مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کی پہلی مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کی تاریخ کی پہلی مجلس شوریٰ مورخہ ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو اسکندرون میں منعقد ہوئی۔ یہ ترکی میں جماعتی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار موقع تھا۔
اراکین شوریٰ نے اس موقع پر مثالی اخلاص و وفا کا مظاہرہ کیا۔ بعض احباب کو شوریٰ میں شرکت کے لیے ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑا، جبکہ بعض نے ۱۸؍گھنٹے تک مسلسل ڈرائیونگ کی۔ تمام شرکاء طویل سفر کے بعد ہفتہ کی شام مقام شوریٰ پر پہنچ گئے۔

مجلس شوریٰ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز اتوار کی صبح نماز تہجد اور نماز فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا جس کے بعد درس قرآن کریم دیا۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ صدر جماعت احمدیہ ترکی مکرم صادق احمد بٹ صاحب نے افتتاحی تقریر میں نظام جماعت میں مجلس شوریٰ کی اہمیت اور برکات پر روشنی ڈالی۔
امسال مجلس شوریٰ میں دو تجاویز زیر بحث آئیں۔ پہلی تجویز خدام و اطفال کی تعلیم و تربیت کے معیار کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے متعلق تھی، جبکہ دوسری تجویز مالی سال ۲۰۲۶ء- ۲۰۲۷ء کے بجٹ سے متعلق تھی۔ ان تجاویز پر غور و خوض کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جنہوں نے دو نشستوں میں تفصیلی مشاورت کی۔
بعد ازاں ذیلی کمیٹیوں کے صدور مکرم حزقیل احمد قمر صاحب مبلغ سلسلہ اور مہتمم صنعت و تجارت مکرم اسماعیل اونچل صاحب نے اپنی اپنی کمیٹیوں کی سفارشات ایوان کے سامنے پیش کیں۔
اس کے بعد نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا۔ وقفے کے بعد مہتممین نے اپنی سالانہ رپورٹس پیش کیں۔ آخر پر مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور آئندہ پروگراموں کے متعلق آگاہ کیا گیا۔
مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کی یہ پہلی تاریخی مجلس شوریٰ اختتامی تقریب کے ساتھ بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔ پروگرام کے آخر پر تمام شرکاء نے اجتماعی یادگاری تصویر بنوائی اور مجلس کی کامیابی و ترقی کے لیے دعا کی۔ مجلس شوریٰ پر کل حاضری ۱۸ رہی۔
(رپورٹ:عبد النور خواجہ۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ ترکیہ)
مزید پڑھیں: مدرسۃ الحفظ گھانا کے ۱۰۶ویں طالب علم کا اعزاز تکمیلِ حفظ قرآن



