یادِ رفتگاں

عطاء الرحمٰن غنی صاحب کا ذکرخیر

(ضیاء الرحمٰن غنی)

میرے والد مکرم عطاء الرحمٰن غنی صاحب المعروف اَٹّومیاں ۱۹۱۳ء میں قادیان میں پیدا ہوئے۔ اَٹّومیاں پیار کا نام تھا جو گھر والوں نے رکھا تھا۔ آپ کے والد یعنی میرے دادا کا نام مکرم اقبال علی غنی تھا جو پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر تھے۔ آپ کی والدہ حضرت امۃالرحمٰن صاحبہؓ صحابیہ تھیں اور حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کی نواسی بھی تھیں (حضرت حفصہ بیگم صاحبہؓ اور حضرت حکیم مفتی فضل الرحمٰن صاحبؓ کی بیٹی تھیں)۔ پیدائش کے وقت والدصاحب کی ناف میں حضرت خلیفۃالمسیح الاولؓ نے سُچےموتی ڈالے تھے۔ اسی طرح جب ہماری دادی کی پیدائش ہوئی تو اُس وقت بھی اُن کی ناف میں حضرت خلیفۃالمسیح الاولؓ نے سُچے موتی ڈالے تھے۔ غالباً یہ عمل حکمت میں، مخصوص بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تھا۔ ہماری دادی اور والد صاحب نے ساری عمر ویکسینیشن نہیں کروائی اور ہر قسم کی بیماریوں سے بھی محفوظ رہے۔

جن سکولوں میں والدصاحب نے تعلیم حاصل کی اُن میں سے ایک S.R.E.V. High School تھا۔ یہ سکول فیروزآباد میں واقع تھا۔ میٹرک کا امتحان پاس کرنے کے بعد آپ نے REED Christian College Lucknow میں داخلہ لیا اور ۱۹۳۲ء تا ۱۹۳۶ء تک تعلیم حاصل کرتے رہے اور یہاں سے ہی ایف ایس سی اور بی ایس سی (.F.Sc./B.Sc) کے امتحانات پاس کيے۔ اب یہ کالج یونیورسٹی بن چکا ہے۔ اس کالج میں Dr. Thoburn فزکس کے لیکچرار تھے جو بعد میں F.C. College, Lahore آگئے اور جب خاکسار اس کالج میں پڑھتا تھا (۱۹۶۵ء تا ۱۹۶۹ء ) تو وہ خاکسار کے فزکس کے پروفیسر رہے۔

ہمارے دادا گو پنجاب کے رہنے والے تھے لیکن ملازمت کے سلسلے میں یو پی صوبے میں تعینات رہے۔ لکھنؤ میں دادا گورنر یوپی Sir Malcolm Hailey (بعد میں یہ Lord ہوگئے تھے) کے ذاتی معالج رہے۔ والدصاحب نے ایم ایس سی لکھنؤ یونیورسٹی سے ۱۹۳۸ء میں پاس کیا۔ لکھنؤ میں رہنے کی وجہ سے ہمارے دادا کے ہاں سب پان کھاتے تھے اور ان کے گھر میں پاندان برقرار رکھا جاتا تھا۔ M.Sc کا امتحان پاس کرنے کے بعد والدصاحب لاہورآگئے اور احمدیہ ہوسٹل میں رہائش اختیار کی۔ یہ ہوسٹل اُن دنوں ایمپریس روڈ پر ایک کرائے کی کوٹھی میں قائم تھا۔ یہاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی، اولڈ کیمپس سے لائبریری سائنس میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ اس کے بعد جرمن زبان میں ڈپلومہ کیا۔ یہاں رہائش کے دوران ہی والدصاحب نے ٹائپنگ بھی سیکھی اور اپنا ٹائپ رائٹر خریدا اور ٹائپنگ رفتار بھی کافی تیز تھی۔ زمانہ طالب علمی کے دوران والدصاحب بارہا اچانک غائب ہوجایا کرتے۔ تلاش کی جاتی تو لائبریری میں مطالعہ کرتے ہوئے پائے جاتے۔ لائبریریوں سے تو والد صاحب کو بہت لگاؤ تھا۔

