلیم دینے والا پیدا ہوگا۔ اگر ایمان ثریّا میں معلّق ہوتا، تو وہ اُسے اس جگہ سے بھی پالیتا‘‘۔ یہ پیشگوئی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے جس کی حقیقت الہامِ الٰہی نے اِس عاجز پر کھول دی اور تصریح سے اُس کی کیفیت ظاہر کردی اور مجھ پر خدا تعالیٰ نے اپنے الہام کے ذریعہ سے کھول دیا کہ حضرت مسیح بن مریم بھی درحقیقت ایک ایمان کی تعلیم دینے والا تھا جو حضرت موسیٰ سے چودہ سو۱۴۰۰ برس بعد پیدا ہوا…پس جبکہ اس اُمّت کو بھی اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے عہد پر چودہ سو۱۴۰۰ برس کے قریب مدّت گذری تو وہی آفات اِن میں بھی بکثرت پیدا ہوگئیں جو یہودیوں میں پیدا ہوئی تھیں۔ تا وہ پیشگوئی پوری ہو جو اِن کے حق میں کی گئی تھی۔ پس خدا تعالیٰ نے اِن کیلئے بھی ایک ایمان کی تعلیم دینے والا مثیلِ مسیح اپنی قدرتِ کاملہ سے بھیج دیا ‘‘ (حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام)
[گذشتہ سے پیوستہ]حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آباء و اجداد سمرقند سے ہجرت کرکے ہندوستان آباد ہوگئے۔ اور یہ واقعہ مغلیہ سلطنت کے آغاز میں ہوا۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ اپنے خاندان کے سمرقند سے ہندوستان ہجرت کرکے آنے کے بارے میں لکھتے ہیں: ’’مجھے کچھ معلوم نہیں کہ کیوں اور کس وجہ سے ہمارے بزرگ سمرقند سے اس ملک میں آئے۔ مگر کاغذات سے یہ پتہ ملتا ہے کہ اس ملک میں بھی وہ معزّز امراء اور خاندان والیان ملک میں سے تھے اور انہیں کسی قومی خصومت اور تفرقہ کی وجہ سے اس ملک کو چھوڑنا پڑا تھا۔ پھر اس ملک میں آکر بادشاہ وقت کی طرف سے بہت سے دیہات بطور جاگیر ان کو ملے۔ چنانچہ اس نواح میں ایک مستقل ریاست ان کی ہوگئی۔‘‘ (کتاب البریہ، روحانی خزائن جلد۱۳ صفحہ ۱۶۴، ۱۶۵حاشیہ)
ایک اَور جگہ آپؑ نے فرمایا: ’’ہمارے خاندان کی قومیت ظاہر ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ قوم کے برلاس مغل ہیں اور ہمیشہ اس خاندان کے اکابر امیر اور والیان ملک رہے ہیں وہ سمرقند سے کسی تفرقہ کی وجہ سے بابر بادشاہ کے وقت میں پنجاب میں آئے اور اس علاقہ کی ایک بڑی حکومت ان کو ملی اور کئی سودیہات ان کی ملکیت کے تھے۔ ‘‘(تریاق القلوب، روحانی خزائن جلد ۱۵ صفحہ ۲۷۳ حاشیہ)
ان دونوں جگہوں پر حضورؑ نے اپنے خاندان کی ہجرت کے بارے میں جو کچھ بیان کیا ہے اس سے درج ذیل باتیں سامنے آتی ہیں:
۱۔ حضورؑ کا خاندان بابر کے زمانہ میں سمرقند سے ہندوستان آکر آباد ہوگیا۔
۲۔ نامعلوم وجوہات یا پھر کسی تفرقہ کی بنا کر یہ خاندان سمرقند سے ہجرت کر گیا۔
۳۔ یہ اکابر، امراء سے تعلق رکھنے والا معزّز خاندان تھا۔ جو وہاں بھی معزّز تھا اور ہندوستان میں بھی آکر اس خاندان کو جاگیریں عطا ہوئیں۔
جب ہم مغلیہ خاندان کی تاریخ کو دیکھتے ہیں تو ان تینوں امور کی تاریخی شہادت ہمیں مل جاتی ہے۔ تاریخ سے معلوم ہوتا ہےکہ بابر بادشاہ کے زمانے میں بہت سے لوگ جو میرزا کہلاتے تھے اور سمرقند وغیرہ کے علاقے سے تعلق رکھتے تھے وہ خاص بابر کی تحریک پر وہاں سے ہجرت کرکے ہندوستان آگئے۔ اس کی ایک وجہ تو مغلوں کی ہندوستان میں حکومت قائم ہوجانا تھا اور دوسرا ازبکوں نے سمرقند پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں مظالم شروع کر دیے تھے۔ اور جو لوگ بھی سمرقند، بخارا، ماوراءالنہر کے علاقوں سے ہجرت کرکے ہندوستان آئے تھے ان معزّز خاندانوں کو یہاں حکومت کی طرف سے انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ ذیل میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بات کی تائید میں چند حوالہ جات پیش کردیتا ہوں۔
اس بارے میں سب سے بڑی شہادت تو بابر کی بیٹی اور ہمایوں کی بہن گلبدن بیگم کی ہے جو کہ شہزادی ہونے کے ناطے اوّلین ماخذ (First Hand Source) ہے۔ اس نے اپنی کتاب ’’ہمایوں نامہ‘‘ میں لکھا ہے کہ کس طرح ان کے والد نے سمرقند اور ولایت کے خاندانوں کو نقد خزانے، جاگیریں اور جائیدادیں بھیجیں اور ہندوستان بلا کر آباد کیا۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’حضرت باشاہ (بابر) نے ہمایوں مرزا اور دوسرے مرزوں اور سلطانوں اور امراء کو انعامات عطاکئے نیز انہوں نے تمام اکناف و اطراف میں خطوط بھجوائےکہ جو کوئی ہماری ملازمت میں داخل ہوگا ہم اس پر کمال مہربانی فرمائیں گے۔ … اور جو صاحبقراں امیر تیمور یا چنگیز خان کی نسل سے ہو وہ ہمارے حضور میں آئے، خدا نے ہندوستان کا ملک ہمیں عطا کیا ہے، وہ آئیں تاکہ ہم سب مل کر اس دوست سے بہرہ اندوز ہوں۔‘‘(ہمایوں نامہ، مؤلفہ: گلبدن بیگم صفحہ ۳۳)
اس سے واضح ہے کہ امیر تیمور کی نسل اور اس کے خاندان کو ہندوستان آکر آباد ہونے اور اس مفتوحہ ملک سے حصہ پانے کے لیے خود ہندوستان کے بادشاہ بابر نے دعوت دی تھی۔ نیز یہ بھی واضح ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا خاندان بھی مغل تھا اور امیر تیمور کی نسل سے تھا۔

پھر عبد القادر بدایونی نے اپنی کتاب ’’منتخب التواریخ‘‘ میں سلطنتِ بابر کے تذکرے میں اس بات کو بیان کیا ہے کہ فتحِ ہند کے بعد سمرقند، کاشغر اور خراسان کے لوگوں کو انعامات بھیجے۔
اسی طرح بابر نے اپنی خود نوشت سوانح میں بھی ازبکوں کے مظالم کا ذکر کیا ہے۔ اور مغل دَور کی مشہور کتاب تاریخِ رشیدی میں ازبکوں، شیبانیوں کے سمرقند میں مظالم کا ذکر ہے جس کی وجہ سے بہت سے معزّز لوگ بابر کے پاس کابل آکر آباد ہوگئے اور بعد میں ہندوستان، کاشغر وغیرہ میں جا کر مستقل آبا د ہوئے۔ مؤرخین نے اپنی کتابوں میں جا بہ جا اس بات کا ذکر کیا ہے کہ بابر کے آتے ہی معزّزین اور اشرافیہ کے وہ لوگ حکومت میں آگئے جن کا تعلق وسطی اشیائی ممالک سے تھا۔
