بہشتی مقبرہ ( اُنزِلَ فِیْھَا کُلَّ رَحْمَۃٍ)

رب کی رحمت کا نظارہ ہے بہشتی مقبرہ
وصل کا افضل سہارا ہے بہشتی مقبرہ
دشمنِ احمدؑ کو یہ کافی و شافی ہے جواب
حق کو کرتا آشکارا ہے بہشتی مقبرہ
پاک روحوں کو منوّر اپنی مٹی سے کرے
فیض کا بے مثل دھارا ہے بہشتی مقبرہ
دین کو ترجیح جو دیتے ہیں ، پاتے ہیں مقام
فضلِ رب سارے کا سارا ہے بہشتی مقبرہ
یہ مسیحِ پاکؑ کی بھی ہے صداقت کا نشاں
آخریں کا بھی نظارہ ہے بہشتی مقبرہ
نفس کی قرباینوں کے ہے عِوض رب کی رضا
کیسے ہو سکتا خسارہ ہے بہشتی مقبرہ ؟؟
اس کی تربت میں برستی ہیں خدا کی رحمتیں
قدسیوں کو بھی تو پیارا ہے بہشتی مقبرہ
بخشتا ہے قلب کو ایمان بھی، ایقان بھی
جس نے تقوی کو ابھارا ہے بہشتی مقبرہ
ظلم، کذب و دجل کے اس پُر کشیدہ دَور میں
نورِ یزداں کا منارہ ہے بہشتی مقبرہ
روح کو کر کے وصیّت لازماً تسکیں ملے
عافیت کا سو کنارہ ہے بہشتی مقبرہ
احمدِ آخر زماںؑ کی لحدِ بابرکت یہاں
سو زمیں کا ماہ پارہ ہے بہشتی مقبرہ
بعد مرنے کے یہی ہوگا ٹھکانہ ایک دن
سب کا، میرا اور تمہارا ہے بہشتی مقبرہ
آپ ؑ کے اصحابؓ کی قبریں بھی یاں موجود ہیں
قربتوں کا گوشوارہ ہے بہشتی مقبرہ
الغرض ہر قسم کی رحمت کا یاں ہووے نزول
خُلد کا واضح اشارہ ہے بہشتی مقبرہ
داستانیں سب رقم ہیں اس میں درویشان کی
یعنی اک روشن شمارہ ہے بہشتی مقبرہ
تا قیامت جیسے جاری ہے خلافت کا نظام
یوں سدا روشن ستارہ ہے بہشتی مقبرہ
(محمد ابراہیم سرور۔ قادیان)
مزید پڑھیں: تم اصل ہو یا خواب ہو تم کون ہو




