مجلس انصار اللہ برطانیہ اور بیلجیم کے سالانہ اجتماعات سے سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا پُر معارف اختتامی خطاب
ہمارا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی بیعت کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ایک ایسی جماعت قائم ہو جو اللہ تعالیٰ اور بندے کے حقوق کو قائم کرنے والی، اُن حقوق کو اپنے اوپرلازم کرنے والی اور ان پر عمل کرنے والی ہو
ہر ناصر کو اس بات پر غور کرتے رہنا چاہیے کہ ہم نے اپنی زندگی کے مقصد کو سمجھنا ہے۔ اپنے لیے بھی اور اپنی اولادوں اور نسلوں کے لیے بھی۔ ہم نے یہ غور کرنا ہے کہ ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں۔ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ احمدی ہونے کے بعد جو ہم نے عہد کیا ہے اسے کس حد تک پورا کر رہے ہیں اور کس حد تک اپنے گھروں میں اسے پورا کروانے کے لیے تلقین کر رہے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں۔
مسیح محمدیؐ کے انصار پر تو یہ اس سے بڑھ کر ذمہ داری ہے کہ اپنے اس عہد کو پورا کریں اور جن شرائط پر بیعت کی ہے ان شرائط کو پورا کرنے کے لیے اپنی تمام تر طاقتوں اور صلاحیتوں کے ساتھ عمل کریں۔ اپنے گھروں کو بھی دنیا کی نجاستوں سے پاک کریں اور بچائیں اور معاشرے میں بھی خدا تعالیٰ کی حکومت قائم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جھنڈا لہرانے کے لیے اپنی انتہائی کوششیں کریں
ہمیشہ یہ مدّ نظر رکھنا چاہیے کہ یہ ہمارا عہد ہے اور ہم نے جو عہد کیا ہے تو وہ صرف عہد برائے عہد نہیں بلکہ اسے پورا کرنے کے لیے عہد کیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تمہارے عہدوں کے بارے میں تم سے پوچھا بھی جائے گا۔پس اس بات کو ہمیشہ ہر احمدی کو اور خاص طور پر ہر ناصر کو مدّنظر رکھنا چاہیے
اللہ بہرحال مقدّم ہونا چاہیے۔ ’’دین کو دنیا پر مقدّم رکھوں گا‘‘ کا عہد کرتے ہیں تو اس کا ایک مطلب یہی ہے کہ ہر معاملے میں اللہ تعالیٰ کا حق پہلے ہے
آپؑ کی کتب اور ملفوظات کا مطالعہ بھی کرنا چاہیے۔ ہر ایک کو اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ گذشتہ ایک سال میں ہم نے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے قول کو اپنی زندگیوں کا حصہ بناتے ہوئے عہدِ بیعت نبھانے کی کوشش کی ہے؟ اگر نہیں یا اس کے معیار کے مطابق نہیں ہے تو پھر قابل فکر بات ہے۔ پھر نَحْنُ اَنْصَارُ اللّٰہِ کا نعرہ لگا دینا کافی نہیں ہوگا اور انصار اللہ کا دعویٰ پھر خالی دعویٰ ہے
اس بات پر آپؑ نے خاص طور پر توجہ دلائی تھی کہ توحید کا اقرار جماعت کو کرنا چاہیے اور تبتّل الی اللہ اور ذکر الٰہی اور حقوق الاخوان میں خاص رنگ پیدا ہونا چاہیے۔ یہ ساری باتیں اگر ہوں گی تبھی ایک احمدی حقیقی احمدی کہلا سکتا ہے۔ تبھی ایک ناصر حقیقی ناصر کہلا سکتا ہے۔ مددگار کہلا سکتا ہے جو مسیح موعود علیہ السلام کے پیغام کو دنیا میں پھیلانے والا ہوگا۔جو اپنی نسلوں کی اس نہج پر تربیت کرنے والا ہوگا
اللہ تعالیٰ کے حقوق میں سب سے بڑھ کرحق یہ ہے کہ اس کی عبادت کی جائے اور یہ عبادت کسی ذاتی غرض پر مبنی نہ ہو
اگر ہم یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ہر ایک کے لیے ہمارے دل میں ہمدردی اور پیار ہے اور ہم نفرت کسی سے نہیں کرتے تو پھر آپؑ فرماتے ہیں کہ پھر دشمن کے لیے بھی اپنا سینہ صاف کرو۔ ان کے لیے ہمدردی کے جذبات ہوں۔ ان کے لیے دعائیں کرو اور ان کو سیدھے راستے پر لانے کی کوشش کرو تو تب ہی ان کے لیے یہ ہمدردی نفرت دور کرنے کا باعث بنے گی
ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔ ہم نے ہر ایک کے لیے دعا کرنی ہے اور ہر ایک کو سیدھا راستہ دکھانے کی کوشش کرنی ہے۔ اس سوچ کے ساتھ جب ہم اپنی تبلیغ کریں گے تو اس میں برکت بھی پڑے گی اور نئے نئے راستے کھلیں گے۔تبلیغ کی بہت ساری کوششیں ہوتی ہیں لیکن سوچ اتنی خالص نہیں ہوتی جتنی ہونی چاہیے
ہمیں اس بات کو ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے اور اس پر غور کرنا چاہیے کہ ہم کس حد تک نیکیوں کا اثر دوسروں پہ ڈالتے ہیں
ہر احمدی کو قرآن کریم بڑے غور سے پڑھنا چاہیے اور انصار کو خاص طور پر پڑھنا چاہیے۔ اس کے ترجمے پڑھنے کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے
آپؑ نے ہمیں بھی یہی تلقین فرمائی ہےکہ قرآن شریف کو پڑھو۔ اس میں دلیلیں تلاش کرو۔ اس میں تمہیں ہر قسم کی دلیل مل جاتی ہے۔اسلام کی سچائی کی دلیل ہے۔ خدا تعالیٰ کے وجود کی دلیل ہے۔برائیوں سے بچنے کے طریق ہیں۔ حقوق العباد ادا کرنے کے طریق ہیں اور بہت ساری اَور باتیں ہیں۔ ان سب کی تعلیم ہمیں اس میں ملتی چلی جائے گی
آپؑ نے اس بات کی طرف بار بار توجہ دلائی ہے کہ تم قرآن کریم کو سمجھنے کی کوشش کرو اور اس کا ترجمہ پڑھو اور کبھی نا امید نہ ہو کہ پتہ نہیں ہم سچے ہیں کہ نہیں۔ آجکل بعض نوجوانوں میں یہ بات آ جاتی ہے۔ اگر انصار کو پورا علم ہو تو ان نوجوانوں کے شکوک خود ہی دور کر سکتے ہیں
ہمیں ٹھہر ٹھہر کر، سمجھ سمجھ کر نماز پڑھنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے مانگنا چاہیے
حقیقت یہ ہے کہ سورت فاتحہ کو اگرغور سے پڑھیں اور پھر اپنے سجدوں میں اور اپنی زبان میں اللہ تعالیٰ سے مانگیں اور اپنے مقاصد کو اللہ تعالیٰ کے سامنے رکھتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کریں تو اللہ تعالیٰ دعاؤں کو سنتا ہے اور مسائل کو حل کرتا ہے
آج کل دنیا کے جو حالات ہم دیکھ رہے کہ کس طرح دنیا تباہی کی طرف جا رہی ہے اور ایک تباہی کا نظارہ، ایک بہت بڑی تباہی کا نظارّہ سامنے آتا ہوا نظر آرہا ہے جس کو دنیا سمجھ نہیں رہی۔ بڑی قومیں خاموشی سے سمجھتی ہیں کہ ہم جنگ کریں گے اور اگر ہم جیت گئے تو ہماری دنیا پر ایک برتری ہو جائے گی لیکن اگر یہ جنگ ہوگئی تو اس میں قومیں تباہ ہو جائیں گی۔ پس اگر احمدیوں نے اس سے بچنا ہے یا دنیا کو بچانا ہے تو اس کے لیے ہمیں خود بھی اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنا ہوگا اور لوگوں کو بھی اس کی آگاہی دینی ہوگی کہ دیکھو! اگر تم چاہتے ہو کہ عذاب سے بچو، تباہیوں سے بچو، جو چاہے انسانی غلطیوں کی وجہ سے تباہیاں آنے والی ہیں یا انسانوں کی جنگوں کی وجہ سے تباہیاں آنے والی ہیں یا اللہ تعالیٰ کے عذاب سے کوئی تباہی آنے والی ہے توان سے بچنے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ خدا تعالیٰ کی طرف جھکو اور اس کی عبادت کا حق بجا لاؤ۔ اس کے بندوں کے حق ادا کرو۔ نیکیوں کی طرف قدم بڑھاؤ اور ایک پُرامن معاشرہ قائم کرو جس میں اللہ تعالیٰ کے حقوق بھی ادا ہو رہے ہوں اور بندوں کے حقوق بھی ادا ہوں