مغل بادشاہوں کے متعلق کیمبرج یونیورسٹی پریس کی جانب سے شائع ہوئی کتاب میں بھی یہ بات واضح لکھی ہے کہ امیر تیمور کے خاندان کے لوگ ۱۵۰۴ء میں بابر کے کابل فتح ہونے کے بعد اس کے پاس آگئے تھے۔ اور بعد میں پھر یہی لوگ ہندوستان آکر آباد ہوگئے۔ مصنف لکھتا ہے کہ
’’He invited tribes and clans that had been displaced by the surging Uzbeks to come and settle in regions under his control. Babur rewarded his fractious Timurid relatives when they served him well… Over the next two decades, up to his departure for India in 1525–6, he built up a diverse coalition of allies in Kabul through a combination of benefaction, intimidation, and vengeance. Besides Timurids and Afghans, these allies included Uzbeks, Badakhshanis, Hazaras, Chaghatais, Mughals, sundry other Turko-Mongol groups, Tajiks, Baluch, Ghakkars, Janjuas, and even the occasional Hindu.‘‘ (Munis D. Faruqi , The Princes of the Mughal Empire , 1504-1719, pg: 49, Cambridge University Press, USA 2012)
ترجمہ: ’’اس نے اُن قبائل اور خاندانوں کو، جواُبھرتی ہوئی ازبک طاقت کے باعث اپنے علاقوں سے بےدخل ہو گئے تھے، دعوت دی کہ وہ آ کر اس کے زیرِ اقتدار علاقوں میں آباد ہو جائیں۔ بابر اپنے تیموری رشتہ داروں کو بھی، جب وہ اس کی خدمت میں اچھی کارکردگی دکھاتے، انعام و اکرام سے نوازتا تھا۔ …اگلی دو دہائیوں کے دوران، یعنی ۱۵۲۵ء–۱۵۲۶ء میں ہندوستان روانگی تک، اس نے کابل میں اپنے حلیفوں کا ایک متنوّع اتحاد قائم کر لیا۔ اس اتحاد کو اس نے عطیات و عنایات، دھمکی اور انتقام تینوں ذرائع کے امتزاج سے تشکیل دیا۔ اس کے حلیفوں میں تیموریوں اور افغانوں کے علاوہ ازبک، بدخشان کے باشندے، ہزارہ، چغتائی، مغل، دیگر مختلف ترک و منگول گروہ، تاجک، بلوچ، غلکار، جنجوعہ اور حتیٰ کہ کبھی کبھار کوئی ہندو بھی شامل ہوتا تھا۔ ‘‘
ان حوالہ جات سے معلوم ہوتا ہے کہ بابر کے زمانےمیں بہت سے مغل اور معزّز خاندان جو سمرقند وغیرہ سے تعلق رکھتے تھے یا امیر تیمور کی نسل سے تھے وہ ہندوستان آکر آباد ہوئے وہاں کی طرح یہاں بھی معزّز شمار ہوئے، انہیں جائیدادیں عطا ہوئیں اور اعلیٰ خاندانوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ بلکہ اقتدار عالم خان نے ایک تحقیقی مضمون میں ہمایوں کے ۱۵۵۵ء میں ہندوستان واپسی کے وقت اس کے ساتھ آنے والے امراء کا تجزیہ کیا ہے۔ مصنف کے مطابق اس فہرست میں تورانی (Turanis) تقریباً ۵۲.۹؍فیصد تھے۔
(Iqtidar Alam Khan, “The Nobility under Akbar and the Development of his Religious Policy, 1560–80,” Journal of the Royal Asiatic Society.)
یہاں یہ واضح ہو کہ مغلیہ دور کی درباری اصطلاح میں ’’تورانی‘‘ (Tūrānī) سے عموماً وسطی ایشیا، خصوصاً ترک زبان بولنے والے علاقوں سے آنے والے امراء مراد تھے۔ اس وسیع گروہ میں ماوراءالنہر کے مختلف علاقوں، مثلاً سمرقند، بخارا، فرغانہ، بلخ اور بدخشان سے آنے والے افراد شامل تھے۔ برلاس، جو تیموری سیاسی روایت سے وابستہ ایک ترک-منگول قبیلہ تھا، کے وہ افراد جو وسطی ایشیا سے مغلیہ ہندوستان آئے، اسی وسیع تر تورانی اشرافیہ کا حصہ شمار کیے جاسکتے ہیں۔ لفظ تورانی دو الفاظ کا مجموعہ ہے ترک و ایرانی۔

یہاں یہ اعتراض بھی دور ہو جاتا ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر کیا جاتا ہے کہ آپؑ فارسی النسل نہیں۔ بلکہ مغل اور منگول ہیں۔ یا چینی النسل ہیں۔
اس اعتراض کا اصولی جواب تو گزر چکا ہے کہ عربی زبان میں فارس کا لفظ تمام غیر عرب اور عجم کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ دوسرا فارس کا علاقہ ایک وسیع تر علاقہ تھا اس سے مراد آج کل کا ایران یا ایرانی صوبہ فارس لینا درست نہیں۔ اس لیے ابنائے فارس والی پیشگوئی ضرور آپؑ پر پوری ہوتی ہے۔
دوسرا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے خود بھی اس کا جواب دیا ہے کہ ’’ بظاہر سمجھا گیا ہے یہ خاندان مغلیہ خاندان کے نام سے شہرت رکھتا ہے لیکن خدائے عالم الغیب نے جو دانائے حقیقت ِحال ہے بار بار اپنی وحیِ مقدّس میں ظاہر فرمایا ہے جو یہ فارسی خاندان ہے اور مجھ کو ابناءِ فارس کرکے پکارا ہے۔ … اِن تمام کلماتِ الٰہیہ سے ثابت ہے کہ اِس عاجز کا خاندان دراصل فارسی ہے نہ مُغلیہ۔ نہ معلوم کِس غلطی سے مغلیہ خاندان کے ساتھ مشہور ہوگیا۔ …بہرحال جو کچھ خدا نے ظاہر فرمایا ہے وہی درست ہے۔ انسان ایک ادنیٰ سی لغزش سے غلطی میں پڑ سکتا ہے مگر خدا سہو اور غلطی سے پاک ہے ‘‘
تیسری بات یہ ہے کہ تاریخ کی کتابوں میں دیکھیں تو بھی معلوم ہوگا کہ آپؑ کا خاندان در اصل فارسی النسل ہی تھا۔ برلاس قبیلے یا امیر تیمور کو تاریخ میں غلط طور پر منگولوں یا چینیوں سے منسوب کیا گیا ہے۔ تاریخی غلطی کی بنا پر یہ خاندان مغلیہ سمجھا گیا یا پھر منگولی خاندان سے اس کو نسبت دی گئی۔ ذیل میں اس بارے میں تاریخی شواہد بھی پیش ہیں۔
