یورپ (رپورٹس)

الحافظون حفظ اکیڈمی یوکے اور مدرسۃ الحفظ یوکے کی مشترکہ سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ یوکے کے زیر انتظام ’’الحافظون حفظ اکیڈمی‘‘ اور ’’مدرسۃ الحفظ یوکے‘‘ کی پہلی مشترکہ سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات مورخہ ۲۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو مسجد بیت الاحسان، لندن میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب دونوں اداروں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل تھی۔ الحافظون اپنے قیام کے ۲۶؍سال جبکہ مدرسۃ الحفظ سات سال مکمل کرچکا ہے۔ تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانان نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد قرآن کریم حفظ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی، ان کی تعلیمی کامیابیوں کا اعتراف اور قرآن کریم کی تعلیم و ترویج کے لیے دونوں اداروں کی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم فیروز عالم صاحب انچارج بنگلہ ڈیسک مرکزیہ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مدرسۃ الحفظ یوکے کے طالب علم عزیزم جاحظ حق ورک نے کی۔ بعد ازاں حدیث نبویؐ، ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ اور نظم از درثمین پیش کی گئی۔

تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت الحافظون کی طالبہ عزیزہ فرحانہ عزیز کی تکمیل حفظ قرآن کریم تھی۔ عزیزہ نے سورت ابراہیم کے چھٹے رکوع کی تلاوت کرکے اپنا حفظ سبق پیش کیا۔ مہمان خصوصی نے حاضرین و سامعین کے ساتھ دعائے ختم القرآن لفظاً لفظاً دہرائی۔

بعد ازاں دونوں اداروں کے نگران اعلیٰ مکرم حافظ فضل ربی صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی یوکے نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ آپ نے بتایا کہ الحافظون کا قیام ستمبر ۲۰۰۰ء میں خلافت رابعہ کے مبارک دور میں جبکہ مدرسۃ الحفظ یوکے کا قیام اکتوبر ۲۰۱۹ء میں خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں عمل میں آیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دونوں ادارے حفظ قرآن کریم کی خدمت میں مصروف ہیں۔

الحافظون کے تحت تین سیکشن کام کررہے ہیں۔ بوائز سیکشن میں ۱۹؍طلبہ، جبکہ گرلز سیکشن میں ۲۳؍طالبات زیر تعلیم ہیں۔ تیسرا سیکشن ’’تدریب الامہات‘‘ کے نام سے قائم ہے جس کے تحت طلبہ و طالبات کی ماؤں کو حسن تلفظ کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ گھر میں اپنے بچوں کی ہوم ٹیچرز کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کے حفظ کے اسباق مکمل کروانے میں معاونت کرسکیں۔

مکرم حافظ صاحب نے بتایا کہ آن لائن کلاسز کے علاوہ طلبہ و طالبات مختلف ویک اینڈز پر مسجد بیت الاحسان میں منعقد ہونے والی چار گھنٹے کی بالمشافہ کلاسز میں بھی باقاعدگی سے شامل ہوتے رہے۔ دونوں سیکشنز میں علمی مقابلہ جات بھی منعقد کیے گئے جن میں تلاوت، قرآن کوئز، احکام القرآن، ادعیۃ القرآن اور اختبار الآیات شامل تھے۔ اس کے علاوہ اکیڈمی میں پانچ روایتی جلسے بھی منعقد کیے گئے جن میں سیرت النبیؐ، یوم مسیح موعود، یوم مصلح موعود، یوم خلافت اور جلسہ یوم والدین شامل ہیں۔

مدرسۃ الحفظ یوکے سے اب تک آٹھ طلبہ اور تین طالبات مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں۔ فارغ التحصیل طلبہ رمضان المبارک میں باقاعدگی سے نماز تراویح پڑھانے کی توفیق پاتے ہیں جبکہ ان میں سے دو طلبہ اس وقت جامعہ احمدیہ یوکے میں زیر تعلیم ہیں۔ دونوں اداروں میں مجموعی طور پر ۷۱؍معلمات و معاونات، بشمول چار مرد اساتذہ، خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

رپورٹ میں اساتذہ، سیکشن انچارجز، معاونین، انتظامی ٹیموں اور رضاکاروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ حفظ قرآن کریم کا بابرکت سفر صرف ادارے یا اساتذہ کی کوششوں سے مکمل نہیں ہوتا بلکہ والدین کی توجہ، گھر میں دہرائی کے لیے سازگار ماحول اور طلبہ کی مستقل مزاجی بھی اس میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

رپورٹ کے بعد مہمان خصوصی نے طلبہ میں اسناد، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ امسال دونوں اداروں میں پانچ سالہ تدریسی خدمات مکمل کرنے والی معلمات و معاونات کو اسناد امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ لجنہ سیکشن میں معلمات اور طالبات کو اسناد و میڈلز مکرمہ ڈاکٹر قرۃ العین چاؤ صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ یوکے نے تقسیم کیے۔ انعامات اور اسناد کا اعلان خاکسار (انچارج اکیڈمکس) نے کیا۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے اپنی تقریر میں طلبہ و طالبات کی محنت اور کارکردگی کو سراہا اور انہیں قرآن کریم کی باقاعدہ دہرائی جاری رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماعی دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس کے بعد مہمانان گرامی کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ دونوں اداروں کی مساعی میں برکت عطا فرمائے، اساتذہ، والدین اور معاونین کو بہترین جزا دے اور تمام طلبہ و طالبات کو قرآن کریم کا حقیقی خادم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:حافظ حمزہ زاہد۔ انچارج اکیڈمکس و استاد مدرسۃ الحفظ یوکے)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ مالٹا کے آٹھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ءکا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button