ہم حقیقی رنگ میں انصار اللہ بن کر اللہ تعالیٰ کی توحید کو دنیا میں قائم کرنے والے ہوں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے کو دنیا میں لہرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے والے ہوں
مجلس انصار اللہ برطانیہ اور بیلجیم کے سالانہ اجتماعات سے سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا پُر معارف اختتامی خطاب
فرمودہ مورخہ 20؍ستمبر2026ء بروز اتواربمقام اجتماع گاہ، ہُک لین، Puttenham، گلفورڈ، یوکے
(خطاب کا یہ متن ادارہ الفضل اپنی ذمہ داری پر شائع کر رہا ہے)
أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِيْکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ۔
أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ۔ بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ﴿۱﴾
اَلۡحَمۡدُلِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ۙ﴿۲﴾ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ ۙ﴿۳﴾ مٰلِکِ یَوۡمِ الدِّیۡنِ ؕ﴿۴﴾إِیَّاکَ نَعۡبُدُ وَ إِیَّاکَ نَسۡتَعِیۡنُ ؕ﴿۵﴾
اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ ۙ﴿۶﴾ صِرَاطَ الَّذِیۡنَ أَنۡعَمۡتَ عَلَیۡہِمۡ ۬ۙ غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا الضَّآلِّیۡنَ﴿۷﴾
مَیں ہمیشہ آپ کو اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہوں کہ آپ جو انصار اللہ کہلاتے ہیں آپ جماعت کا وہ حصہ ہیں جو تجربے اور عمر کے لحاظ سے اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں یا اس گروہ میں داخل ہو چکے ہیں جو عمر اور تجربے کے لحاظ سے آخری عمر کا گروہ ہے۔ اس کے بعد تو پھر اگلا جہان ہی ہے۔ پس
ہر ناصر کو اس بات پر غور کرتے رہنا چاہیے کہ ہم نے اپنی زندگی کے مقصد کو سمجھنا ہے۔ اپنے لیے بھی اور اپنی اولادوں اور نسلوں کے لیے بھی۔ ہم نے یہ غور کرنا ہے کہ ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں۔ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ احمدی ہونے کے بعد ہم نے جو عہد کیا ہے اسے کس حد تک پورا کر رہے ہیں اور کس حد تک اپنے گھروں میں اسے پورا کروانے کے لیے تلقین کر رہے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں۔
ہم انصار اللہ کی تنظیم میں شامل ہو کر نَحْنُ اَنْصَارُ اللّٰہِ کا اعلان کرتے ہیں۔پس اس بات پر غور کریں کہ پہلے نَحْنُ اَنْصَارُ اللّٰہِ کہنے والوں نے، جن کا قرآن شریف میں ذکر ہے، یہ اعلان کیا تھا کہ ہم مسیحؑ کے مشن کو چلانے میں اس کے مددگار ہوں گے۔ اس کے پیغام کو پہنچائیں گے۔اور اس کی مدد کریں گے۔(الصف:15) اور
مسیح محمدیؐ کے انصار پر تو یہ اس سے بڑھ کر ذمہ داری ہے کہ اپنے اس عہد کو پورا کریں اور جن شرائط پر بیعت کی ہے ان شرائط کو پورا کرنے کے لیے اپنی تمام تر طاقتوں اور صلاحیتوں کے ساتھ عمل کریں۔ اپنے گھروں کو بھی دنیا کی نجاستوں سے پاک کریں اور بچائیں اور معاشرے میں بھی خدا تعالیٰ کی حکومت قائم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جھنڈا لہرانے کے لیے اپنی انتہائی کوششیں کریں۔
ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اِنَّ الْعَہْدَ کَانَ مَسْئُوْلًا۔(بنی اسرائیل:15) کہ یقیناً عہد کے بارے میں پوچھا جائےگا۔ پس ہمیں اس بات کو ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے اور ہم نے اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق اس زمانے میں جو سب سے بڑا عہد کیا ہے وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام سے یہ عہد ہے کہ ہم آپؑ کی بیعت میں شامل ہوتے ہیں اور ان تمام برائیوں سے بچنے کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتیں استعمال کریں گے اور تمام نیکیوں کو اختیار کرنے کے لیے اور اپنی روحانیت کو بڑھانے کے لیے اور اللہ تعالیٰ کا قرب پانے کے لیے مکمل طور پر اپنی تمام طاقتوں کے ساتھ کوشش کریں گے اور اس سوچ کے ساتھ کریں گے کہ ہمارے اس عمل سے اللہ تعالیٰ ہم پر فضل فرمائے گا۔ یہ مدد کسی احسان کے طور پر نہیں ہے بلکہ ہمارے ہی فائدے کے لیے ہے۔ پس
ہمیشہ یہ مدّ نظر رکھنا چاہیے کہ یہ ہمارا عہد ہے اور ہم نے جو عہد کیا ہے تو وہ صرف عہد برائے عہد نہیں بلکہ اسے پورا کرنے کے لیے عہد کیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تمہارے عہدوں کے بارے میں تم سے پوچھا بھی جائے گا۔پس اس بات کو ہمیشہ ہر احمدی کو اور خاص طور پر ہر ناصر کو مدّنظر رکھنا چاہیے۔
گذشتہ سال مَیں نے تقویٰ اور بیعت کے حوالے سے انصار کو کچھ کہا تھا اور شرائط بیعت پر بعض باتیںکی تھیں۔ اسی طرح مَیں نے یو کے جلسہ سالانہ میں بھی اور جرمنی کے جلسہ سالانہ میں بھی شرائط بیعت کے مضمون کو ہی بیان کیا تھا اور شرائط بیعت کے جو کچھ پہلو تھے ان کو سامنے رکھتے ہوئے ان پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی تھی۔پس ہر احمدی اور ہر ناصر کو ہمیشہ ان باتوں پر غور کرتے رہنا چاہیے۔ یہ نہیں کہ ایک دفعہ مَیں نے تقریر کی تو ختم ہو گئی۔ اس کو سنتے رہیں جگالی کرتے رہیں۔ ایم ٹی اے پر آتی ہے۔ گو کہ تفصیلی طور پر دوبارہ میں نے ان دو تقریروں میں وہ تمام باتیں Coverنہیں کیں جو بیعت کی شرائط میں سے ہیں لیکن اس سے کئی سال پہلے اپنی خلافت کے ابتدا میں شرائطِ بیعت بیان کی تھیں جو کتاب کی صورت میں شائع ہو چکی ہیں۔ بہرحال ہم نے اپنے عہدِ بیعت کو نبھانا ہے۔ وہ کوشش کرنی ہے جو انسانی طاقت کے لیے ممکن ہے اور ہمیںیہ دیکھنا ہے کہ عہد بیعت کرنے کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ہم سے کیا چاہتے ہیں۔ آپؑ نے تو بڑے واضح طور پر فرمایا ہے کہ میرے سلسلہ میں اگر داخل ہوئے ہو تو یہ سوچ کے داخل ہو کہ تم آخَرِیْنَ مِنْہُمْ (الجمعۃ:4) کے مصداق بننے والے ہو۔ اس لیے اپنے پرانے تمام مشاغل ہیں، غلط قسم کے جو کام ہیں، دنیاوی کام جو ہیں ان سب کو دور کرنا ہوگا، یعنی دنیاوی خواہشات، کام تو دنیا میں انسان کرتا ہے دنیاوی خواہشات کو دور کرنا ہوگا اور اپنی ساری توجہ خدا تعالیٰ کی طرف کرنی ہوگی۔ تبھی تم عہدِ بیعت کو پورا کر سکتے ہو۔
اللہ بہرحال مقدّم ہونا چاہیے۔ دین کو دنیا پر مقدّم رکھوں گا کا عہد کرتے ہیں تو اس کا ایک مطلب یہی ہے کہ ہر معاملے میں اللہ تعالیٰ کا حق پہلے ہے۔