سب سے اہم شاہد تو امیر تیمور کا ہے۔ امیر تیمور کو غلطی سے منگول یا چینی الاصل سمجھا جاتا ہے۔ لیکن تاریخی طور پر یہ درست نہیں۔ سمرقند میں واقع امیر تیمور کا مزار جو ’’گورِ تیمور‘‘کے نام سے مشہور ہے۔ اس میں امیر تیمور کی قبر پر جو الفاظ کندہ ہیں وہ یہ ہیں: ’’هذا مرقد السلطان الاعظم والخاقان الاكرم امير تيمورگورگان بن الامير ترغای بن الامير برغل۔… یعنی یہ قبر ہے عظیم ترین سلطان کی، عالی ترین خاقان کی، امن و تحفظ پھیلانے والے، امیر تیمور گورگان بن امیر تراغای بن امیر برغُل۔…
А. А. Семенов، ’Надписи на надгробиях Тимура и его потомков в Гур-и Эмире (تیمور اور اس کی اولاد کے مقبروں کی تحریریں، گورِ امیر میں)، مشمولہ: Эпиграфика Востока، جلد II، مدیر پروف۔ و۔ آ۔ کراچکووسکایا، ماسکو-لینن گراد: اکادمی علومِ سوویت یونین، ۱۹۴۸ء، صفحات ۵۳–۵۸)
یہ تحریر تیمور کے پوتے نے اس کی قبر پر لکھوائی تھی۔ اس میں امیر تیمور کے لیے ’’ گورگان ‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ منگولی زبان میں گورگان سے مراد ’’ شاہی داماد‘‘ یا یوں کہنا چاہیے کہ ’’چنگیز خان کی شاہی نسل یا اولاد کا داماد‘‘ ہوتا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہو گئی کہ وہ خود چنگیز خان کی نسل میں سے نہ تھا اور نہ ہی اس کی اولاد امیر تیمور یا خود کو چنگیز خان کی براہِ راست نسل میں شمار کرتی تھی۔ بلکہ امیر تیمور کو چنگیز خان کے خاندان سے دامادی کا رشتہ تھا۔ اس وجہ سے یہ کہنا کہ امیر تیمور منگولی یا چینی تھا صریحاً غلط ہے۔ وکی پیڈیا پر لفظ ’’گورکان‘‘ کی وضاحت میں لکھا ہے کہ
’’The word ’’Gurkan‘‘ derives from Gurkân (گورکان)—a Persianized form of the Mongolian word kürgen, meaning ‹son-in-law›. This was an honorific title used by the dynasty as the Timurids were in-laws of the line of Genghis Khan, founder of the Mongol Empire, as Timur had married Saray Mulk Khanum, a direct descendant of Genghis Khan.‘‘ (https://en.wikipedia.org/wiki/Timurid_dynasty)
ترجمہ: یہ لفظ منگولی زبان کے ’’küregen‘‘ سے نکلا ہے جس کا سیدھا مطلب داماد (son-in-law) ہے۔ یہ فارسی شکل ’’گورکان‘‘ دراصل منگولی لفظ küregen کی فارسی شدہ صورت ہے، جس کا مطلب ’’داماد‘‘ ہے، اور یہ تیموری خاندان کا اعزازی خطاب تھا کیونکہ وہ چنگیز خان کے خاندان سے سسرالی رشتہ رکھتے تھے۔ تیمور نے سرائے ملک خانم سے شادی کی تھی جو چنگیز خان کی براہِ راست اولاد میں سے تھیں۔
دوسرا سب سے اہم حوالہ کہ تیمور چنگیزی نسل سے نہیں تھا وہ پتھر ہیں جو اس کے زمانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان پتھروں پر تحریرات امیر تیمور نے خود اپنی نگرانی میں تحریر کروائی تھیں۔ انہیں ’’کرساق پائے کتبہ‘‘ (Karsakpay Inscription) کہتے ہیں۔ یہ امیر تیمور کی زندگی کا ایک تاریخی، مستند اور براہِ راست تحریری ثبوت ہے۔ یہ کتبہ تیمور نے ۱۳۹۱ء میں دشتِ قپچاق (موجودہ قازقستان) کی مہم کے دوران التاؤ (Ulytau) کے پہاڑی سلسلے میں ایک سنگِ سرخ کی چٹان پر کندہ کروایا تھا، جب وہ گولڈن ہارڈ کے حکمران تختمش کے خلاف جنگ کے لیے جا رہا تھا۔


مشہور تاریخی کتاب ’’ظفر نامہ‘‘ جس کو تیمور کے درباری مؤرخ ’’شرف الدین علی یزدی‘‘ نے تحریر کیا ہے، تیموری تاریخ کی مستند کتاب سمجھی جاتی ہے۔ اس میں مصنف لکھتا ہے کہ جب امیر تیمور ’’التاؤ‘‘ (Ulytau) کے پہاڑ پر پہنچا، تو اس نے حکم دیا کہ فوج کے تمام سپاہی ایک ایک پتھر لائیں، جس سے ایک بڑا منار (اوبا) بنایا گیا، اور اس پر تیمور کے حکم سے اس فتح کی تاریخ اور اس کے سلطانِ توران ہونے کی عبارات کندہ کی گئیں۔ اس کے الفاظ یہ ہیں: ’’حضرت صاحب قرآن در عقب ایشان کس فرستاد و بایشان نرسیدند و رایت نصرت شعار از آنجا روان شد سپاه ظفر پناه در بیابان و چول در مکانها آب یافته می رفتند روز چهارشنبه بیست و یکم ماه مذکور بکوهی رسیدند که بليک تاق مشهور است و از آنجا کوچ کرده و در شب درمیان روز جمعه موضع التي تاق مخیم نزل همايون گشت مهر سپهر صاحب قرانی و جهان بانی بنشاط نظاره آن دشت ببالای کوه برآمد صحرا و صحرا سبزه بود آن روز در آنجا توقف فرمود و امرا علي بغداد که لشکریان سنگ آوردند و درین محل نشانه بلند مانند مناری برافراشتند و سنگ تراشان چابک دست تاریخ آن ایام بران نگاشتند تا یاد نامه بر روی روزگار باقی ماند ‘‘ (ظفر نامہ از تالیفات مولانا شرف الدین علی یزدی جلد ۲ صفحہ ۵۰۲، ۵۰۳ بپتست مشن پریس واقع کلکتہ چاپ شد ۱۸۸۸ء)ترجمہ: ’’حضرت صاحبِ قران (امیر تیمور) نے ان کے پیچھے بندے بھیجے لیکن وہ ان تک نہ پہنچ سکے، اور نصرت و فتح کا پرچم وہاں سے روانہ ہوا۔ ظفر مند فوج بیابان اور صحرا میں پانی کے مقامات تلاش کرتی ہوئی آگے بڑھتی رہی۔ مذکورہ مہینے کی اکیسویں تاریخ بروز بدھ وہ ایک ایسے پہاڑ پر پہنچے جو ’’بلیک تاق‘‘ (بلیک داغ) کے نام سے مشہور ہے۔ وہاں سے کوچ کرکے جمعہ کے دن اور رات کے درمیانی حصے میں ’’التی تاق‘‘ نامی مقام پر ہمایوں خیمہ زن ہوا۔



صاحبِ قرانی اور جہان بانی کا آفتاب (امیر تیمور) اس میدان کا نظارہ کرنے کی خوشی میں پہاڑ کی چوٹی پر چڑھا؛ پورا صحرا ہی صحرا سبزا زار تھا۔ اس دن وہاں قیام فرمایا اور امیروں پر حکم جاری ہوا کہ لشکر کے لوگ پتھر لائیں۔ انہوں نے اس جگہ ایک مینار کی طرح بلند نشان قائم کیا اور ماہر سنگ تراشوں نے اس دور کی تاریخ اس پر کندہ کی تاکہ زمانے کے صفحے پر ایک یادگار باقی رہے۔‘‘