آپ نے پہلی ملازمت کلکتہ (اب کولکتہ) کی سرکاری لائبریری سے بطور اسسٹنٹ لائبریرین شروع کی۔ اس کے بعد ۱۹۴۰ء میں دہلی چلے گئے اوروہاں امپیریل (اَب انڈین) ایگریکلچرل انسٹیٹیوٹ میں ملازمت اختیار کی۔ آپ کی شادی ۱۹۴۳ء میں حضرت ڈپٹی میاں محمد شریف صاحبؓ، صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی بیٹی مکرمہ رفیقہ بیگم صاحبہ سے ہوئی۔ ۱۹۴۴ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم فرمایا اور جماعت کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ جن کے پاس سائنسی مضامین میں ماسٹرز ڈگریاں ہیں وہ اپنی زندگیاں وقف کریں۔ حضورؓ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے والدصاحب نے اپنی زندگی وقف کردی اور قادیان چلے گئے۔ ہمارے دادا حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے کلاس فیلو، ہم عمر اور بےتکلف دوست بھی تھے، وہ حضورؓ کے پاس گئے اور کہا کہ آپ نے چونکہ کہہ رکھا ہے کہ جن احباب جماعت کے ہاں ایک بیٹا ہے تو ایسے بیٹے کو وقف کے لیے پیش نہ کیا جائے۔ ان کا چونکہ ایک ہی بیٹا ہے تو اس وجہ سے آپ اس کا وقف قبول نہ کریں۔ حضورؓ نے فرمایا کیونکہ وہ خود آنا چاہتے ہیں اس لیے وہ انہیں روک نہیں سکتے۔ اس طرح والدصاحب کا وقف جاری رہا۔

فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ ۱۹۴۴ء میں قائم ہوا۔ اس انسٹیٹیوٹ کی باقاعدہ تقریب رونمائی قادیان میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی Dr. Sir. S.S.Bhatnagar تھے جن کو حضورؓ نے خاص طور پر مدعو کیا۔ وہ Council of Scientific & Industrial Research, India کے ڈائریکٹر تھے۔

کچھ عرصہ والدصاحب نے تعلیم الاسلام کالج قادیان میں فزکس کے لیکچرار کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ بعد میں فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کام شروع کیا۔ آپ لائبریری سائنس میں ڈپلومہ ہولڈر بھی تھے اس لیے حضورؓ نے جماعت کی لائبریری بھی آپ کے سپرد کردی۔ جب ہندوستان کی تقسیم ہونے لگی تو حکومت نے ایک اپنا لائبریرین، جو کہ سکھ تھا، جماعت کی لائبریری میں تعینات کردیا۔ اس لائبریری میں بہت ہی قیمتی اور نایاب کتابیں تھیں۔ والدصاحب نے خاموشی سے اُن کتابوں کا ایک بنڈل بنایا۔ لائبریری میں جماعت کا ایک نیا ٹائپ رائٹر تھا جسے اصل ڈبّے میں پیک کرکے والدصاحب گورنمنٹ کے تعینات کردہ لائبریرین کے پاس گئے اور انہیں وہ ٹائپ رائٹر تحفے میں دیا۔ سردارجی وہ ٹائپ رائٹر دیکھ کے حیران رہ گئے اور بہت خوش ہوئے کیونکہ وہ ان کے لیے ذاتی تحفہ تھا۔ پھر والد صاحب نے کتابوں کا بنڈل اٹھا کر اپنے سائیکل کے کیریئر پر رکھا اور گھر کی طرف روانہ ہوگئے۔ اگلے دن بسوں کے قافلے میں احباب جماعت کے ساتھ وہ کتابیں بھی بحفاظت لاہور پہنچ گئیں۔ اس واقعہ کے بعد اُس سکھ لائبریرین نے والدصاحب کے وارنٹ گرفتاری جاری کروادیے لیکن والدصاحب بحفاظت پاکستان پہنچ چکے تھے۔ حضور ؓکی ہدایت پر لاہور میں فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دفتر مع لائبریری حضرت نواب عبداللہ خان صاحبؓ کی کوٹھی واقع ۱۰۸؍C، ماڈل ٹاؤن میں کھولا گیا۔ اس دوران والدصاحب نے پاکستان کے اوپر ببلوگرافی بنانے کا کام شروع کیا۔ مختلف لائبریریوں سے حوالہ جات اکٹھے کيے اور یہ ببلوگرافی فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے اور گورنمنٹ کے ایک ادارے The Pakistan Association for the Advancement of Sciences کے اشتراک سے ۱۹۵۱ء میں چھپ گئی جس میں دس ہزار حوالہ جات موجود ہیں۔ یہ پاکستان کے اوپر پہلی ببلوگرافی تھی۔ اس کتاب کا عنوان پاکستان، اے سیلیکٹ ببلوگرافی (Pakistan: A Select Bibliography) رکھا گیا۔ اس کتاب کی رائلٹی پچیس ہزار روپے ملی جو والد صاحب نے حضورؓ کی خدمت میں پیش کردی۔ حضورؓ نے بہت خوشنودی کا اظہار فرمایا۔ ۱۹۵۱ء میں یہ بہت بڑی رقم تھی۔ نیانیا ملک بناتھا اور جماعت کی ضروریات بھی بہت تھیں۔ والد صاحب کو خود بھی پیسے کی بہت ضرورت تھی لیکن اس کے باوجود تمام رقم حضورؓ کی خدمت میں پیش کرنا ایک بہت بڑی سعادت تھی۔