پس ہمیں سوچنا چاہیے اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ کیا ہم اس سوچ کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ آپؑ نے یہ بھی فرمایا کہ میرے ہاتھ پر اگر بیعت کی ہے اور مجھےحَکَماور عدل مانا ہے تو پھر اپنے ایمان و عرفان میں ترقی کرو۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ جو شخص ایمان لاتا ہے اسے اپنے ایمان سے یقین اور عرفان تک ترقی کرنی چاہیے۔ اور ایمان میں ترقی یہ ہے کہ جو کچھ مَیں نے کہا ہے اس پر اتنا یقین رکھو کہ کوئی چیز تمہیں اس بات سے روکنے والی نہ ہو۔ اور ہمیشہ میری باتوں پر حسن ظن رکھو اور یہ سمجھو کہ یہ تمہارے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ میرا آنا اللہ تعالیٰ کی پیشگوئی کے مطابق اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کے مطابق ہے۔پس آپؑ فرماتے ہیں کہ مَیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نمائندگی میں آیا ہوں اس لیے جو مَیں باتیں کہوں انہیں غور سے سنو اور حَکَمَ اور عدل کے طور پر میری باتوں کو مانو اور اپنے عہدوں کو پورا کرو اور ہمیشہ یاد رکھو کہ اگر تم یہ نہیں کرو گے تو تم اپنا حقِّ بیعت اور عہدِ بیعت حقیقت میں نبھا نہیں رہے ہو گے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 413-414 ، ایڈیشن 2022ء)
پس یہ وہ سوچ ہے جس کو ہر ناصر کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھنا چاہیے اور پھر آپؑ کے ارشادات پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کے لیے
آپؑ کی کتب اور ملفوظات کا مطالعہ بھی کرنا چاہیے۔ ہر ایک کو اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ گذشتہ ایک سال میں ہم نے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے قول کو اپنی زندگیوں کا حصہ بناتے ہوئے عہدِ بیعت نبھانے کی کوشش کی ہے؟ اگر نہیں یا اس کے معیار کے مطابق نہیں ہے تو پھر قابل فکر بات ہے۔ پھر نَحْنُ اَنْصَارُ اللّٰہِ کا نعرہ لگا دینا کافی نہیں ہوگا اور انصار اللہ کا دعویٰ پھر خالی دعویٰ ہے۔
پھر جیسا کہ میں نے کہا کہ آپؑ نے فرمایا تھا کہ تم عہد بیعت میں شامل ہو کے آخَرِیْنَ مِنْھُمْ میں شامل ہوگئے ہو اس لیے تمام پرانی غلط قسم کی حرکتوں کو چھوڑنا پڑے گا اور دنیا کی جو بیہودہ قسم کی حرکتیںہیں، لغویات ہیں، غلط باتیں ہیں یا ایسی چیزیں ہیں جو تمہیں دین سے ہٹانے والی ہیں یا تمہارے ایمان کو کمزور کرنے والی ہیں یا تمہارے عمل میں کسی قسم کی کمزوری ڈالنے والی ہیں۔ ان کو تمہیں بہرحال چھوڑنا ہو گا۔ یہ اسی طرح ہے جیسے تمہارے پرانے کپڑے ہیں، یا گندے کپڑے ہیں، ان کو اتار کر صاف اور دھلے ہوئے کپڑے پہنتے ہو۔ آپؑ نے یہ لفظ استعمال کیا ہے کہ
جھوٹے مشاغل کے کپڑے اتارو اور اپنی ساری توجہ خدا تعالیٰ کی طرف کرو۔
آپؑ فرماتے ہیں کہ اس بیان سے میرا مدّعا اور منشا یہ ہے کہ جب خدا تعالیٰ نے یہ سلسلہ قائم کیا ہے اور اس کی تائید میں صدہا نشان اس نے ظاہر کیے ہیں۔ ہم یقیناً مانتے ہیں کہ بہت سے نشانات ہیں آسمانی بھی اور زمینی بھی اللہ تعالیٰ نے ظاہر فرمائے۔ آپؑ نے فرمایا اس کی غرض یہ ہے کہ جماعت صحابہؓ کی جماعت ہو اور پھر خیر القرون کا زمانہ آ جائے۔ جو لوگ اس سلسلے میں داخل ہیں چونکہ وہ آخَرِیْنَ مِنْھُمْ (الجمعۃ:4) میں داخل ہوتے ہیں اس لیے وہ جھوٹے مشاغل کے کپڑے اتار دیں۔جو بھی غلط قسم کے مشاغل تھے، عادتیں تھیں یا رسمیں تھیں ان کو چھوڑنا پڑے گا۔ اور اس طرح نہ ہی جو موجودہ زمانے کی رسمیں ہیں، نئی نئی باتیں ہیں، بیہودہ چیزیں ہیں، لغویات ہیں ان سے بھی بچنا ہوگا، ان کو بھی چھوڑنا ہوگا تبھی ہم حقیقی احمدی کہلا سکیں گے۔

آپؑ نے فرمایا کہ اپنی تمام تر توجہ خدا تعالیٰ کی طرف کرو اور تمہاری حالت یہ ہو کہ تم فیج اعوج کے دشمن ہو۔ یعنی ٹیڑھی فوج کے دشمن ہو جاؤ جو دنیا میں ٹیڑھ پھیلانے والی چیزیں ہیں، جو زمانہ ایک ہزار سال کا ٹیڑھا زمانہ تھا جس میں دین بگاڑا گیا تم اس بگڑے ہوئے دین کے پیچھے نہ چلو۔ اپنی اصلاح کرو اور اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ کرنے کا مطلب ہی یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے جو احکامات ہیں انہیں قرآن کریم سے تلاش کرو۔ ان پر عمل کرنے کی کوشش کرو۔ آپؑ نے پھر اس کی تفصیل بھی بیان فرمائی ہے کہ اسلام پر تین زمانے گزرے ہیں۔ ایک قرون ثلاثہ۔پہلےتین صدیاں ہیں۔اس کے بعد فیج اعوج کا زمانہ جس کی بابت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ لَیْسُوْا مِنِّیْ وَلَسْتُ مِنْھُمْ۔ یعنی نہ وہ مجھ سے ہیں اور نہ مَیں ان سے ہوں۔ اور تیسرا زمانہ مسیح موعودؑ کا زمانہ ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کے زمانے سے ملحق ہے۔ یعنی وہی زمانہ وہی جو مسیح موعودؑ کے آنے کا مقصد تھا وہ یہی تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم، جو حقیقی تعلیم ہے اس کو دنیا میں دوبارہ قائم کیا جائے۔ اگر ہم سنجیدگی سے اس پر غور اور عمل نہیں کر رہے تو ہم اپنا عہدِ بیعت نہیں نبھا رہے۔
پھر فیج اعوج کے زمانے کا ذکر کرتے ہوئے آپؑ فرماتے ہیں۔فیج اعوج کا ذکر اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نہ بھی فرماتے تو یہی قرآن شریف ہمارے ہاتھ میں ہے۔ قرآن شریف میں لکھا ہے کہ آخَرِیْنَ مِنْھُمْ لَمَّا یَلْحَقُوْا بِھِمْ۔(الجمعۃ:4)صاف ظاہر کرتا ہے قرآن شریف کا یہ حکم کہ کوئی زمانہ ایسا بھی ہے جو صحابہؓ کے مشرب کے خلاف ہے۔یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جو تعلیم لائے اور جس طرح آپؐ نے اپنے صحابہؓ کی تربیت کی یہ ان کے طریق اور ان کے عمل کے خلاف ہے۔اور واقعات بتا رہے ہیں کہ اس ہزار سال کے درمیان اسلام بہت سی مشکلات اور مصائب کا نشانہ رہا ہے۔ معدودے چند کے سوا سب نے اسلام کو چھوڑ دیا۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 432-433۔ ایڈیشن 2022ء)
صرف چند لوگ تھے جو حقیقت میں اسلام پر عمل کر رہے تھے یا اسلام کی تعلیم کو محفوظ کرنے اور اس پر غور کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور اسلام کا درد رکھتے تھے لیکن عمومی طور پر لوگ اسلام سے دُور ہٹ رہے تھے۔ آپؑ نے فرمایا یہ زمانہ جو آیا ہے یعنی مسیح موعود ؑکا زمانہ یہ پیشگوئیوں کے مطابق آیا ہے۔اس ٹیڑھے زمانے کے بعد یہ زمانہ اب آیا ہے۔ یہ پیش گوئی تھی۔ اس لیے اگر میری بیعت میں آگئے ہو تو پھر وہ تمام باتیں اختیار کرو جو تم کو کرنے کا مَیں نے کہا ہے۔اور وہ باتیں کون سی ہیں جنہیں کرنے کا کہا ہے؟ وہ بنیادی طور پر وہی باتیں ہیں جن شرائط پر ہم نے بیعت کی ہے۔ جیسا کہ مَیں نے کہا اس کی تفصیل مَیں مکمل بیان کر چکا ہوں اور کتابی شکل میں ہے۔اس کے بعد آج پھر اس کی مزید تفصیلات بھی مَیں نے بیان کی ہیں۔ ان کو بھی غور سے باربار سننا چاہیے۔ہمارے ریکارڈ میں موجود ہیں۔ انٹرنیٹ ہر ایک کے پاس ہے۔ الاسلام کی ویب سائٹ ہے۔ ایم ٹی اے کی سائٹ ہے۔ ہر جگہ یہ موجود ہیں اور پھر اس پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔پس جب ہم یہ کریں گے تبھی ہم اس مقصد کو حاصل کرنے والے ہوں گے جو آپؑ کی آمد کا مقصد ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے والے ہوں گے جس کے حاصل کرنے کے لیے آپؑ نے ہم سے بیعت لی ہے۔