یہ تاریخی پتھر قازقستان کے علاقے کارساق پائے (Karsakpay) کے قریب التاؤ پہاڑ (Ulytau Mountain) سے ۱۹۳۶ء میں دریافت ہوا تھا۔ اس وقت بھی یہ کتبہ سینٹ پیٹرز برگ، روس کے مشہور عالم سٹیٹ ہرمٹیج میوزیم (The State Hermitage Museum) میں محفوظ اور نمائش کے لیے موجود ہے۔ اس کتبے کو روس کے ماہرِ وہمیات (Orientalist) اور ماہرِ کتبات نکولائی مار (Nikolai Marr) کی ٹیم نے محفوظ کیا، اور اس پر پہلا مستند علمی مقالہ روس کے مشہور مستشرق ایوان غیاث الدین گراسیوف (I. I. Zarubin / A. A. Semenov) اور بعد میں ایس اے زیڈ ف ول گین (S. A. Volin) جیسے ماہرین نے شائع کیا۔ اس میں امیر تیمور اپنے آپ کو ’’سلطانِ توران، تیمور بیگ…‘‘ لکھتا ہے۔ یعنی تورانی سلطان تیمور بیگ۔ یہ اس بات کا قاطع ثبوت ہے کہ تیمور نے خود کو وسطی ایشیایا توران کا حکمران کہا، منگول یا چینی نہیں۔ خاکسار اوپر ذکر کر آیا ہے کہ تورانی لوگوں سے مراد ترک۔ ایرانی نسل ہے۔
Надпись Тимура 1391 года (تیمور کا ۱۳۹۱ء کا کتبہ) А. А. Семёнов (A. A. Semenov) شائع شدہ: Эпиграфика Востока (Epigraphika Vostoka / خاور شناسی کے کتبات)، جلد ۳، ۱۹۴۹ء، صفحات ۴۵–۴۸۔ (یہ روس اکیڈمی آف سائنسز کی طرف سے اس کتبے کی پہلی مکمل سائنسی ڈیکوڈنگ تھی)۔
قارئین کی دلچسپی کے لیے پتھر پر کندہ عبارت تحریر کردینا بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگا۔ یہ کتبہ دو زبانوں پر مشتمل ہے۔ اوپر کی تین سطریں عربی زبان (خطِ کوفی/ثلث) میں ہیں، اور نیچے کی آٹھ سطریں قدیم چغتائی ترکی زبان (خطِ ایغور/Uighur script) میں لکھی گئی ہیں۔
الف: عربی متن
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
مَالِكِ الْمُلْكِ، الْقُدُّوسِ، الْحَىِّ، الْقَيُّومِ، الْعَلِيمِ، الْحَكِيمِ، الْمُحْيِي، الْمُمِيتِ
ب: چغتائی ترکی متن (ایغور رسم الخط)
اصل چغتائی ترکی متن (Latin Transliteration):
Tariq yedi yüz toksan üçintä, takaqu yïl yaznïŋ ara ay,
Turan-nïŋ sultānï Temür Beg üç yüz müŋ čerig bilä
Toqtamïš qan balqarïqa yürädi.
Bu yerge yetip, belgü bolzun teb bu obanï qopardï.
Täŋri nisbat bergäy, inšā›Allāh!
Täŋri elgä rahmat qïlğay,
Bizni du›ā bilä yād qïlğaylar!
اردو ترجمہ : ’’سال ۷۹۳ ہجری، مرغی کے سال (Turkic Zodiac) کی بہار کے درمیانی مہینے میں؛ توران کے سلطان تیمور بیگ نے تین لاکھ (۳۰۰,۰۰۰) کے لشکر کے ساتھ، تختمش خان (کی قوم) پر چڑھائی کے لیے پیش قدمی کی۔ اس مقام پر پہنچ کر، یادگار کے طور پر اس نے یہ نشان (منار؍سنگِ میل) قائم کیا۔ اللہ تعالیٰ (ہمیں) عدل و نصرت عطا فرمائے، ان شاء اللہ! اللہ تعالیٰ لوگوں پر رحم فرمائے، اور وہ ہمیں دعا کے ساتھ یاد رکھیں۔ ‘‘
(نوٹ: کتبے میں واضح طور پر لفظ ’’Turan-nïŋ sultānï Temür Beg‘‘ یعنی توران کا سلطان تیمور بیگ کندہ ہے، جو اس بات کا قاطع ثبوت ہے کہ تیمور نے خود کو وسطی ایشیا/توران کا حکمران کہا، منگول یا چینی نہیں۔ )
اس کے بعد اگلا ثبوت جو خاکسار پیش کرنا چاہتا ہے وہ تیمور کے پیش رَو اور اس کی نسل کے بادشاہ بابر کا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بابر جو ہندوستان میں مغل بادشاہت کا بانی ہے، وہ خود اپنے آپ کو مغل نہیں کہتا۔ وہ اپنے آپ کو امیر تیمور کی نسل سے قرار دیتا ہے۔ اور تیموری ہونے پر ناز کرتا ہے۔ اپنی سوانح عمری جو اس نے خود تحریر کی جو ’’بابر نامہ‘‘ یا ’’تزک بابری‘‘ کہلاتی ہے اس میں بابر بادشاہ مغل قوم کا ذکر کئی بار کرتا ہے لیکن ان کو وہ بدترین لوگوں میں شمار کرتا ہے۔ بابر بھی خود کو برلاس قبیلہ سے ہی جوڑتا ہے۔ وہی قبیلہ جس سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے آپ کو قرار دیا ہے۔ امیر تیمور نے بھی اسی قبیلہ سے اپنا تعلق بیان کیا ہے۔ لیکن نہ بابر نہ ہی امیر تیمور نے اپنے لیے یا اپنے قبیلہ کے لیے مغل کا لفظ استعمال کیا ہے۔ بعد کے مؤرخین کی غلطی سے یہ مشہور ہوگیا کہ برلاس قبیلہ مغلوں کی ایک شاخ ہے۔ اس بارے میں تفصیلی تحقیق دو مؤرخین نے شائع کی ہوئی ہے۔ ایک پاکستانی مشہور تاریخ دان ڈاکٹر مبارک علی کی ہے۔ اور دوسری ہندوستان کے مشہور مؤرخ و مصنف Aabhas Maldahiyar کی ہے۔
ڈاکٹر مبارک علی صاحب کی تحقیق جو مختصر طور پر انہوں نےڈان اخبار میں شائع کی اس جگہ دیکھی جا سکتی ہے۔
(https://www.dawn.com/news/588420/time-check-medieval-india-who-were-the-mughals )
اسی طرح آبہاس مالداہیار کی تحقیق ان کی کتاب Babur: The Chessboard King میں بیان ہوئی ہے۔
دونوں محققین کہتے ہیں کہ تیموری خاندان کو ’’مغل‘‘ کہنا غلط تاریخی نام ہے، وہ خود کو مغل نہیں کہتے تھے۔ ان دونوں تحقیقات کا خلاصہ یہ ہے کہ
٭… بابر نے اپنی یادداشتوں (بابرنامہ) میں خود کو کبھی ’’مغل‘‘ نہیں کہا، بلکہ خود کو تیموری گورکانی شہزادہ کہا۔ مغل خود کو ’’تیموریہ‘‘ یا ’’چغتائیہ‘‘ (وسطی ایشیا کے چغتائی ترکوں کی نسبت سے) کہتے تھے۔
٭… بابر نے لفظ ’’Moghūl/Mughal‘‘ کو ۴۰۰؍سے زائد بار استعمال کیا، مگر ہمیشہ ایک الگ قبیلے کے لیے، اپنے آپ یا اپنے خاندان کے لیے نہیں۔ بابر نے اپنی تزکِ بابری میں مغلوں کو ’’غیر مہذب اور غیر ثقافت یافتہ‘‘ لوگ قرار دیا۔ یعنی وہ خود کو ان سے الگ سمجھتا تھا۔
٭… ’’مغل‘‘ کا لفظ تیموری سلطنت کے قیام کے تقریباً تین سو سال بعد، ۱۹ویں صدی میں یورپی مستشرقین (Indologists) نے رائج کیا۔ مصنف کا خیال ہے کہ اس میں کچھ چھپانے کی نیت شامل تھی۔ ڈاکٹر مبارک علی کے مطابق لفظ ’’مغل‘‘ کو پہلی بار غلطی سے صوفی عبدالقدوس گنگوہی (۱۵۳۵ء) نے استعمال کیا، پھر تاریخِ فرشتہ کے مصنف اور خافی خان نے اسے دہرایا، اور یورپی مسافروں و تاجروں نے اسے مزید رواج دیا۔