جب ربوہ قائم ہوا تو فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دفتر بھی مع لائبریری ربوہ منتقل ہوگیا۔ ان اداروں کو تعلیم الاسلام کالج کی بلڈنگ میں جگہ دی گئی۔

۱۱؍نومبر ۱۹۵۷ء کو حکومت پاکستان نے یونیسکو (UNESCO) کو دعوت دی کہ آپ پاکستان میں ایک Scientific Documentation Centerکراچی میں قائم کرنے کے لیے مدد کریں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایک وفد، جس کی سربراہی Dr. A.L. Gardner کررہے تھے، پاکستان بھیجا جس میں اور ممبران کے علاوہ Mrs. D. Loman بھی شامل تھیں۔ اُنہیں جب والدصاحب کی تعلیمی قابلیت اور تجربے کا علم ہوا تو انہوں نے آپ سے کہا کہ کراچی میں جو نیا ادارہ قائم کررہے ہیں اس میں شمولیت اختیار کریں اور نئے ادارے کو قائم کرنے میں مدد کریں۔ اس ادارے کا نام PANSDOC یعنی Pakistan National Scientific & Technical Documentation Center رکھا گیا جس کو PCSIR Laboratories کی سربراہی میں قائم کیا۔اس کا پہلا چیئرمین ڈاکٹر سلیم الزمان صدیقی صاحب کو مقرر کیا گیا۔ PANSDOC کا نام اب تبدیل کرکے PASTIC یعنی Pakistan Scientific & Technical Information Center رکھ دیا گیا ہے اور اس ادارے کا صدر دفتر اسلام آباد منتقل ہوگیا ہے۔ والدصاحب نے UNESCO وفد کے ہیڈ کو لکھا کہ چونکہ وہ فضل عمر انسٹیٹیوٹ کے ملازم ہیں اس لیے وہ اس سلسلے میں امام جماعت احمدیہ کو لکھیں۔ جب انہوں نے حضورؓکو چٹھی لکھی تو حضورؓ نے والدصاحب کو ایک سال کے لیے جانے کی اجازت دے دی۔ پھر جب ایک سال گزر گیا تو UNESCOوفد کے ہیڈ نے والدصاحب کی خدمات مستقل طور پر حاصل کرنے کے لیے حضورؓ کو پھر خط لکھا۔ حضورؓ نے والدصاحب کو اجازت دے دی۔ اس طرح والدصاحب کو PCSIR Laboratories کے PANSDOC Unit میںسینئر ببلوگرافک آفیسر کے عہدے پر مستقل طور پررکھ لیا گیا۔ یہاں والدصاحب نے مختلف عنوانات پر ببلوگرافیز بنائیں۔ کراچی میں حکیم محمد سعید صاحب، ہمدرد دواخانہ کے انچارج سے بھی والدصاحب کے روابط بنے۔ حکیم صاحب نے بھی والدصاحب سے مسلمان کیمیادان ابن الہیثم پر کام کروایا۔