اس بات پر آپؑ نے خاص طور پر توجہ دلائی تھی کہ توحید کا اقرار جماعت کو کرنا چاہیے اور تبتّل الی اللہ اور ذکر الٰہی اور حقوق الاخوان میں خاص رنگ پیدا ہونا چاہیے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 433، ایڈیشن 2022ء)
یہ ساری باتیں اگر ہوں گی تبھی ایک احمدی حقیقی احمدی کہلا سکتا ہے۔ تبھی ایک ناصر حقیقی ناصر کہلاسکتا ہے۔ مددگار کہلاسکتا ہے جو مسیح موعود علیہ السلام کے پیغام کو دنیا میں پھیلانے والا ہوگا۔جو اپنی نسلوں کی اس نہج پر تربیت کرنے والا ہوگا۔
آپؑ نے فرمایا کہ
اللہ تعالیٰ کے حقوق میں سب سے بڑھ کرحق یہ ہے کہ اس کی عبادت کی جائے اور یہ عبادت کسی ذاتی غرض پر مبنی نہ ہو۔
یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم نے کچھ فائدہ اٹھانا ہے اور اس لیے ہم نے عبادت کرنی ہے یا ہم نے دوزخ سے بچنا ہے اور بہشت میں جانا ہے اس لیے عبادت کرنی ہے۔اگر یہ نہ بھی ہو تب بھی اس کی عبادت کی جائے اور اللہ تعالیٰ سے ذاتی محبت جو مخلوق کو اپنے خالق سے ہونی چاہیے اس کو سامنے رکھتے ہوئے عبادت ہونی چاہیے اور جب یہ ہوگا تو پھر دوزخ اور بہشت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔
اگر ہم اپنا جائزہ لیں تو اس میں بہت کمی ہے۔ ہماری عبادتیں اس معیار کی نہیں ہیں۔ پس اس پر ہمیں بہت غور اور توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔
پھر آپؑ نے فرمایا کہ
ایک انسان کا ،ایک احمدی کا یہ بھی کام ہے کہ بنی نوع انسان کے ساتھ ہمدردی کرے
اور فرمایا کہ بنی نوع انسان کی ہمدردی میں میرا مذہب یہ ہے کہ جب تک دشمن کے لیے دعا نہ کی جاوے پورے طور پر سینہ صاف نہیں ہوتا۔ یہ ہمدردی کا وہ معیار ہے جو ہم نے اپنانا ہے۔ لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ Hatred for None کا کیا مطلب ہے۔ تو Love for all, Hatred for none کا ،محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں، اس کا یہی مطلب ہے کہ
اگر ہم یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ہر ایک کے لیے ہمارے دل میں ہمدردی اور پیار ہے اور ہم نفرت کسی سے نہیں کرتے تو پھر آپؑ فرماتے ہیں کہ پھر دشمن کے لیے بھی اپنا سینہ صاف کرو۔ ان کے لیے ہمدردی کے جذبات ہوں۔ ان کے لیے دعائیں کرو اور ان کو سیدھے راستے پر لانے کی کوشش کرو تو تب ہی ان کے لیے یہ ہمدردی نفرت دور کرنے کا باعث بنے گی۔
دعا کے حوالے سے آپؑ نے بڑے واضح طور پر فرمایا کہ قرآن شریف کی آیت کے مطابق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اُدْعُوْنِیْ اَسْتَجِبْ لَکُمْ۔ (المؤ من:61) کہ مجھ سے مانگو میں تمہاری باتیں قبول کروں گا۔ اس میں آپؑ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ کوئی قید نہیں لگائی کہ دشمن کے لیے دعا کرو گے تو مَیں قبول نہیں کروں گا بلکہ آپؑ نے فرمایا کہ مَیں تو یہ کہتا ہوں کہ دشمن کے لیے دعا کرنا بھی سنت ہے۔اور اس کی مثال آپؑ نے اس طرح دی کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اسلام کے خلاف تھے لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا سے وہ مسلمان ہو گئے۔ اس لیے
ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔ ہم نے ہر ایک کے لیے دعا کرنی ہے اور ہر ایک کو سیدھا راستہ دکھانے کی کوشش کرنی ہے۔ اس سوچ کے ساتھ جب ہم اپنی تبلیغ کریں گے تو اس میں برکت بھی پڑے گی اور نئے نئے راستے کھلیں گے۔تبلیغ کی بہت ساری کوششیں ہوتی ہیں لیکن سوچ اتنی خالص نہیں ہوتی جتنی ہونی چاہیے۔
آپؑ نے اپنے بارے میں بڑے یقین سے فرمایا کہ مَیں خدا کا شکر کرتا ہوں کہ میرا کوئی دشمن نہیں ہے اور کوئی ایسا شخص نہیں ہے جس نے میری دشمنی کا اظہار بھی کیا ہو۔ یعنی لوگ اظہار کرتے ہیں۔ میری طرف سے کوئی دشمنی نہیں ہے لیکن جو اظہار کرتے ہیں ان سے بھی مجھے کوئی دشمنی نہیں۔ آپؑ فرماتے ہیں جو مجھ سے دشمنی کا اظہار کرتے ہیں ان میں سے بھی کوئی ایسا نہیں ہے جس کے لیے مَیں نے کم از کم دو تین مرتبہ دعا نہیں کی۔ بڑے درد سے ان کی بہتری کے لیے دعا نہیں کی اور یہی آپؑ نے فرمایا کہ مَیں اپنے ماننے والوں کو بھی کہتا ہوں کہ میری بیعت میں آئے ہو تو انسانی ہمدردی کی بیعت کی جو شرط ہے وہ یہ بھی ہے کہ تمہیں لوگوں کے لیے دعا کرنی چاہیے اور ان کے لیے ہمدردی رکھنی چاہیے۔
آپؑ نے فرمایا کہ یہ بھی یاد رکھو کہ تم میرے ساتھ تعلق رکھتے ہو تو تمہیں چاہیے کہ
وہ قوم بنو جس کی نسبت اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: فَاِنَّھُمْ قَوْمٌ لَّا یَشْقٰی جَلِیْسُھُمْ۔یعنی وہ ایسی قوم ہے کہ اس کا ہم جلیس، اس کے ساتھ بیٹھنے والا ،بدبخت نہیں ہوتا۔
اور یہ خلاصہ ہے ایسی تعلیم کا جو تَخَلَّقُوْابِاَخْلَاقِ اللّٰہِ میں پیش کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی باتیں ماننی ہیں۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کے رنگ میں رنگین ہونا ہے اور چلنا ہے۔ یہی اللہ تعالیٰ کا حکم ہے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ434-435۔ ایڈیشن 2022ء)
پس تم لوگوں کو اس طرح اپنی حالتوں کو بدلنا پڑے گا کہ تمہارے ساتھ بیٹھنے والے بھی نیکیوں کا اثر لینے والے ہوں اور نیکی کی طرف آنے والے ہوں۔ پس
ہمیں اس بات کو ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے اور اس پر غور کرنا چاہیے کہ ہم کس حد تک نیکیوں کا اثر دوسروں پہ ڈالتے ہیں۔
پھر اسی طرح قرآن شریف کی تعلیم پر آپؑ نے فرمایا کہ تم اسے اپنے اوپر لاگو کرو۔ اس کے لیے آپؑ نے فرمایا کہ مَیں تمہیں نصیحت کرتا ہوں کہ اسے بار بار پڑھو۔ قرآن شریف کے جو احکامات ہیں ان کو سمجھو اور سمجھ کر اپنے اوپر کھولنے کی کوشش کرو۔اور پھر جب خود یہ عمل کرو گے تو اسی سے دنیا پر اسلام کی خوبصورتی ظاہر ہو گی۔ اس لیے
ہر احمدی کو قرآن کریم بڑے غور سے پڑھنا چاہیے اور انصار کو خاص طور پر پڑھنا چاہیے۔ اس کے ترجمے پڑھنے کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے۔
آپؑ نے اس بارے میں تفصیل سے یوں بیان فرمایا ہے کہ یاد رکھنا چاہیے کہ قرآن شریف نے پہلی کتابوں اور نبیوں پر احسان کیا ہے جو ان کی تعلیموں کو جو قصّے کے رنگ میں تھیں علمی رنگ دے دیا ہے۔مَیں سچ سچ کہتا ہوں کہ کوئی شخص ان قصّوں اور کہانیوںسے نجات نہیں پا سکتا جب تک وہ قرآن شریف کو نہ پڑھے کیونکہ قرآن ہی کی یہ شان ہے کہ اِنَّہٗ لَقَوْلٌ فَصْلٌ۔وَّمَا ھُوَ بِالْھَزْلِ۔ (الطارق:14-15) یہ فیصلہ کُن بات ہے اور قرآن شریف کمزور بے فائدہ کلام نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ یہ claimکرتا ہے۔ آپؑ نے فرمایا کہ قرآن کریم تو میزان بھی ہے، مُہَیْمِن بھی ہے، نور بھی ہے، شفاء بھی ہے، رحمت بھی ہے۔ جو قصّہ سمجھ کے پڑھتے ہیں انہوں نے قرآن شریف کو پڑھا ہی نہیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ
ہمارے مخالف بھی اسی لیے ہماری مخالفت کرتے ہیں کہ قرآن شریف کو انہوں نے صحیح پڑھا نہیں اور نہ اس کو سمجھتے ہیں۔ اگر وہ قرآن شریف کو حقیقتاً سمجھ کر پڑھیں تو انہیں نور اور حکمت اور معرفت بھی عطا ہو جائے۔ پس یہ نور اور حکمت اور معرفت ہم احمدیوں کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کا ترجمہ بھی پڑھیں۔ اس کی تفسیر بھی پڑھیں تاکہ ہمیں زیادہ سے زیادہ اس کا علم حاصل ہو۔
آپؑ نے فرمایا کہ تمہاری کوشش ہونی چاہیے۔ غیروں کی طرح یہ نہ ہو کہ جس طرح وہ ایک معمولی قصّے کی طرح قرآن شریف پڑھتے ہیں تم بھی اسی طرح پڑھنے لگ جاؤ بلکہ فرمایا تمہاری یہ کوشش ہونی چاہیے۔ تمہارا تو یہ نظریہ ہونا چاہیے اور آپؑ نے فرمایا کہ میرا یہ نظریہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے اپنے فضل سے ہم پر قرآن کریم کے رموز کھول دیے ہیں اور قرآن کریم ایک زندہ اور روشن کتاب ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تفسیر پڑھ کے ہمیں اللہ تعالیٰ راہنمائی کرتا ہے
اور پھر فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ پر قرآن کریم کے رموز کھولے ہیں اس کے حقائق کھولے ہیں۔ تم پر بھی اللہ تعالیٰ کھولے گا اگر تم گہرائی میں جا کے اس کا مطالعہ کرو گے۔آپؑ فرماتے ہیں اور قرآن کریم ایک زندہ اور روشن کتاب ہے۔ ہمیشہ یاد رکھو۔ آپؑ نے فرمایا کہ غرض
مَیں بار بار اس امر کی طرف لوگوں کو جو میرے ساتھ تعلق رکھتے ہیں نصیحت کرتا ہوںکہ خدا تعالیٰ نے اس سلسلے کو کشف حقائق کے لیے قائم کیا ہے۔
یعنی حقائق کو کھولنے کے لیے اور بیان کرنے کے لیے قائم کیا ہے کیونکہ بدوں اس کے، بغیر اس کے عملی زندگی میں کوئی روشنی اور نور پیدا نہیں ہو سکتا اور مَیں چاہتا ہوں کہ عملی سچائی کے ذریعے اسلام کی خوبی دنیا پر ظاہر ہو جیسا کہ خدا نے مجھے اس کام کے لیے مامور کیا ہے۔ اس لیے
قرآن شریف کو کثرت سے پڑھو مگر
نرا قصّہ سمجھ کر نہیں بلکہ ایک فلسفہ سمجھ کر پڑھو۔
(ماخوذ ا زملفوظات جلد 2 صفحہ 491، ایڈیشن 2022ء)
مجھے جب اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف کے حقائق بیان کرنے کے لیے مامور کیا ہے تو پھر تمہیں بھی سیکھنا پڑے گا ،تمہیں بھی اس طرف کوشش کرنی پڑے گی اور انصار اللہ کوخاص طور پر۔
پس
آپؑ نے ہمیں بھی یہی تلقین فرمائی ہےکہ قرآن شریف کو پڑھو۔ اس میں دلیلیں تلاش کرو۔ اس میں تمہیں ہر قسم کی دلیل مل جاتی ہے۔اسلام کی سچائی کی دلیل ہے۔ خدا تعالیٰ کے وجود کی دلیل ہے۔برائیوں سے بچنے کے طریق ہیں۔ حقوق العباد ادا کرنے کے طریق ہیں اور بہت ساری اَور باتیں ہیں۔ ان سب کی تعلیم ہمیں اس میں ملتی چلی جائے گی۔
آپؑ نے فرمایا کہ تم لوگوں کو بھی بتاؤ اور اس کے ذریعے سے لوگوں کو صحیح راستہ دکھانے کے باعث بنو اور اسلام اور احمدیت کی خوبیاں لوگوں پر ظاہر کرو جس سے ان پر خاص طور پر آج کل کے زمانے میں یہ ظاہر ہوگا کہ اسلام کو جس طرح یہ لوگ سمجھتے ہیں اسلام وہ نہیں بلکہ اسلام تو ایک ایسا دین ہے جو خدا تعالیٰ کا قرب دلانے والا بھی ہے۔ اس کی عبادت کی طرف توجہ دلانے والا ہے۔ اور پھر حقوق العباد کی طرف توجہ دلانے والا بھی ہے۔ اور معاشی اور معاشرتی جتنے بھی مسائل ہیں سب کا حل قرآن کریم پیش کرتا ہے۔ غریبوں کی پرورش کا حل بھی پیش کرتا ہے۔ یتیموں کے حقوق ادا کرنے کا اللہ تعالیٰ حکم دیتا ہے اور غریبوں کا خیال رکھنے کا بھی اللہ تعالیٰ حکم دیتا ہے ہر ایک کا حق ادا کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے تلقین فرمائی ہے۔
پس
آپؑ نے اس بات کی طرف بار بار توجہ دلائی ہے کہ تم قرآن کریم کو سمجھنے کی کوشش کرو اور اس کا ترجمہ پڑھو اور کبھی نا امید نہ ہو کہ پتہ نہیں ہم سچے ہیں کہ نہیں۔ آج کل بعض نوجوانوں میں یہ بات آ جاتی ہے۔ اگر انصار کو پورا علم ہو تو ان نوجوانوں کے شکوک خود ہی دور کر سکتے ہیں۔
آپؑ فرماتے ہیں ہم یقیناً سچے ہیں اور ہمیں یقین کرنا چاہیے کہ ہم یقیناً سچے ہیں اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کا دعویٰ یقیناً سچا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے مطابق اور اللہ تعالیٰ نے جس طرح قرآن شریف میں واضح طور پر فرمایا ہے اس کے مطابق آپؑ کا آنا ہے۔ پس جب ہم قرآن شریف پڑھیں گے، اس پر غور کریں گے تو اس کے مزید دلائل کھل کر سامنے آتے جائیں گے۔

جیسا کہ عبادت کی طرف، پہلے بھی بتا چکا ہوں ،آپؑ نےتوجہ دلائی ہے اس طرف توجہ دلاتے ہوئے آپؑ مزید فرماتے ہیں عبادت کا جو اصل حق ہے وہ نماز میں ہے۔ تو نماز کی طرف توجہ دلاتے ہوئے آپؑ فرماتے ہیں۔ تمہیں نمازیں اس طرح پڑھنی چاہئیں جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سکھایا اور آپؐ نے پڑھیں۔ فرمایا کہ
نماز کو اس طرح پڑھو جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پڑھتے تھے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 3 صفحہ 57-58 ، ایڈیشن 2022ء)
اور آپؐ کس طرح پڑھتے تھے؟آپؐ نے ایک صحابی ؓکو چار دفعہ حکم دیا تھا کہ جاؤ اور جا کر ٹھیک طرح سے نماز پڑھو۔ (سنن النسائی کتاب السہو، باب اقل ما یجزی من عمل الصلاۃ ،حدیث 1314) غور کر کے اور سوچ سوچ کے آرام سے۔ آپؐ کے اپنے نماز پڑھنے کے معیار تو بہت اعلیٰ تھے جن کے بارے میں حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ ان کی خوبصورتی اور لمبائی کا نہ پوچھو۔
(صحیح البخاری کتاب التہجد باب قیام النبی ﷺ باللیل فی رمضان و غیرہ ، حدیث 1147)
ہمیں بھی ٹھہر ٹھہر کر، سمجھ سمجھ کر نماز پڑھنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے مانگنا چاہیے۔
آپؑ نے فرمایا کہ تمہاری جو اپنی حاجتیں ہیں، تم نے جو دعا کرنی ہے اسے اپنی زبان میں کرو۔جو مسنون دعائیں ہیں ان کو ذکر کرنے کے بعد اپنی زبان میں بھی دعا کرو تاکہ اللہ تعالیٰ تمہاری دعاؤں کو سنے اور اپنی تکلیف بیان کرنے میں جو رقّت تمہیں پیدا ہو سکتی ہے وہ پیدا ہو اور اللہ تعالیٰ ان کو قبول کرے۔ آپؑ نے فرمایا کہ آج کل لوگوں کا تو یہ حال ہے کہ نمازیں تو کیا پڑھتے ہیں ٹکریں مارتے ہیں اور نماز پڑھنے کے بعد بیٹھ کر دعائیں کرنے لگ جاتے ہیں۔ اصل چیز تو نماز میں دعا ہے۔ اس کو ادا نہیں کرتے جو اصل چیز ہے۔ اس کی مثال تو ایسی ہی ہے کہ اگر کوئی آدمی کسی بادشاہ کے دربار میں جائے اور وہاں اس کو موقع بھی ہو کہ اپنی ساری باتیں پیش کرے اور وہاں تو وہ کچھ نہ کہے لیکن جب دربار سے باہر آ جائے تو اپنی درخواست پیش کرے اور دروازے کے باہر کھڑا ہو کر زور زور سے پکارنا شروع کر دے تو اس کا کیا فائدہ ؟ایسا ہی حال ایسے لوگوں کا ہے جو نماز میں خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں نہیں کرتے اور بعد میں پھر ہاتھ اٹھا کر دعائیں کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ہم پر فضل ہے کہ ہم احمدی تو ایسا نہیں کرتے لیکن دوسروں کو اگر دیکھیں تو یہی ان کا حال ہے۔ خاص طور پر ہندوستان پاکستان وغیرہ میں کہ نماز کے بعد ہاتھ اٹھا کے پھر لمبی لمبی دعائیں شروع ہو جاتی ہیں حالانکہ دعائیں اپنی زبان میں نماز کے دوران کرنی چاہئیں۔ سجدے اور رکوع میں کرنی چاہئیں تاکہ اللہ تعالیٰ ان کو سنے۔