٭… امیر تیمور کی شادی چنگیز خان کے خاندان میں ہوئی تھی، اور بابر خود اپنی والدہ کی طرف سے چنگیز خان کی نسل سے تھا۔ یعنی نسلی رشتہ چنگیزی خاندان سے موجود تھا، مگر ثقافتی و قومی شناخت ’’مغل‘‘ نہیں تھی۔
٭… بابر کی سیاسی و خاندانی شناخت تیموری تھی اور تیموری خاندان فارسی تہذیب اور اسلامی تمدن سے گہرا تعلق رکھتا تھا۔
٭… سلطنت مغلیہ کا حکمران خاندان دراصل ترک خاندان ( Timurid/Turkic dynasty ) تھا۔
آبہاس مالداہیار (Aabhas Maldahiyar) اپنی کتاب Babur: The Chessboard King میں لکھتے ہیں:
’’Timur never liked to see himself as Moghūl… Babur’s ancestors were sharply distinguished from the classical Mongols (Moghūls) insofar as they were oriented towards Persian rather than Turco Mongol culture. According to John Joseph Saunders, ’Timur was ’’the product of an Islamized and Iranized society‘‘, and not steppe nomadic (Mongols).‘‘(Aabhas Maldahiyar, Babur: The Chessboard King, Timur and the Timurids, Penguin books pg: 17)
ترجمہ: تیمور نے کبھی بھی خود کو مغل کے طور پر دیکھنا پسند نہیں کیا۔… بابر کے آباءواجداد کلاسیکی منگولوں (مغلوں) سے اس لحاظ سے واضح طور پر ممتاز تھے کہ ان کا رجحان ترک و منگول ثقافت کے بجائے فارسی تہذیب و ثقافت کی طرف تھا۔ جان جوزف سانڈرز (John Joseph Saunders) کے مطابق، ’’تیمور ایک اسلامی اور ایرانی رنگ میں ڈھلے ہوئے معاشرے کی پیداوار تھا، نہ کہ صحرائی میدانوں میں گھومنے والے خانہ بدوش منگولوں کی۔ ‘‘
مزید تاریخی کتب کو دیکھیں تو کیمبرج یونیورسٹی پریس کی کتاب The Rise and Rule of Tamerlane جس کے مصنف Prof. Beatrice Forbes Manz ہیں۔ انہوں نے تفصیل سے تیمور کے نسب اور اس کے قبیلہ برلاس کو بیان کیا ہے۔ ان کی تحقیق کو دیکھا جائے جو وہ برلاس قبیلہ اور تیمور کے بارے میں بیان کرتی ہیں تو اس کا خلاصہ یوں بنتا ہے کہ تیمور برلاس قبیلے سے تعلق رکھتے تھے، جو ایک ترک، منگول قبیلہ تھا۔ تاہم تیمور خود چنگیزی شاہی نسل سے تعلق نہیں رکھتے تھے۔ منگول بادشاہ اپنی سیاسی روایات کے مطابق خود کو خان اور خاقان کے القاب سے پکارتے تھے اور یہ القاب صرف چنگیز خان کی اولاد کے لیے مخصوص تھے۔ اسی وجہ سے تیمور نے اپنے لیے امیر کا لقب اختیار کیا اور اسی عنوان کے تحت حکومت کی۔ ساتھ ہی اس نے ایک چنگیزی نسب رکھنے والے برائے نام خان کو تخت پر برقرار رکھا، جبکہ اپنی حکمرانی کو قانونی جواز اور سیاسی وقار دینے کے لیے چنگیزی شہزادی سرائے ملک خانم سے شادی کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ
’’According to the traditions of the Mongol empire accepted throughout Temür‘s dominions, only Chinggis Khan‘s descendants could adopt the title of khan and aspire to sovereign power. Temür therefore was hampered in the formal legitimation of his rule by his lack of royal descent. Despite his enormous realm and the autocratic nature of his rule, he adhered to this restriction with scrupulous correctness, and used simply the modest title of amir-’’commander‘‘-embellishing it sometimes with the adjectives buzurg or kalan-’’great.‘‘… To further bolster his position he adopted the pose of a supporter of the Chinggisid line, installing a puppet khan and ruling in his name. He further acquired the title of royal son-in-law, güregen, by virtue of his marriage to a princess of the Chinggisid line.‘‘ (Manz, Beatrice Forbes. The Rise and Rule of Tamerlane. Cambridge: Cambridge University Press, 1989, pp. 2, 5, 16, 58–59, 156-157)
ترجمہ: منگول سلطنت کی وہ روایت، جو تیمور کی سلطنت کے تمام علاقوں میں تسلیم شدہ تھی، یہ تھی کہ صرف چنگیز خان کی اولاد ہی ’’خان‘‘ کا لقب اختیار کر سکتی ہے اور خودمختار حکمرانی کا دعویٰ کر سکتی ہے۔ اسی وجہ سے تیمور کو اپنی حکومت کی رسمی قانونی حیثیت قائم کرنے میں مشکل پیش آئی، کیونکہ وہ شاہی (چنگیزی) نسب سے تعلق نہیں رکھتا تھا۔ اگرچہ اس کی سلطنت بہت وسیع تھی اور ان کی حکومت مکمل طور پر مطلق العنان تھی، پھر بھی اس نے اس روایت کی بڑی سختی سے پابندی کی۔ اس نے اپنے لیے صرف نسبتاً سادہ لقب ’’امیر‘‘ (یعنی سپہ سالار یا کمانڈر) استعمال کیا، البتہ کبھی کبھی اس کے ساتھ عظیم یا کلان (یعنی بزرگ یا بڑا ) جیسے صفاتی الفاظ کا اضافہ کر لیتا تھا۔ … اپنی حیثیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اس نے خود کو چنگیزی خاندان کا حامی ظاہر کیا۔ اس نے چنگیز خان کی نسل سے تعلق رکھنے والے ایک کٹھ پتلی خان کو تخت پر بٹھایا اور اسی کے نام پر حکومت کی۔ اس کے علاوہ، اس نے چنگیزی خاندان کی ایک شہزادی سے شادی کر کے گورگن (Güregen) یعنی ’’شاہی خاندان کا داماد‘‘ کا لقب بھی حاصل کیا، جس سے اس کی حکمرانی کو مزید قانونی جواز اور وقار ملا۔
پھر اسی کتاب کے صفحہ ۱۵۶-۱۵۷ پر مصنفہ نے برلاس قبیلہ کا ذکر کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ
’’The Barlas controlled the region of Kish, which apparently constituted a timen. Its leading clan claimed descent from Qarachar Noyan Barlas, the emir of one of the thousands assigned by Chinggis Khan to Chaghadai, and the Mu‘izz al-ansab contains an annotated genealogy of the clan beginning with Qarachar. According to many Timurid histories, the Barlas emirs had from ancient times held a special position in regard to the Chinggisids and after Qarachar in the Chaghadayid khanate, as all powerful amir al-umard to the Khan. This position was held supposedly by the emirs of Temür‘s lineage.‘‘
ترجمہ: برلاس قبیلہ کِش کے علاقے پر قابض تھا، جو غالباً ایک تُومن (منگول فوجی و انتظامی اکائی، تقریباً دس ہزار سپاہیوں پر مشتمل) کی حیثیت رکھتا تھا۔ اس قبیلے کا ممتاز خاندان اپنے نسب کو قراچار نویان برلاس تک پہنچاتا تھا، جو ان امیروں میں سے ایک تھے جنہیں چنگیز خان نے اپنے بیٹے چغتائی خان کے ماتحت مقرر کیا تھا۔ کتاب معزّ الانساب میں قراچار سے شروع ہونے والا اس خاندان کا ایک حاشیہ دار نسب نامہ بھی موجود ہے۔ بہت سی تیموری تواریخ کے مطابق، برلاس امراء کو قدیم زمانے سے چنگیزی خاندان کے ساتھ ایک خاص مقام حاصل تھا۔ قراچار کے بعد چغتائی سلطنت میں وہ خان کے امیر الامراء (تمام امیروں کے سردار) کی حیثیت رکھتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ منصب تیمور کے آبائی خاندان کے امیروں کے پاس نسل در نسل رہا۔
ان دونوں حوالہ جات سے واضح ہے کہ برلاس قبیلہ ایک معزّز قبیلہ تھا اور اس کو حکمران منگول قبیلے سے قریبی تعلق تھا۔ لیکن یہ منگول قبیلہ نہیں تھا بلکہ الگ شناخت رکھنے والا قبیلہ تھا۔
انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا میں امیر تیمور کے سوانح میں واضح درج ہے: ’’تیمور ایک ترک فاتح (Turkic Conqueror) تھا۔
(https://www.britannica.com/biography/Timur)
کتاب A History of Inner Asia جس کے مصنف Svat Soucek ہیں۔ انہوں نے تیمور کو ترک قرار دیا ہے نہ کہ منگول۔ وہ لکھتے ہیں:
’’He was a Turk of the Barlas tribe; this tribe, like many others, boasted a Mongol name and ancestry, but for all practical purposes it was Turkic. Turki was thus Timur’s mother tongue, although he may have known some Persian from the cultural milieu in which he lived; he almost certainly knew no Mongolian, though Mongol terminology had not quite disappeared from administrative documents and coins.‘‘( Svat Soucek, A History of Inner Asia. Cambridge: Cambridge University Press, 2000, pp. 123.)
ترجمہ: وہ (امیر تیمور) برلاس قبیلے سے تعلق رکھنے والا ایک ترک تھا۔ یہ قبیلہ بھی بہت سے دوسرے قبائل کی طرح اپنے لیے منگول نام اور منگول نسب کا دعویٰ کرتا تھا، لیکن عملی طور پر یہ مکمل طور پر ترک تھا۔ ترکی تیمور کی مادری زبان تھی۔ البتہ جس ثقافتی ماحول میں وہ پروان چڑھے، اس کی وجہ سے ممکن ہے کہ وہ کچھ فارسی بھی جانتے ہوں۔ لیکن غالب امکان یہی ہے کہ وہ منگولی زبان بالکل نہیں جانتے تھے، اگرچہ منگول دور کی بعض اصطلاحات اس زمانے کے سرکاری دستاویزات اور سکّوں میں ابھی تک استعمال ہوتی تھیں۔
بچوں کے معروف انسائیکلو پیڈیا میں تیمور کو ترک۔ ایرانی (فارسی النسل) فاتح قرار دیا گیا ہے۔ وہاں تیمور کے تعارف میں لکھا ہے: Timur… was a renowned 14th century Tatar/Turco-Persian conqueror…
(https://academickids.com/encyclopedia/index.php/Timur)
اس ضمن میں ایک اہم اور مستند حوالہ ابن خلدون کا ہے۔ ابن خلدو ن اور امیر تیمور ہم عصر تھے۔ اور ان دونوں کی آپس میں ملاقات بھی ہوئی۔ ابن خلدون نے اپنی مشہور کتاب الرحلة یعنی التعریف بابن خلدون و رحلتہ غرباً و شرقاً میں اس ملاقات کا ذکر بھی کیا ہے۔ اس ملاقات میں امیر تیمور کا نسب بھی زیرِ بحث آیا۔ اس ملاقات اور ابن خلدون نے جو امیر تیمور کے بارے میں لکھا ہے اس سے دو باتیں سامنے آتی ہیں:
اوّل: امیر تیمور اپنے آپ کو والدہ کی طرف سے فارسی النسل ثابت کرتا ہے۔ اس نے خود کو اپنی والدہ کی طرف سے قدیم فارسی بادشاہ منوچہر کی اولاد ہونے کا دعویٰ کیا۔
دوم: ابن خلدون نے تیمور کو بنو چغتائی کا لقب دیا ہے لیکن اسے چنگیز خان کی ثابت شدہ براہِ راست نرینہ اولاد نہیں کہا۔ بلکہ اس کے برعکس وہ تیمور کو منگولی خاندان کی بادشاہت ختم کر کے چغتائی خاندان کی حکومت قائم کرنے والا قرار دیتا ہے۔ نیز وہ اسے چنگیز خان کے خاندان کی بیٹی سے شادی کرنے والا قرار دیتا ہے۔ گویا چنگیز خان کے خاندان کا داماد بتاتا ہے۔ (اور یہی بات امیر تیمور کی قبر پر لکھی عبارت سے بھی ثابت ہے اور دوسری روایات سے بھی۔ جس کا ذکر خاکسار اوپر کی سطور میں کر آیا ہے۔ )
ابن خلدون نے ۸۰۳ھ/۱۴۰۱ء میں دمشق کے محاصرے کے دوران امیر تیمور سے متعدد ملاقاتیں کیں۔ ایک گفتگو کا احوال بیان کرتے ہوئے ابن خلدون لکھتا ہے کہ فقال لي وأراك قد ذكرت بخت نصّر مع كسرى، وقيصر، والإسكندر، ولم يكن في عدادهم، لأنهم ملوك أكابر وبخت نصّر قائد من قوّاد الفرس، كما أنا نائب من نواب صاحب التّخت… فرجع إليّ فقال ومن أي الطوائف هو بخت نصّر؟ فقلت بين الناس فيه خلاف، فقيل من النّبط بقية ملوك بابل، وقيل من الفرس الأولى، فقال يعني من ولد منوشهر قلت نعم هكذا ذكروا، فقال ومنوشهر له علينا ولادة من قبل الأمهات فقال الملك وأيّ القولين أرجح عندك فيه؟ فقلت إنّه من عقبة ملوك بابل، فذهب هو إلى ترجيح القول الآخر (تاریخ ابن خلدون جلد ۷ صفحہ ۷۳۴ خبر دمشق واللقاء مع تمر الناشر: دار الفكر، بيروت ۱۹۸۸) ترجمہ: تیمور نے مجھ سے کہا: ’’میں دیکھ رہا ہوں کہ تم نے بخت نصر کو کسریٰ، قیصر اور سکندر کے ساتھ ذکر کیا ہے، حالانکہ اسے ان کے مرتبے میں شمار نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ وہ تو بڑے بڑے بادشاہ تھے۔ بخت نصر فارسی بادشاہوں کے ایک سپہ سالار کی حیثیت رکھتا تھا، جس طرح میں بھی صاحبِ تخت کے نائبوں میں سے ایک نائب ہوں۔ … پھر وہ میری طرف متوجہ ہوا اور پوچھا:’’بخت نصر کا تعلق کس قوم یا گروہ سے تھا؟‘‘