۱۹۶۵ء میں حکومت پاکستان نے والدصاحب کو ایک سال کے لیے یونیسکو فیلوشپ (UNESCO Fellowship) پر انگلستان بھجوایا جہاں سے والدصاحب انگلستان کی بیشتر لائبریریوں سے مختلف عنوانات پر Bibliographical Materialحاصل کرکے لائے۔ PANSDOC ادارے سے والد صاحب ۱۹۷۲ء میں ریٹائر ہوئے اور اپنے گھر واقع ماڈل ٹاؤن، لاہور میں رہائش اختیار کی۔

لاہور آنے کے بعد مکرم حسن احمد صاحب (جن کا تعلق لاہور کی مشہور میاں فیملی سے تھا) جو کہ فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان میں بطور اعزازی مشیر کام کررہے تھے، نے فیملی پلاننگ پر ببلوگرافی بنوائی۔ اس ادارے میں والدصاحب Advisor on Documentation بھی رہے۔

اس کے علاوہ PCSIR, Laboratory کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر Scientist Emeritus ڈاکٹر کریم اللہ صاحب کے ساتھ مل کر وفات یافتہ مسلمان سائنسدانوں کے حالات زندگی پر دو والیومز میں کتابیں لکھیں جنہیں Appropriate Technology Development Organization نے چھاپا۔ والدصاحب کا تمام کام اور جوببلوگرافیز انہوں نے بنائی تھیں وہ Google پر بھی دستیاب ہیں اور سرچ بار پرA.R.Ghani ٹائپ کرکے کھولا جا سکتا ہے۔

والدصاحب ۱۹۶۱ء تا ۱۹۷۲ء Pakistan Bibliographical Working Groupکے صدر بھی رہے اور Retrospective National Bibliography of Pakistan کے اگست ۱۹۴۷ء سے دسمبر ۱۹۶۱ء تک چیف ایڈیٹر بھی رہے۔ یہ پراجیکٹ UNESCO کی مالی مدد سے مکمل ہوا۔

۱۹۸۰۔۸۱ء کی مجلس شوریٰ میں مکرم چودھری حمیدنصراللہ خان صاحب، امیر ضلع لاہور نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کو مشورہ دیا کہ چونکہ برطانوی حکومت نے ہندوستان پر تمام ریکارڈ de-classify کر دیا ہے اگر حضور منظورفرمائیں تو مکرم عطاء الرحمٰن غنی صاحب کو انگلستان بھجوا کر وہاں کی مختلف لائبریریوں کے، خاص طور پر انڈیا آفس لائبریری (India Office Library) سے اُس ریکارڈ کی چھان بین کرواکے، حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر جو الزام لگتا ہے کہ آپ انگریزوں کا لگایا ہوا پودا تھے، اُس کی نفی میں جو ریکارڈ ملے، وہ منگوایا جائے۔ اس کے علاوہ اَور بھی جو مواد ملے وہ حاصل کیا جائے۔ حضورؒ نے اس تجویز کو منظور فرمایا جس کے بعد حضورؒ کا انتقال ہوگیا اور اس منظوری پر عمل درآمد حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے دورِ خلافت میں ہوا۔ اس سلسلے میں والدصاحب کو جماعت نے ۱۹۸۲ء کے آخر میں انگلستان بھجوایا جہاں آپ ایک سال تک قیام پذیر رہے۔ اُن کے ٹھہرنے کا انتظام جماعت نے ایک احمدی فیملی کے ہاں کروایا جو کہ مکرم سرافتخاراحمد ایاز صاحب کی ہمشیرہ ہیں۔

والد صاحب نے اپنی رپورٹ مع دستاویزات، جو وہ انگلستان کی مختلف لائبریریوں سے حاصل کرکے لائے تھے، حضورؒ کو پیش کی۔ حضورؒ نے بہت خوشنودی کا اظہار فرمایا۔ یہ رپورٹ جماعت کے ریکارڈ میں موجود ہے۔

حضورؒ نے والدصاحب کو ممبر فضل عمر فائونڈیشن بھی مقرر کیا ہوا تھا اور آپ لائبریری کمیٹی کے بھی ممبر تھے۔ ان اداروں کے اجلاسات میں والدصاحب کو بھی بلایا جاتا۔ ایک میٹنگ میں والدصاحب ربوہ گئے ہوئے تھے تو حضرت مرزا طاہر احمد صاحبؒ سے ملنے اُن کے گھر پر گئے۔ وہاں آپ کے جوتے کا تلہ اُکھڑ گیا۔ حضورؒ اندر تشریف لے گئے۔ واپس آئے تو آپ کے ہاتھ میں ہتھوڑی اور ایک ڈبیہ تھی جس میں باریک کیل تھے۔ حضورؒ نے والدصاحب سے اُن کا جوتا پکڑ کر اپنے ہاتھ سے کیل لگا کے اُسے اس قابل کردیا کہ والدصاحب بآسانی لاہور پہنچ گئے۔ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ حضورؒ میں کس قدرعاجزی و انکساری تھی۔