پھر
آپؑ نے سورت فاتحہ کے بارے میں فرمایا کہ اس کو بھی سمجھ کر پڑھو
اور اسی سے آپؑ نے یہ سمجھایا ہے کہ
سورت فاتحہ جو ہے یہ بھی ایک دعا ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس میں دعا کا طریق بھی سکھا دیا ہے ہمیں۔
نہ صرف دعا سکھائی بلکہ دعا کس طرح کرنی چاہیے یہ بھی بتا دیا اور فرماتے ہیں کہ قرآن شریف کے شروع میں یہ دعا سکھائی ہے اور ساتھ ہی اس میں دعا کے آداب بھی بتا دئے۔ سورت فاتحہ کا نماز میں پڑھنا لازمی ہے اور یہ دعا ہی ہے جس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ اصل دعا نماز ہی میں ہوتی ہے۔ چنانچہ اس دعا کو اللہ تعالیٰ نے یوں سکھایا ہے: اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ۙ﴿۲﴾ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ ۙ﴿۳﴾مٰلِکِ یَوۡمِ الدِّیۡنِ ؕ﴿۴﴾ اِیَّاکَ نَعۡبُدُ وَاِیَّاکَ نَسۡتَعِیۡنُ ؕ﴿۵﴾ اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ ۙ﴿۶﴾ صِرَاطَ الَّذِیۡنَ اَنۡعَمۡتَ عَلَیۡہِمۡ ۬ۙ غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ وَلَا الضَّآلِّیۡنَ ﴿٪۷﴾ (الفاتحۃ:2-7)آپؑ فرماتے ہیں کہ دعا سے پہلے یہ طریق ضروری ہے جو اللہ تعالیٰ نے اس دعا میں سکھایا ہے۔ پھر آپؑ اس کی وضاحت فرما رہے ہیں کہ اصولی طور پر یہی ہونا چاہیے جو اس کے آداب سکھائے جائیں۔ تو دعا سے پہلے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ کی حمدو ثناء کی جاوے جس سے اللہ تعالیٰ کے لیے روح میں ایک جوش اور محبت پیدا ہو۔ اس لیے فرمایا اَلْحَمْدُلِلّٰہِ کہ سب تعریف اللہ ہی کے لیے ہے۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ سے شروع کیا ہے سورت فاتحہ کو تاکہ تمہارے اندر اللہ تعالیٰ سے ایک ذاتی محبت اور جوش پیدا ہو۔ پھر فرمایا رَبِّ الْعَالَمِیْن۔سب کو پیدا کرنے والا اور پالنے والا ہے۔ وہ ربّ العالمین ہے۔ سب عالمین کا ربّ ہے۔ رحمان ہے۔ جو بلا عمل اور بن مانگے دینے والا ہے۔ رحیم بھی ہے۔ عمل پر بھی دیتا ہے۔عمل کرو اور اس سے دعا بھی کرو تو پھر وہ دیتا ہے اور اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی دیتا ہے۔ صرف یہاں اس دنیا میں نہیں دیتا بلکہ اگر نیک عمل کر رہے ہیں اور اس سے دعا مانگو گے تو آخرت میں بھی دیتا ہے۔اور مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ ہے۔ ہر بدلہ اسی کے ہاتھ میں ہے۔ نیکی بدی سب کچھ اللہ تعالیٰ ہی کے ہاتھ میں ہے۔ انسان پورا اور کامل موحد تبھی ہوتا ہے جب اللہ تعالیٰ کو مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْن تسلیم کرتا ہے۔ آپؑ نے ایک مثال دی ہے کہ دیکھو! حکام کے سامنے جاکر ان کو سب کچھ تسلیم کر لینا یہ گناہ ہے اور اس سے شرک لازم آتا ہے۔ جب تم حکام کے پاس جاتے ہو، حکومت کے افسروں کے سامنے جاتے ہو تو ان کو سب کچھ سمجھتے ہو بلکہ ہمارے ملکوں میں ایشیا میں تو رواج ہے کہ ان کو جا کے یہی کہتے ہیں آپ ہی ہمارے مائی باپ ہیں۔ تو یہ شرک ہے کیونکہ مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْن تو اللہ تعالیٰ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تم ان کو مالک بنا رہے ہو اور یہ شرک ہے۔ آپؑ نے فرمایا کہ اس لحاظ سے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو حاکم بنایا ہے ان کی اطاعت ضروری ہے۔ہاں! حاکم ہیں ان کی اطاعت کرو لیکن مالک نہ بناؤ۔ ہاں! اطاعت کرو کیونکہ وہ حاکم بنائے گئے ہیں مگر ان کو خدا ہرگز نہ بناؤکہ جو کچھ کرنا ہے انہوں نے ہی کرنا ہے۔ خدا ایک ہی ہے۔اس لیے شرک سے بچو۔ شرک کے بارے میں جیسا کہ مَیں نے کہا کہ بڑی تفصیل سے مَیں یوکے کے جلسے پر پہلے بیان کر چکا ہوں۔ آپؑ نے فرمایا کہ انسان کا حق انسان کو دو اور خدا تعالیٰ کا جو حق ہے وہ خدا تعالیٰ کو دو۔اور پھر یہ کہو کہ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ کہ ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور ہم تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں۔ اِھْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ۔ہمیں سیدھی راہ دکھا۔ یعنی ان لوگوں کی راہ جن پر تُو نے انعام کیا اور وہ نبیوں اور صدیقوں اور شہیدوں اور صالحین کا گروہ ہے۔ اس دعا میں ان تمام گروہوں کے فضل اور انعام کو مانگا گیا ہے۔ ان لوگوں کے راستوں پر ہمیں چلا جن پر تُو نے انعام کیا۔ اور وہ انعام والے کون ہیں ؟وہ جیسا کہ بیان ہوا قرآن شریف میں بھی لکھا ہے وہ نبی بھی ہیں، وہ صدیق بھی ہیں، شہید بھی ہیں اور صالحین بھی ہیں۔ اور حسب مراتب ہر ایک کو اپنے عمل کے لحاظ سے مرتبہ دیا گیا ہے۔ اس آیت کی تفسیر بھی مَیں گذشتہ کسی تقریرمیں کر چکا ہوں۔ بہرحال ہمارے لٹریچر میں موجود ہے۔ انصار پڑھ سکتے ہیں۔ تو ان تمام گروہوں کے فضل اور انعام کو اللہ تعالیٰ سے مانگا گیا ہے۔ اور سورت فاتحہ کو اگر سمجھ کر پڑھا جائے تو سمجھ آتی ہے کہ یہ انعامات اللہ تعالیٰ ہمیں دے سکتا ہے۔ ہمیں نبیوں کے اسوہ پر چلنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے اور ہمارے سامنے سب سے بڑا اسوہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ہے۔ ہم اس پر چلیں تو تبھی ہم ان انعاموں کے وارث بنیں گے جو آپؐ کی سنت پر چلنے سے ہمیں مل سکتے ہیں۔
پھر فرمایا کہ ان لوگوں کی راہ سے بچا جن پر تیرا غضب ہوا جو گمراہ ہوئے۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ یہ مختصر سورت فاتحہ کا ترجمہ ہے۔اسی طرح پر سمجھ سمجھ کر ساری نماز کا ترجمہ پڑھ لو۔ آپؑ فرماتے ہیں طرح طرح کے حروف رٹنے سے کچھ فائدہ نہیں ہوتا۔ لوگ اب بھی اس زمانے میں بھی مجھے بھی لکھتے ہیں کہ اس کام کے لیے یا اُس کام کے لیے ہم کیا دعا کریں ،کون سا ذکر کریں؟ ہمیں کوئی دعائیں بتائیں۔ ٹھیک ہے قرآن کریم میں بہت ساری دعائیں ہیں ان کو یاد کرنا چاہیے مسنون دعائیں بھی ہیں لیکن
حقیقت یہ ہے کہ سورت فاتحہ کو اگرغور سے پڑھیں اور پھر اپنے سجدوں میں اور اپنی زبان میں اللہ تعالیٰ سے مانگیں اور اپنے مقاصد کو اللہ تعالیٰ کے سامنے رکھتے ہوئے اپنے سارے جذبات کا اظہار کریں تو اللہ تعالیٰ دعاؤں کو سنتا ہے اور مسائل کو حل کرتا ہے۔
