از افاضاتِ خلفائے احمدیت

حضرت مسیح موعودؑ کے کارنامے(قسط سوم۔ آخری)

(خطبہ جمعہ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ (فرمودہ ۲؍ اکتوبر ۱۹۲۵ء)

حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ نے اپنے اس معرکہ آرا خطبہ جمعہ میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عظیم الشان کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی۔ قارئین کے استفادے کے لیے اسے شائع کیا جاتا ہے۔(ادارہ)

یہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ہی احسان ہے کہ ہمیں جو کہ ہلاکت کے گڑھے کے کنارے کھڑے تھے ہاتھ سے پکڑ کر تباہی اور بربادی سے بچا لیا اور ہماری پیدائش کی جو غرض ہے کہ خدا کا قرب پائیں اس کے حصول کے نہ صرف طریق بتائے بلکہ خدا تعالیٰ کے جلوہ کا مشاہدہ بھی کرا دیا

[گذشتہ سے پیوستہ] اب اس بات پر غور کرنے سے جو حضرت مسیح موعودؑ نے پیش کی ہے۔ توحید چیز ہی اور بن گئی۔ حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں جتنا جتنا اس دنیا کی چیزوں پر غور کرو گے۔ تمہیں معلوم ہو گا کہ وہ تمہاری خدمت کے لئے پیدا کی گئی ہیں اور اس لئے بنائی گئی ہیں کہ تمہیں نفع پہنچائیں۔ حتیٰ کہ انسان بھی ایک دوسرے کی خدمت اور نفع کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔ وہ اپنی ذات سے بھی نفع اٹھاتا ہے اور دوسروں کو بھی نفع پہنچاتا اور خود بھی دوسروں سے نفع حاصل کرتا ہے۔ یہ بات عام لوگوں کے ساتھ ہی تعلق نہیں رکھتی بلکہ خواص کا بھی یہی حال ہے۔

ایک نبی ہی کو لے لو۔ اگر وہ لوگوں کو نفع پہنچاتا ہے تو وہ خود بھی دوسروں سے نفع اٹھانے اور دوسروں کی مدد حاصل کرنے کا محتاج ہوتا ہے۔ روٹی پکانے میں وہ دوسروں کا محتاج ہوتا ہے۔ کپڑے سلانے میں وہ دوسروں کا محتاج ہوتا ہے۔ حجامت بنوانے میں وہ دوسروں کا محتاج ہوتا ہے جنگوں میں پہرہ کے لئے وہ دوسروں کا محتاج ہوتا ہے۔ادنیٰ ادنیٰ چیزیں ہیں۔ ان میں بھی وہ دوسروں کی مدد کا محتاج ہوتا ہے۔ غرض دنیا کی ہر چیز ہمارے نفع کے لئے ہے۔ اور اس نفع رسانی میں ایک دوسرے کا انسان محتاج ہے۔ پس جب دنیا کی ہر چیز ہمارے نفع کے لئے پیدا کی گئی ہے تو ہم کو یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ

در حقیقت توحید کا مسئلہ اسی لئے ہے کہ ہم ان سب چیزوں کو اسباب سمجھیں اور اصل مقصد خدا کو پانا ہو۔ وہی ہر وقت ہر حالت اور ہر بات میں ہمارے مد نظر رہے۔

وہ لوگ جو دنیا کی نفع رساں چیزوں کو دیکھ کر ان کی پرستش شروع کر دیتے اور انہیں خدا سمجھنے لگ جاتے ہیں۔ ان سے بڑھ کر نادان کون ہو سکتا ہے۔ وہ مسبّب الاسباب کو چھوڑ کر اسباب کے پیچھے جا پڑتے ہیں اور اس سے بڑھ کر اور کوئی گمراہی نہیں ہے۔ ہندو و گنگا کی پرستش کرتے ہیں۔ حالانکہ وہ ان بے شمار چیزوں میں سے ایک ہے۔ جو خدا نے انسانوں کے آرام کے لئے بنائیں اور اتنا بھی نہیں دیکھتے کہ خدا کی بھی کوئی چیر پھاڑ کر سکتا ہے۔ گنگا سے نہر نکالی گئی ہے۔ جب گنگا سے نہر نکالنے لگے تو ہندوؤں نے بہت شور مچایا کہ دیکھو جی مائی جی کا پیٹ پھاڑنے لگے ہیں۔ خدا کی قدرت چند بار کوشش کی گئی مگر گنگا میں سے نہر نہ نکل سکی۔ اس پر ہندوؤں نے کہنا شروع کر دیا ہم نہ کہتے تھے۔ گنگا مائی کا پیٹ پھاڑا نہیں جاسکتا۔ لیکن آخر کار کاٹلی نام ایک انگریز نے اس میں سے نہر کاٹ لی۔ اس پر کسی نے کہا :(اکبر الٰہ آبادی)