ریٹائرمنٹ کے بعد والدصاحب نے مندرجہ ذیل کتب تصنیف فرمائیں:

۱۔ Gur & Indigenous Sugar Industry of South Asia. An Annotated Bibliography۔ یہ کتاب گُڑ کے اوپر ببلیوگرافی ہے جسے شاہ تاج شوگر ملز، منڈی بہاؤ الدین اور گورنمنٹ کے ادارے Appropriate Technology Development Organization کے اشتراک سے چھاپا گیا۔ اُن دنوں مکرم ناصر محمد سیال صاحب شاہ تاج شوگر ملز میں بطور چیف کیمسٹ کام کررہے تھے۔ اس کتاب میں بہت ہی مفصل نوٹ انہوں نے لکھا جو کتاب کی زینت بنا۔ مکرم سیال صاحب امریکہ کی Iowa Universityسے کیمسٹری میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرچکے تھے اور انہوں نے بھی اپنی زندگی وقف کرکے فضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں شمولیت اختیار کی اور اس انسٹیٹیوٹ کے اختتام تک وہ یہیں کام کرتے رہے۔ بعد میں انہیں حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی دامادی کا بھی شرف حاصل ہوا۔ حضور ؓکی بیٹی مکرمہ امۃ الجمیل صاحبہ سے آپ کا عقد ہوا۔

۲۔Biographical Notes on Eminent Musilm Scientiests of South Asia Vol-I (1877-1979 AD) – Published 1989, Vol-II (1891-1991 AD) Published in 1999.

یہ کتابیں والدصاحب نے PCSIR لیبارٹریز، لاہور کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر اور Scientist Emeritus ڈاکٹر کریم اللہ صاحب کے ساتھ مل کر لکھیں جن کے دونوں والیومز پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اسلام آباد نے شائع کيے۔ ان والیومز کو سائنسی حلقوں نے بہت خوشی سے وصول کیا بلکہ نیشنل بُک کونسل پاکستان سے ۱۹۸۹ء میں ایک Certificate of Commendation بھی حاصل دیا گیا۔

ایک دفعہ جلسہ سالانہ کے موقع پر لاہور کی جماعت کی حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ سے ملاقات کے دوران خاکسار اور والدصاحب قطار میں کھڑے ہوئے تھے۔ حضورؒکرسی پر تشریف فرماتھے اور ساتھ ہی مکرم چودھری حمیدنصراللہ خان صاحب، امیر ضلع لاہور کھڑے تھے۔ حضورؒ کے قریب پہنچنے پر حضور ؒکی نظر جب والدصاحب پر پڑی تو حضورؒ نے فرمایا:’’یہ کدھر سے نکل آیا چاند آج۔ ‘‘ پھر دو تین منٹ حضورؒ والدصاحب سے گفتگو کرتے رہے۔ والدصاحب کی تمام خلفائے احمدیت کے ساتھ والہانہ محبت تھی اور ان کا بہت احترام کرتے تھے۔

۱۹۸۲ء میں خلافت کے منصب پر فائز ہونے کے بعد جب حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ لاہور تشریف لائے تو مکرم چودھری حمیدنصراللہ خان صاحب کی کوٹھی واقع لاہور چھاؤنی میں قیام فرمایا۔ اس موقع پر مکرم امیرصاحب لاہور نے سوال و جواب کی محافل کا اہتمام کیا جو کئی روز جاری رہیں۔ ایک محفل میں والدصاحب بھی تشریف لے گئے۔ کیونکہ کچھ تاخیر سے پہنچے تھےاس لیے پنڈال کے اندر سب کرسیاں پُر ہوچکی تھیں۔ والدصاحب شامیانے کے اندر ہی اَور لوگوں کے ہمراہ کھڑے تھے کہ امیرصاحب نے کسی خادم کو آپ کے پاس بھیجا اور کہلوایا کہ اس مجلس کے بعد آپ گھر کے اندر تشریف لے آئیں اور کھانا حضور کے ساتھ کھائیں۔ یہ والدصاحب کی بڑی خوش نصیبی تھی۔