میں نے کہا:’’اس بارے میں لوگوں کے درمیان اختلاف ہے۔ بعض کا کہنا ہے کہ وہ نبطیوں میں سے تھا، جو بابل کے باقی ماندہ بادشاہوں کی نسل تھے، اور بعض کہتے ہیں کہ وہ قدیم فارسی بادشاہوں میں سے تھا۔ ‘‘
اس نے کہا: ’’یعنی منوچہر کی اولاد میں سے؟‘‘ میں نے کہا:’’جی ہاں، مؤرخین نے اسی طرح بیان کیا ہے۔ ‘‘
اس پر تیمور نے کہا: ’’منوچہر کا ہماری نسبت سے بھی مادری طرف سے خاندانی تعلق ہے۔ ‘‘
پھر بادشاہ (تیمور) نے پوچھا:’’ان دونوں اقوال میں سے تمہارے نزدیک کون سا زیادہ قابلِ ترجیح ہے؟‘‘
میں نے جواب دیا: ’’میرے نزدیک یہ بات زیادہ درست ہے کہ وہ بابل کے بادشاہوں کی نسل سے تھا۔ ‘‘
لیکن تیمور نے دوسرے قول کو ترجیح دی، یعنی اس رائے کو کہ بخت نصر قدیم فارسی بادشاہوں، بالخصوص منوچہر کی اولاد میں سے تھا۔
یہاں یہ فقرہ قابل غور ہے کہ ’’ومنوشهر له علينا ولادة من قبل الأمهات‘‘ یعنی ’’منوچہر کا ہماری طرف مادری رشتے کے ذریعے نسبی تعلق ہے۔ ‘‘ یعنی تیمور اپنے خاندان کو منوچہر سے مادری نسبت سے جوڑ رہا ہے۔ اور اس کو فارسی بادشاہ کہتا ہے۔ گویا تیمور اپنے آپ کو فارسی النسل کہنا چاہتا ہے۔ اور اپنی ماں کی طرف کو فارسی بادشاہوں کی نسل قرار دیتا ہے۔ تیمور کا اپنے آپ کو فارسی خاندان کی اولاد میں سے قرار دینا رسول اللہ ﷺ کی حدیث کی صداقت کی ایک بین دلیل ہے۔
ابن خلدون اپنی کتاب میں ایک اور جگہ تیمور کا ذکر کرتے ہوئے تیمور کو ماوراءالنہر کے جغتائی(چغتائی) سیاسی نظام سے وابستہ امیر کے طور پر پیش کیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تیمور جغتائی اولوس کے اندر اقتدار میں آیا اور چنگیزی شہزادوں کو رسمی خان کے طور پر برقرار رکھتا تھا۔ گویا وہ چغتائی اور چنگیزی خاندان کو الگ الگ رکھتا ہے۔ منگولی خاندان کی بادشاہت کے خاتمے اور بنو چغتائی یعنی امیر تیمور کے خاندان کی بادشاہت کے بارے میں ابن خلدون نے لکھا ہے کہ ’’وانقرض ملك بني هولاكو بموت أبي سعيد آخرهم سنة أربعين من المائة الثامنة وافترقت دولتهم بين عمّال الدولة وقرابتها من المغل، فملك عراق العرب، وأذربيجان وتوريز، الشيخ حسن سبط هولاكو، واتصل ملكها في بنيه لهذا العهد، وملك خراسان وطبرستان شاه وليّ من تابعة بني هولاكو، وملك أصبهان، وفارس، بنو مظفّر البردي من عمّالهم أيضا، وأقاموا بنو دوشي خان في مملكة صراي وآخرهم بها طقطمش بن بردي بك، ثم سما لبني جقطاي وراء النّهر، وملوكهم أمل في التغلّب على أعمال بني هولاكو، وبني دوشي خان، بما استفحل ملكهم هنالك، لعدم التّرف والتّنعم، فبقوا على البداوة، وكان لهم ملك اسمه ساطلمش هلك لهذا العهد، وأجلسوا ابنه على التّخت مكانه، وأمراء بني جقطاي جميعا في خدمته، وكبيرهم تيمور المعروف بتمر بن طرغاي فقام بأمر هذا الصبي وكفله، وتزوّج أمّه، ومدّ يده إلى ممالك بني دوشي خان التي كانت على دعوتهم وراء النّهر، مثل سمرقند، وبخارى، وخوارزم، وأجاز إلى طبرستان وخراسان فملكهما ورجعت قبائل المغل إلى تمر، وساروا تحت رايته وذهب طقطمش في ناحية الشمال، وراء بلغار، متذمما بقبائل اروس من شعوب التّرك في الجبال۔‘‘ترجمہ: ’’آٹھویں صدی ہجری کے چالیسویں سال (۷۴۰ھ) میں ان کے آخری حکمران ابو سعید کی وفات کے ساتھ بنو ہلاکو (ایل خانی سلطنت) کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔ ان کی سلطنت ان کے گورنروں اور منگول رشتہ داروں میں تقسیم ہو گئی۔ چنانچہ عراقِ عرب، آذربائیجان اور تبریز پر ہلاکو کے نواسے شیخ حسن کا قبضہ ہو گیا اور آج کے دور تک یہ حکومت اس کی اولاد میں چلی آ رہی ہے۔ خراسان اور طبرستان پر بنو ہلاکو کے ایک وابستہ ’شاہ ولی‘ کی حکومت قائم ہوئی۔ اصفہان اور فارس پر ان کے گورنروں میں سے بنو مظفر البردی قابض ہو گئے۔
دوسری طرف بنو دوشی خان (جوجی خان کی اولاد) سراے کی سلطنت پر قائم رہے، جن کا آخری حکمران طقتمش بن بردی بک تھا۔ پھر ماوراء النہر میں بنو چغتائی کے ملوک میں بنو ہلاکو اور بنو دوشی خان کے علاقوں پر غالب آنے کی خواہش پیدا ہوئی، کیونکہ عیش و عشرت اور آسائشوں سے دور رہنے اور بدوی (صحرا نشین) زندگی پر قائم رہنے کی وجہ سے ان کی طاقت وہاں بہت بڑھ چکی تھی۔
ان کا ایک بادشاہ تھا جس کا نام ساطلمش (سیورغتمش) تھا، وہ اسی زمانے میں وفات پا گیا، تو انہوں نے اس کے بیٹے کو اس کی جگہ تخت پر بٹھایا۔ بنو چغتائی کے تمام امراء اس کے تابع تھے، اور ان میں سب سے بڑا امیر ’تیمور‘ تھا جو تمر بن طرغائی کے نام سے معروف تھا۔ اس نے اس لڑکے کے امورِ سلطنت کو سنبھالا، اس کی سرپرستی کی، اور اس کی ماں سے شادی کر لی۔
پھر اس نے بنو دوشی خان کی ان مملکتوں کی طرف ہاتھ بڑھایا جو ماوراء النہر میں ان کے اثر و رسوخ میں تھیں، جیسے سمرقند، بخارا اور خوارزم۔ اس کے بعد وہ طبرستان اور خراسان کی طرف بڑھا اور ان پر بھی قبضہ کر لیا… اور منگول کے تمام قبائل تیمور کی طرف لوٹ آئے اور اس کے پرچم تلے چلنے لگے۔ طقتمش شمال کی جانب بلغار کے پار چلا گیا اور پہاڑوں میں ترک اقوام کے قبائلِ روس کی پناہ لے لی۔ ‘‘