آپؑ نے فرمایا کہ سورت فاتحہ کو غور سے پڑھو اور ساری نماز کو بھی غور سے سمجھ سمجھ کر پڑھو اور اس کا مطلب سمجھ کر پڑھو تو پھر دیکھو کہ کتنا فائدہ ہوتا ہے۔ فرمایا کہ یقیناً سمجھو کہ آدمی میں سچی توحید آہی نہیں سکتی جب تک وہ نماز کو طوطے کی طرح پڑھتا ہے۔ جب صرف رٹے رٹائے فقرے پڑھ لیے۔ مطلب نہ آتا ہواس وقت تک اس میں توحید تو قائم نہیں رہ سکتی۔ توحید کی روح نہیں آ سکتی اور ہم نے توحید پر قائم رہنے کا عہدِ بیعت کیا ہوا ہے۔ اگر عہدِ بیعت کیا ہے تو اس پر عمل کرنے کے لیے کوششیں بھی کرنی پڑیں گی۔ آپؑ نے فرمایا جب طوطے کی طرح پڑھتے ہیں تو روح پر وہ اثر نہیں پڑتا۔ فرمایا کہ پس کمال تک اگر پہنچنا ہے تو پھر غور کر کے پڑھنا پڑے گا۔ فرمایا جس طرح تمہارا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کوئی ثانی نہیں ہے اور کوئی اس کے مقابل پر نہیں ہے تو ہمیں اپنے عمل سے بھی یہ ثابت کر کے دکھانا پڑے گا۔ یہ کرو گے تو تبھی تم حقیقی احمدی بن سکو گے۔
(ماخو ذ از ملفوظات جلد 3 صفحہ 58-59، ایڈیشن 2022ء)
پھر یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے بارے میں آپؑ نے یہ کہا ہے اور مَیں پہلے بھی کئی دفعہ اس کو بیان کر چکا ہوں۔ بڑا واضح طور پر آپؑ نے فرمایا کہ ہمیں اس بات پر غرور نہیں کر لینا چاہیے، اسی بات کو کافی نہیں سمجھ لینا چاہیے کہ ہم نے جو پانا تھا پا چکے بلکہ آپؑ نے فرمایا کہ
بیعت کر کے اس پانی کے قریب تو آگئے ہو جو تمہیں ہلاکت سے بچا سکتا ہے لیکن اسے پینا ابھی باقی ہے۔
اور اس کے پینے کے لیے خدا تعالیٰ کا فضل و کرم ہوگا ،اس کی توفیق ملے گی تو تبھی تم اسے پی سکتے ہو۔ اس لیے تم پانی پینے کے لیے اللہ تعالیٰ کا فضل مانگو اور اس کے پینے کا طریق یہ ہے کہ
حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کرو۔
آپؑ نے فرمایا کہ مَیں سچ کہتا ہوں یہ ایک تقریب ہے جو اللہ تعالیٰ نے سعادت مندوں کے لیے پیدا کر دی ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ نے موقع مہیا کر دیا کہ مسیح موعود ؑکو اس زمانے میں بھیج دیا لیکن مبارک وہی ہیں جو اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اب یہاں اس زمانے میں پیدا ہونے یا بیعت کرنے سے تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا لیکن جو فائدہ اٹھانے والے ہیں وہی فائدہ اٹھائیں گے۔ انہی کو مبارک ہے جو اپنے عمل میں تبدیلی پیدا کریں گے اور اللہ تعالیٰ سے خاص تعلق پیدا کریں گے۔ فرمایا:’’ تم لوگ جنہوں نے میرے ساتھ تعلق پیدا کیا ہے اس بات پر ہرگز ہرگز مغرور نہ ہو جاؤ کہ جو کچھ تم نے پانا تھا پا چکے۔‘‘ آپؑ نے فرمایا کہ ’’یہ سچ ہے کہ تم ان منکروں کی نسبت‘‘ جنہوں نے انکار کیا ہے تم’’ قریب تر بہ سعادت ہو ‘‘یعنی سعادت تم نے پالی کہ بیعت کر لی اور ان کی طرح نہیں ’’جنہوں نے اپنے شدید انکار اور توہین سے خدا کو ناراض کیا۔‘‘ ایک سعادت توتمہیں مل گئی لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ فرمایا ’’اور یہ بھی سچ ہے کہ تم نے حسن ظن سے کام لے کر خدا تعالیٰ کے غضب سے اپنے آپ کو بچانے کی فکر کی۔‘‘ تم لوگوں نے سچ سے کام لیا، عقل سے کام لیا، مسیح موعود علیہ السلام کازمانہ دیکھا اور اس کو مان لیا۔ اس کی بیعت میں شامل ہو گئے،اس کی جماعت میں شامل ہو گئے۔ تم نے حسن ظن کیا۔ اللہ تعالیٰ تمہیں اس کااجر دے گا۔ اللہ تعالیٰ کو ناراض کرنے سے تم نے اپنے آپ کو بچا لیا ’’لیکن سچی بات یہی ہے کہ تم اس چشمہ کے قریب آ پہنچےہو جو اس وقت خدا تعالیٰ نے ابدی زندگی کے لئے پیدا کیا ہے۔‘‘ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں جو مَیں آیا ہوں تو اسی میں زندگی ہے ’’ہاں پانی پینا ابھی باقی ہے۔‘‘ قریب پہنچ کر تو آدمی فائدہ نہیں اٹھا سکتا جب تک اس سے پانی نہ پیے۔ ’’پس خدا تعالیٰ کے فضل اور کرم سے توفیق چاہو کہ وہ تمہیں سیراب کرے…۔‘‘ اس کے لیے بھی اللہ تعالیٰ سے فضل مانگو ،اس کی دعا کرو۔ نماز میں گڑگڑا کر دعائیں کرو۔ ذکر الٰہی کرو۔ استغفار کرو۔ اللہ تعالیٰ تمہیں صحیح رنگ میں یہ پانی پینے کا موقع دے اور جب یہ موقع دے گا تو پھر تم حقیقت میں وہ احمدی بن سکو گے جنہوں نے بیعت کا حق ادا کیا ہے۔ آپؑ نے فرمایا کہ دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ تمہیں حقیقت میں پینے کی توفیق دے اور یہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہی ہوسکتا ہے۔ بہت سارے لوگ آتے ہیں اور جھڑ جاتے ہیں ،بعد میں چھوڑ دیتے ہیں اس لیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے دعا نہیں کرتے۔ وہ دین کو سمجھتے نہیں۔ اس کی گہرائی میں نہیں جاتے۔ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے پیغام کو صحیح طرح نہیں سمجھتے۔ بعض ایسے بھی ہوتے ہیں کہ آئے اور کچھ دن دیکھا۔ ذاتی فائدہ نہ ہوا تو چھوڑ کر چلے گئے۔ ایسے لوگوں کو تو پھر کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔
فائدہ تو اسی کو ہوگا جو حقیقت میں گہرائی سے جا کر ان باتوں کو سمجھے گا۔ ایمان کو مضبوط بھی کرے گا اور اللہ تعالیٰ سے مدد بھی چاہے گا اور دنیا کی عارضی تکلیفوں کو برداشت بھی کرے گا۔
آپؑ نے فرمایا کہ’’ مَیں یقیناً جانتا ہوں کہ جو اس چشمہ سے پئے گا وہ ہلاک نہ ہوگا کیونکہ یہ پانی زندگی بخشتا ہے اور ہلاکت سے بچاتا ہے اور شیطان کے حملوں سے محفوظ کرتا ہے۔ اس چشمہ سے سیراب ہونے کا کیا طریق ہے؟ یہی کہ خدا تعالیٰ نے جو دو حق تم پر قائم کیے ہیں ان کو بحال کرو اور پورے طور پر ادا کرو۔ ان میں سے ایک خدا کا حق ہے دوسرا مخلوق کا۔‘‘ اس لیے آپؑ نے فرمایا کہ’’اپنے خدا کو وحدہٗ لا شریک سمجھو جیسا کہ اس شہادت کے ذریعہ تم اقرار کرتے ہو اَشْہَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ یعنی مَیں شہادت دیتا ہوں کہ کوئی محبوب،مطلوب اور مطاع اللہ کے سوا نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا پیارا جملہ ہے کہ اگر یہ یہودیوں عیسائیوں یا دوسرے مشرک بت پرستوں کو سکھایا جاتا اور وہ اس کو سمجھ لیتے تو ہرگز ہرگز تباہ اور ہلاک نہ ہوتے۔ اسی ایک کلمہ کے نہ ہونے کی وجہ سے ان پر تباہی اور مصیبت آئی اور ان کی روح مجذوم ہو کر ہلاک ہو گئی۔‘‘
(ملفوظات جلد 2 صفحہ 519-520، ایڈیشن 2022ء)
روحانی لحاظ سے وہ ہلاک ہو گئے ہیں۔ پس تم لوگوں نے سمجھنا ہے تو اس کو سمجھو۔ اللہ تعالیٰ کے حق کو سمجھو اور اللہ کا کسی کو شریک نہ سمجھو اور اس کی عبادت کا بھی حق ادا کرو۔ اس کو سب طاقتوں کا مالک سمجھتے ہوئے یہ گواہی دو کہ اس کے علاوہ کوئی اَور نہیں جس کے سامنے ہم نے جھکنا ہے اور اسی طرح اللہ کی جو مخلوق ہے اس کے بھی حق ادا کرو۔
آپؑ نے جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے اور یہ بتاتے ہوئے کہ خدا تعالیٰ کے ساتھ محبت کرنے سے کیا مراد ہے فرمایا کہ