والد صاحب نے ۱۰؍جون ۲۰۰۰ء کو وفات پائی۔ وفات کے وقت آپ کی عمر ۸۷؍سال تھی۔ نماز جنازہ اگلے روز مسجد بیت النور، ماڈل ٹاؤن میں مکرم چودھری حمیدنصراللہ خان صاحب نے پڑھائی اور والد صاحب کے اوصاف حمیدہ پر بھی مفصّل روشنی ڈالی۔ امیرصاحب نے یہ بھی بتایا کہ وقف کرنے سے قبل والدصاحب ملنے آئے تو آپ لال رنگ کی Convertible کار میں، کالے رنگ کا سوٹ پہنے ہوئے، سر پر کالاہیٹ اور بوٹائی لگائے ہوئے آئے۔ وقف کے بعد میں آپ نے سوٹ پہننا ترک کردیا اور شلوار قمیض کے اوپر شیروانی پہننی شروع کردی۔ ہیٹ جو اُن کے پاس تھے ان کے کنارے کٹوا کے اُن کی ٹوپیاں بنوالیں۔

جنازے میں احباب جماعت نے کافی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تدفین احمدیہ قبرستان، ماڈل ٹاؤن میں عمل میں آئی۔ قبر تیار ہونے پر مکرم امیرصاحب نے دعا کروائی اور کتبے پر کندہ کرنے کے لیے درج ذیل عبارت بھی خود لکھ کر دی:

’’آپ حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ کی نواسی محترمہ امۃالرحمٰن صاحبہ کے بیٹے، ریسرچ سکالر، مصنف سائنسدان، ڈائریکٹرفضل عمر ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایک حلیم الطبع اور ملنسار خادم سلسلہ تھے۔ ‘‘

جیسا کہ اوپر ذکر ہوچکا ہے ہماری دادی صحابیہ تھیں اور حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کی نواسی بھی تھیں۔ وہ بیان کیا کرتی تھیں کہ اُن کی عمر دس سال کے قریب تھی۔ یہ اپنے ناناحضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ کے گھر قادیان میں اپنے والدین کے ساتھ گئی ہوئی تھیں۔ صحن میں اَور بچیوں کے ساتھ کھیل رہی تھیں۔ اُس روز حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل ؓکے گھر میں اُن کے کسی بیٹے کی تکمیلِ قرآن کی تقریب تھی۔ مردوں کے بیٹھنے کا انتظام اوپر کی منزل میں تھا جب کہ مستورات نیچے کی منزل میں فروکش تھیں۔ وہ بیان کیا کرتی تھیں کہ کسی خادم نے اونچی آواز میں کہا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام تشریف لارہے ہیں۔ یہ آواز سن کے حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل ؓدوسرے احباب کے ساتھ نیچے تشریف لے آئے اور باہر گلی میں جا کے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو خوش آمدید کہا اور اپنے ساتھ اوپر کی منزل میں لے گئے۔ جب حضورؑ سیڑھیاں چڑھ رہے تھے تو دادی نے اُنہیں دیکھا۔ حضورؑ نے سفید کُرتہ پاجامہ پہن رکھا تھا اور سر پر سرخ رنگ کی ترکی ٹوپی جو کہ پُھندنے کے بغیر تھی۔ غالباً گھر میں حضورؑ پگڑی کی جگہ ترکی ٹوپی پہنتے تھے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الاوّل ؓکے بیٹے سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے قرآن کا کچھ حصہ سنا اور بعد میں آپؑ نے ہی دعا کروائی۔ اس واقعے کا تعلق گو براہ راست والد صاحب سے تو نہیں ہے لیکن کیونکہ اس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ذکر ہے اس لیے اسے اس مضمون میں شامل کردیا ہے۔

دعا ہے کہ خداتعالیٰ والدصاحب کو اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے اور اُن کے درجات بلند کرے۔ آمین

مزید پڑھیں: محترمہ صاحبزادی امۃ الجمیل صاحبہ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button