اپنی کتاب میں ایک اور جگہ امیر تیمور کا ذکر کرتے ہوئے لکھتا ہے: ثم في أعوام السبعين أو الثمانين وسبعمائة، ظهر في بني جفطاي وراء النهر أمير اسمه تيمور، وشهرته عند الناس تمر، وهو كافل لصبيّ متّصل النّسب معه إلى جفطاي في آباء كلّهم ملوك، وهذا تمر بن طرغاي هو ابن عمهم، كفل صاحب التّخت منهم اسمه محمود، وتزوج أمّ صرغتمش، ومدّ يده إلى ممالك التتر كلّها ثم رجع آخرا إلى بلاده، والأخبار تتّصل بأنه قصد سمرقند، وهي كرسيّه۔ ترجمہ: ’’پھر ستّر یا اسّی (۷۷۰ھ یا ۷۸۰ھ) سالوں کے دوران، ماوراءالنہر میں بنو جغطائی میں ایک امیر ظاہر ہوا جس کا نام تیمور تھا، اور لوگوں کے نزدیک اس کی شہرت ’’تمر‘‘ کے نام سے تھی۔ وہ ایک ایسے لڑکے کا سرپرست تھا جس کا نسب جغطائی تک اسی کے ساتھ ملتا تھا، اور ان کے تمام آباء بادشاہ تھے۔ اور یہ تمر بن طرغائی ان کا چچازاد بھائی تھا، اس نے تخت کے مالک کی سرپرستی سنبھالی جس کا نام محمود تھا، اور صرغتمش کی ماں سے شادی کر لی، اور اپنا ہاتھ تمام تاتاری مملکتوں کی طرف بڑھایا، تو دیار بکر تک ان پر قابض ہو گیا۔ …پھر آخر کار اپنے ملک کی طرف واپس چلا گیا، اور خبریں مسلسل آ رہی ہیں کہ اس نے سمرقند کا رخ کیا، جو اس کا دارالحکومت ہے۔ ‘‘
ایک کتاب جو The New Cambridge History of India کی طرف سے بعنوان The Mughal Empire شائع کی گئی ہے۔ اس کے مصنف John. F. Richards ہیں۔ جو اور ڈیوک یونیورسٹی کے پروفیسر ہیں۔ وہ بابر کو ’’a Chaghatai Turkish ruler‘‘ کہتا ہے۔ اور کتاب میں کئی جگہ Chaghatai Turk کا لفظ استعمال کرتا ہے۔
مندرجہ بالا تحریرات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ابن خلدون امیر تیمور کو بنو چغتائی قرار دیتا ہے اور منگولی خاندان سے الگ بتاتا ہے۔
خاکسار نے اس مضمون میں جو حوالہ جات پیش کیے ہیں ان کا صرف ایک مقصد ہے اور وہ ہے حضرت رسول اللہﷺ کی پیشگوئی کی صداقت کو واضح کرنا۔ نبی کریم ﷺ کی پیشگوئیاں اپنے اندر گہرائی اور کئی پہلو رکھتی ہیں۔ اور ان کےپورا ہونے کے الگ الگ وقت اور طریقے ہوتے ہیں۔ ایک پیشگوئی کئی رنگ میں ظاہر ہوتی ہے۔ رجل فارس یا رجال فارس کی جو پیشگوئی تھی وہ بھی کئی رنگ میں پوری ہوئی اور نہ جانے آئندہ مزید کس انداز میں پوری ہوگی۔ خاکسار کی ادنیٰ رائے میں اس کا ایک پہلو سمرقند سے تھا جو ٹوٹے پھوٹے انداز میں اوپر بیان کردیا۔ اس ضمن میں پیداہونے والے اعتراضات کا جواب بھی دینے کی کوشش کی۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے متعلق قرآن و حدیث میں کئی نشایاں بیان ہوئی ہیں اور کئی پیشگوئیاں موجود ہیں۔ مسیح و مہدی کے ذکر میں جو پیشگوئیاں مقام کا تعین کرتی ہیں، خواہ وہ خراسان ہو، ہندوستان ہو، ماوراء النہر ہو، دمشق ہو، کدعہ ہو یا کوئی اور، دراصل رجل فارس کے ضمن میں ہی آتی ہیں۔ کیونکہ یہ سب وہ علاقے ہیں جو کبھی نہ کبھی کسی نہ کسی صورت میں فارسی بادشاہت کے زیر تسلط رہے ہیں یا فارسی زبان، فارسی تہذیب یا فارسی حکومت کا ان پر اثر رہا ہے۔ غرض، سمرقند کی مقدس اور تاریخی سرزمین سے شروع ہونے والا یہ روحانی سفر، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے ساتھ اپنے اکمل ترین عروج کو پہنچا۔ آج عالمی سطح پر اشاعتِ اسلام اور احیائے دین کا ہر گزرتا لمحہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ’’رجالٌ من فارس‘‘ کا سحر انگیز سورج طلوع ہو چکا ہے اور اس کی منور کرنوں سے دنیا کا ہر گوشہ روشن ہورہا ہے اور ہر قوم اس سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ خلافتِ احمدیہ اور اشاعتِ اسلام کے لیے کوشاں احمدیت کے افراد کا وجود اس پیشگوئی کی ایسی زندہ و تابندہ تصویر ہے جو ہر روز دنیا کے سامنے سچائی کا پرچم بلند کر رہی ہے۔ سمرقند کی قدیم مٹی سے اٹھنے والی تاریخ سلسلہ احمدیہ کے ذریعے اپنے روحانی عروج کو پہنچ چکی ہے۔ وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’حضرت عالی سیّدنا و مولانا صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بطور پیشگوئی فرماچکے ہیں کہ ’’اِس اُمّت پر ایک زمانہ آنے والا ہے جس میں وہ یہودیوں سے سخت درجہ کی مشابہت پیدا کرلے گی… تب فارس کی اصل میں سے ایک ایمان کی تعلیم دینے والا پیدا ہوگا۔ اگر ایمان ثریّا میں معلّق ہوتا، تو وہ اُسے اس جگہ سے بھی پالیتا۔‘‘ یہ پیشگوئی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے جس کی حقیقت الہامِ الٰہی نے اِس عاجز پر کھول دی اور تصریح سے اُس کی کیفیت ظاہر کردی اور مجھ پر خدا تعالیٰ نے اپنے الہام کے ذریعہ سے کھول دیا کہ حضرت مسیح بن مریم بھی درحقیقت ایک ایمان کی تعلیم دینے والا تھا جو حضرت موسیٰ سے چودہ سو۱۴۰۰ برس بعد پیدا ہوا…پس جبکہ اس اُمّت کو بھی اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے عہد پر چودہ سو۱۴۰۰ برس کے قریب مدّت گذری تو وہی آفات اِن میں بھی بکثرت پیدا ہوگئیں جو یہودیوں میں پیدا ہوئی تھیں۔ تاوہ پیشگوئی پوری ہو جو اِن کے حق میں کی گئی تھی۔ پس خدا تعالیٰ نے اِن کیلئے بھی ایک ایمان کی تعلیم دینے والا مثیلِ مسیح اپنی قدرتِ کاملہ سے بھیج دیا۔ ‘‘ (فتح اسلام صفحہ۱۳، ۱۵ حاشیہ۔ روحانی خزائن جلد نمبر ۳ صفحہ ۹، ۱۰)
مزید پڑھیں: سمرقند: رجالِ فارس کی سرزمین(قسط اوّل)



