ایشیا (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے زیر انتظام پہلی مبشرہ کلاس کی تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۶ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ میں لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے زیر انتظام منعقد ہونے والے مبشرہ کورس کی پہلی تقریب تقسیم اسناد مورخہ ۲۴؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز جمعرات کی شب منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرمہ تنزین اختر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کا بنگلہ ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم نیشنل امیر صاحب نے پردے کی رعایت سے افتتاحی تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب مبلغ سلسلہ و کوآرڈینیٹر مبشرہ کلاس نے تقریر کی۔ مبشرہ کلاس کی طالبات کی طرف سے بھی اظہار تشکر کیا گیا۔ آخر پر انعامات کی تقسیم اور صدر صاحبہ کی دعا کے ساتھ اس بابرکت اور تاریخی تقریب کا اختتام ہوا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے دسمبر ۲۰۲۲ء میں دو سالہ مبشرہ کورس کا آغاز کیا تھا۔ مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے اب اس کورس کی پہلی کلاس نے کامیابی کے ساتھ تعلیم مکمل کی ہے۔

اس کورس کا نصاب عائشہ اکیڈمی کینیڈا اور جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کے نصاب کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا تھا۔ اس میں تلاوت قرآن کریم ناظرہ، ترجمہ، تفسیر، حدیث، عربی ادب، صرف و نحو، اردو، تاریخ اسلام، علم الکلام، روحانی خزائن اور موازنہ مذاہب کے مضامین پڑھائے گئے۔

اس کورس کی کلاسیں آن لائن منعقد ہوتی تھیں اور جماعت کے مربیان پردے کی رعایت سے تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ امتحانات بھی آن لائن لیے گئے جبکہ آخری امتحان کے لیے طالبات کو دارالتبلیغ، ڈھاکہ میں بالمشافہ شرکت کرنا پڑی۔

اس کورس میں ۸۴؍طالبات نے داخلہ لیا تھا جن میں سے ۴۱؍طالبات نے آخری امتحان میں کامیابی حاصل کرکے سند حاصل کرنے کا اعزاز پایا۔

اللہ تعالیٰ مبشرہ کورس مکمل کرنے والی ممبرات کو احمدیت، خلافت اور انسانیت کی خدمت کے لیے حقیقی مبشرات بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مبشرات لجنہ اماءاللہ بنگلہ دیش کی پہلی تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

عزیز مبشرات لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ نے مبشرہ کا کورس مکمل کر لیا ہے۔ یہ کورس مکمل کرنے والی لجنہ اور ناصرات کو یہ اعزاز بے حد مبارک ہو۔ لیکن یہ نہ سمجھیں کہ یہ کورس کر کے آپ نے سارا علم حاصل کر لیا ہے۔ سارا دینی علم تو آپ کو تب حاصل ہو گا جب آپ قرآن کریم کو حرزِ جاں بنا لیں گی۔ لیکن اس کے لئے قرآن کریم کا بکثرت مطالعہ اور اسے دستور العمل قرار دے کر اس کے ہر حکم پر چلنا ضروری ہے۔ اسی لئے حضرت اقدس مسیح موعود نے فرمایا ہے کہ :

’’قرآن کریم تو ایک زندہ اور روشن کتاب ہے۔ اس لیے ہمیں کسی مخالف کی مخالفت کی پرواہ نہیں ہے۔ ہمیں بغیر کسی خوف اور ہچکچاہٹ کے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ ہماری تعلیم سب سے اعلیٰ تعلیم ہے۔‘‘

اس لئے آپ کبھی قرآن کریم کو صرف قصّے سمجھ کر نہ پڑھیں بلکہ اس کو ایک مکمل تعلیم سمجھ کر پڑھیں اور اس پر غور کریں۔ اور اس کے ذریعہ سے تعلیم و تربیت اور تبلیغ کے کاموں کو آگے بڑھائیں۔ اِس زمانہ میں عورتوں کو بھی تبلیغ کے لیے اسی طرح کوشش کرنی چاہیے جیسی مردوں کو کرنی چاہیے اور یہی آجکل کا جہاد ہے۔ ہم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی مثال دیتے ہیں کہ آدھا علم عائشہ سے سیکھو۔ لوگ ان سے علم حاصل کرنے کے لیے آتے تھے۔ بہت ساری قرآنی آیات کی تفسیر، ان کی وضاحت اور بہت ساری احادیث کی تفصیل صحابہؓ نے ان سے سیکھی تھیں۔ اسی طرح آپ سب عورتوں کو بھی چاہیے کہ اپنے علم میں اضافہ کریں اور صرف یہ نہ دیکھیں کہ ہر جواب مردوں کی طرف سے ملے گا بلکہ خود آپ کو علم و عرفان میں اتنی ترقی کرنی چاہیے کہ آپ روحانی باتوں میں مردوں سے آگے نکلنے والی ہوں۔ اس لئے میری دعا ہے کہ خدا تعالیٰ آپ کو دین کا علم سکھائے اور آپ اپنے روحانی معیار کے ساتھ اپنے دینی اور علمی معیار کو بھی بلند کرنے والی ہوں۔ اللہ آپ سب کو اس کی توفیق دے۔ آمین

مزید پڑھیں: جرمنی میں اوپن مسجد ڈے ۲۰۲۶ء کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button