؎کاٹلی نے نہر گنگا کاٹ لی

تو توحید اعمال کی درستی کے لئے ہے۔ ایک طرف تو انسان کے لئے خدا تک پہنچنے کا اور ترقیات کا راستہ کھول دیتی ہے۔ یہ ادنیٰ درجہ اثر کا ہے۔ جو مادیات پر پڑتا ہے۔ کامل اثر یہ ہے کہ

انسان اعمال میں اصلاح کرتا ہے کیونکہ انسان سمجھتا ہے ایک ہی ہاتھ ہے جو یہ کام کر رہا ہے اور وہ خدا کا ہاتھ ہے۔ یہ سمجھ کر انسان ایک طرف تو جسمانی اصلاح کرتا ہے اور دوسری طرف روحانی اصلاح کے لئے کوشش کرتا ہے۔

اب کیا کسی موحد مولوی یا صوفی (میری صوفی سے بھی مراد مولوی ہے۔ کیونکہ مولوی وہ ہوتا ہے جو پڑھ کر علم حاصل کرے۔ ایسے لوگوں نے بھی جو اب صوفی کہلاتے ہیں۔ مشاہدہ نہیں کیا ہوتا۔ سنی سنائی یا پڑھی پڑھائی باتیں کہتے ہیں۔ اس لئے وہ بھی مولوی ہیں) نے ایسے پیرا یہ میں توحید کو پیش کیا۔ اگر نہیں کیا تو دیکھو قرآن موجود تھا۔ اور اس میں یہ سب کچھ موجود تھا۔ پھر کیوں وہ اسے پیش نہ کر سکے۔ بات یہ ہے کہ وہ کر ہی نہیں سکتے تھے۔ ورنہ کیا وجہ ہے کہ دنیا کے سامنے ایسے بنیادی مسئلہ کو پیش نہیں کر سکے۔ پھر محدث اور اہلحدیث موحد کہلانے والے بھی موجود ہیں۔ یہ اپنے بڑوں کی کتابوں سے نکال کر تو دکھائیں۔ اس درجہ کا پانا تو الگ رہا۔ اگر اتنے لمبے عرصہ میں اسے یہ سمجھ بھی سکے ہوں تو بھی بات ہے۔ یہ تو اسے سمجھ ہی نہیں سکے۔ کہ اصل توحید کیا ہے۔ فیج اعوج میں یہ نہ سمجھے اور اس زمانہ میں تو سمجھنا ذرا مشکل بھی تھا یہ تو اس زمانہ میں بھی توحید کو نہ سمجھ سکے جبکہ قرب نبوت تھا۔ اور ہر طرف حال ہی حال تھا جب حال کے زمانہ میں یہ اسے نہ سمجھ سکے تو پھر قال کے زمانہ میں یہ کب سمجھ سکتے تھے۔ جبکہ قال ہی قال باقی رہ گیا تھا۔

اسلام پر صدیاں ایسی گزر گئیں کہ اگر ان میں یہ کوشش کرتے تو شائد سمجھ سکتے لیکن انہوں نے نہ سمجھا اور نہ سمجھنے کی کوشش کی۔ اسلام کا نبوت کے قرب کا زمانہ گزرا جو حال کا زمانہ تھا لیکن اس میں نہ سمجھے اور سورج نکلے ہوئے میں یہ جب کچھ نہ دیکھ سکے تو سورج غروب ہو چکا تب یہ کیونکر دیکھ لیتے۔ پھر صحابہ کا زمانہ گزرا۔ اس میں بھی یہ کچھ نہ سمجھے۔ تابعین کا زمانہ گزرا اس میں بھی یہ نہ سمجھ سکے۔ تبع تابعین کا زمانہ گزرا۔ اس میں بھی یہ نہ سمجھ سکے۔ پھر سید عبد القادر جیلانیؒ کے وقت بھی کچھ نہ سمجھے۔ دسویں صدی میں حضرت احمد سرہندیؒ تشریف لائے ان کے وقت میں بھی یہ نہ سمجھ سکے۔ اس کے بعد گیارہویں صدی میں شاہ ولی اللہ صاحب تھے۔ ان کے وقت میں بھی یہ نہ سمجھ سکے۔ غرض جب فیج اعوج کا وقت شروع ہو گیا اس وقت یہ کیونکر سمجھ لیتے۔ قرون اولیٰ کا وقت تو ایسا تھا جیسے سورج نکلا ہوا ہو۔ اور چاروں طرف روشنی ہی روشنی ہو لیکن یہ مولوی اس روشنی میں بھی اس نور کو نہ دیکھ سکے۔ بعد ازاں جب سورج ڈوب گیا اور فیج اعوج کا زمانہ شروع ہو گیا اس میں بھلا کیونکر اس بات کو دیکھ سکتے۔