اپنے والدین سے، اپنی جورو سے، اپنی اولاد سے، اپنے نفس سے غرض ہر چیز پر اللہ تعالیٰ کی رضا کو مقدّم کر لیا جاوے۔
اسی لیے اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں فرماتا ہے: فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ کَذِکۡرِکُمۡ اٰبَآءَکُمۡ اَوۡ اَشَدَّ ذِکۡرًا ؕ۔ یعنی اللہ تعالیٰ کو ایسا یاد کرو جیسا تم اپنے باپوں کو یاد کرتے ہو بلکہ اس سے بھی زیادہ اور سخت درجہ کی محبت کے ساتھ یاد کرو۔ فرمایا کہ اب یہاں اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ خدا کو باپ کہا ہے بلکہ اس میں یہ سکھایا ہے کہ نصاریٰ کی طرح یہ دھوکہ نہ لگے اور خدا کو باپ کر کے پکارا نہ جائے اگر کوئی یہ کہے کہ پھر باپ سے کم درجہ کی محبت ہوئی تو اس اعتراض کے رفع کرنے کے لیے اَوْ اَشَدَّ ذِکْرًارکھ دیا۔ اگر اَوْ اَشَدَّ ذِکْرًانہ ہوتا تو یہ اعتراض ہو سکتا تھا مگر اس نے اس کو حل کر دیا کہ جو باپ کہتے ہیں وہ کیسے گرے کہ ایک عاجز انسان کو خدا ٹھہرایا لیکن تم نے اللہ تعالیٰ کو باپ سے بھی زیادہ محبت کرنی ہے تبھی تم میں شرک پیدا نہیں ہوگا۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 522، ایڈیشن 2022ء)
اب آپؑ نے یہاں بھی اپنے عہدِ بیعت میں شرک کی جو پہلی شرط رکھی ہوئی تھی اس کی طرف پھر اشارہ کر دیا اور یہی چیز ہے جو ہمیں شرک سے بچائے گی اگر ہم حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی صفات کو پہچانیں اور اس سے محبت کا حق ادا کریں۔ اور ہمیں یہ باتیں نیکیوں کی طرف لے کر جائیں گی۔ اور جب یہ ہمیں نیکیوں کی طرف لے کر جائیں گی اور ہم نیکیاں کریں گے تو تبھی ہم حقیقی احمدی بھی کہلا سکیں گے ورنہ ہم حقیقی احمدی نہیں بن سکتے۔
آپؑ نے فرمایاکہ
اللہ تعالیٰ سے تمہاری بے غرض محبت ہونی چاہیے۔ پس یہ بے غرض محبت رکھو۔
پھر آپؑ نے نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’خدا تعالیٰ کے حضور اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لئے گریہ و بکا کرو گے تو تمہارے خاندان اور تمہارے بچے…عذاب سے بچائے جائیں گے۔ اگر دنیا داروں کی طرح رہو گے تو اس سے کچھ فائدہ نہیں کہ تم نے میرے ہاتھ پر توبہ کی۔ میرے ہاتھ پر توبہ کرنا ایک موت کو چاہتا ہے تاکہ تم نئی زندگی میں ایک اَور پیدائش حاصل کرو۔‘‘
(ملفوظات جلد 3 صفحہ 62، ایڈیشن 2022ء)
فرمایا کہ ’’اس سلسلہ میں داخل ہو کر تمہارا وجود الگ ہو اور تم بالکل ایک نئی زندگی بسر کرنے والے انسان بن جاؤ۔ جو کچھ تم پہلے تھے وہ نہ رہو۔ یہ مت سمجھو کہ تم خدا تعالیٰ کی راہ میں تبدیلی کرنے سے محتاج ہو جاؤ گے یا تمہارے بہت سے دشمن پیدا ہو جائیں گے۔ نہیں، خدا کا دامن پکڑنے والا ہرگز محتاج نہیں ہوتا اس پر کبھی برے دن نہیں آ سکتے۔ خدا جس کا دوست اور مددگار ہو اگر تمام دنیا اس کی دشمن ہو جاوے تو کچھ پروا نہیں۔ مومن اگر مشکلات میں بھی پڑے تو وہ ہرگز تکلیف میں نہیں ہوتا بلکہ وہ دن اس کے لئے بہشت کے دن ہوتے ہیں۔ خدا کے فرشتے ماں کی طرح اسے گود میں لے لیتے ہیں۔‘‘
(ملفوظات جلد 3 صفحہ 63، ایڈیشن 2022ء)
جس طرح اپنے پیاروں کے لیے انسان دکھ اٹھانے کو تیار ہو جاتا ہے اس کو تکلیف نہیں سمجھتا اسی طرح اگر اللہ تعالیٰ سے صحیح محبت ہے تو ان مشکلات کو بھی اللہ تعالیٰ کی خاطر اگر برداشت کر رہے ہیں تو پھر انسان ان کو تکلیف نہیں سمجھتا اور پھر اللہ تعالیٰ ایک وقت آتا ہے جب ان کی مدد کے لیے آ جاتا ہے۔
آپؑ نے فرمایا اپنے دلوں کو پاک صاف کرو۔ دنیا کی حالت ایسی ہے کہ جب تم دلوں کو پاک صاف کرو گے اور اللہ تعالیٰ کے حضور جھکو گے تبھی اللہ تعالیٰ تمہیں بچائے گا اور اس کے فرشتے تمہیں اپنی گود میں لے لیں گے۔ اور
آج کل دنیا کے جو حالات ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح دنیا تباہی کی طرف جا رہی ہے اور ایک تباہی کا نظارہ، ایک بہت بڑی تباہی کا نظارہ سامنے آتا ہوا نظر آرہا ہے جس کو دنیا سمجھ نہیں رہی۔ بڑی قومیں خاموشی سے سمجھتی ہیں کہ ہم جنگ کریں گے اور اگر ہم جیت گئے تو ہماری دنیا پر ایک برتری ہو جائے گی لیکن اگر یہ جنگ ہو گئی تو اس میں قومیں تباہ ہو جائیں گی۔ پس اگر احمدیوں نے اس سے بچنا ہے یا دنیا کو بچانا ہے تو اس کے لیے ہمیں خود بھی اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنا ہوگا اور لوگوں کو بھی اس کی آگاہی دینی ہوگی کہ دیکھو! اگر تم چاہتے ہو کہ عذاب سے بچو، تباہیوں سے بچو، چاہے انسانی غلطیوں کی وجہ سے تباہیاں آنے والی ہیں یا انسانوں کی جنگوں کی وجہ سے تباہیاں آنے والی ہیں یا اللہ تعالیٰ کے عذاب سے کوئی تباہی آنے والی ہے توان سے بچنے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ خداتعالیٰ کی طرف جھکو اور اس کی عبادت کا حق بجا لاؤ۔ اس کے بندوں کے حق ادا کرو۔ نیکیوں کی طرف قدم بڑھاؤ اور ایک پُرامن معاشرہ قائم کرو جس میں اللہ تعالیٰ کے حقوق بھی ادا ہو رہے ہوں اور بندوں کے حقوق بھی ادا ہوں۔
پس
ہمارا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی بیعت کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ایک ایسی جماعت قائم ہو جو اللہ تعالیٰ اور بندے کے حقوق کو قائم کرنے والی، ان حقوق کو اپنے اوپرلازم کرنے والی اور ان پر عمل کرنے والی ہو۔
پس ہمیں چاہیے کہ ہم ان باتوں پر غور کریں اور دیکھیں کہ کیا ہم یہ مقصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ اگر ہم وہ مقصد حاصل نہیں کر رہے جس کے لیے ہم نے بیعت کی تھی تو پھر ہم نے اس بیعت کی حقیقت کو نہیں سمجھا اور ہم اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ تمہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ تم چشمہ کے قریب تو آگئے لیکن فائدہ نہیں اٹھایا۔ پس فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے عملوں کو اس کے مطابق ڈھالیں جو خدا تعالیٰ کی تعلیم کے مطابق ہوں۔ خدا تعالیٰ کے احکامات کے مطابق ہوں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق ہوں اور تبھی ہم حقیقت میں حقیقی احمدی کہلا سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس حقیقت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور
ہم حقیقی رنگ میں انصار اللہ بن کر اللہ تعالیٰ کی توحید کو دنیا میں قائم کرنے والے ہوں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے کو دنیا میں لہرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے والے ہوں۔
اللہ ہمیں اس کی توفیق دے۔ اب دعا کر لیں۔
٭٭٭دعا٭٭٭
[دعا کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ]
آج ہمارے ساتھ اس اجتماع میں بیلجیم کے انصاراللہ بھی شامل ہیں۔ ان کا بھی اجتماع ہو رہا ہے۔ السلام علیکم ورحمة اللہ
٭…٭…٭