ان کی مثال ایک چور اور مراثی کی ہے۔ ایک دفعہ مراثی کے ہاں چور گھس گیا۔ مراثی کے گھر میں کچھ نہ تھا۔ چور نے ہر چند تلاش کیا مگر کچھ نہ ملا۔ آخر ایک جگہ کچھ سفید سی چیز اسے نظر آئی۔ اس نے سمجھا آٹا ہے یہی لے چلو۔ اس کے لئے اس نے چادر بچھائی۔ لیکن دراصل روشنی تھی جو کسی سوراخ سے اندر پڑ رہی تھی۔ مراثی بھی جاگتا تھا اور سب کچھ دیکھ رہا تھا لیکن چونکہ اس کے گھر میں تھا ہی کچھ نہیں۔ اس لئے وہ خاموش رہا لیکن جس وقت چور نے روشنی کو آٹا سمجھ کر چادر بچھائی تو وہ بول اٹھا اور کہنے لگا’’ججمان سانوں دن نوں ایتھے کچھ نہیں لبھدا ، تینوں رات نوں ایتھے کی لبھے گا”یعنی ہمیں تو اس گھر میں دن کو کچھ نہیں ملتا کہ کھائیں پئیں۔ تمہیں رات کو کیا ملے گا۔ اس پر چور بھاگ گیا اور چادر بھی وہیں چھوڑ گیا۔ مراثی نے وہ چادر اٹھالی اور کہا “ججمان جو ہوئے کچھ دے ہی جاناں سی۔‘‘ یہی حال ان لوگوں کا ہے جب نورِ نبوت جلوہ گر تھا تب ان کو کچھ نہ ملا۔تو فیج اعوج کے زمانہ میں کیا مل سکتا تھا۔ جو روشنی کا زمانہ تھا اس میں ان کے گھروں سے کیا ملتا تھا جو اس وقت کچھ امید رکھی جائے جبکہ اندھیرا چھا گیا تھا۔ پس سچی توحید تیرہ سو سال کے عرصہ میں سوائے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے کوئی نہیں لایا۔ لوگ لاکھ عقل و تدبیر سے کام لیتے تو بھی ایسی توحید پیش نہیں کر سکتے تھے۔

یہ وہ کام ہے جو توحید کے متعلق حضرت مسیح موعود عليه الصلوٰۃ والسلام نے کیا اور توحید کے متعلق تعلیم دی ہے۔ اس وقت میں نے بطور نمونہ اس کا ذکر کیا ہے۔ ورنہ اس پر سینکڑوں خطبے کہے جا سکتے ہیں۔ اگر خدا تعالیٰ نے توفیق دی۔ تو یَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰیٰتِکَکے مفہوم پر اور اس کے دوسرے حصوں کے متعلق اور پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جو کچھ اس بارے میں کیا ہے اس کی بابت انشاء اللہ تعالیٰ پھر بتاؤں گا کہ وہ کیسے کیسے ضروری کام تھے۔ جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دنیا میں آکر کئے۔

پس یہ غلط خیال ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آنے کی ضرورت نہ تھی۔

اگر کوئی آنکھیں کھول کر دیکھے اور روحانیت کا کوئی شائبہ اس میں پایا جائے تو وہ یہ یقین کر لے گا کہ سورج کے بغیر دنیا کا گزارا ہو سکتا تھا۔وہ یہ تو یقین کرلے گا کہ چاند کے بغیر دنیا کا گزارہ ہو سکتا تھا۔وہ یہ تو یقین کر لے گا کہ بارش کے بغیر دنیا کا گزارا ہو سکتا تھا۔لیکن وہ یہ ہرگز یقین نہیں کرے گا کہ حضرت مسیح موعودؑ کے بغیر ایک دم بھی گزارا ہو سکتا تھا۔

لوگ کہتے تو ہیں کہ حضرت مرزا صاحب کے آنے کی کیا ضرورت تھی۔ لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ

اگر آپؑ نہ آئے ہوتے تو نہ معلوم مسلمان کہاں سے کہاں پہنچ جاتے اور میرے لئے تو آپؑ کی صداقت کی یہی دلیل کافی ہے کہ اگر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نہ آتے تو ہم لوگوں کی ایسی بدتر حالت ہوتی جو خیال میں بھی نہیں آسکتی۔

خدا جانے ہم کن کن گناہوں اور بدیوں میں پھنسے ہوتے۔

یہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ہی احسان ہے کہ ہمیں جو کہ ہلاکت کے گڑھے کے کنارے کھڑے تھے ہاتھ سے پکڑ کر تباہی اور بربادی سے بچا لیا اور ہماری پیدائش کی جو غرض ہے کہ خدا کا قرب پائیں اس کے حصول کے نہ صرف طریق بتائے بلکہ خدا تعالیٰ کے جلوہ کا مشاہدہ بھی کرا دیا۔

غرض حضرت مسیح موعودؑ نے ہمیں جس مقام پر کھڑا کر دیا ہے ہمارے لئے آپؑ کی بعثت کی ضرورت کا اندازہ لگانے کے لئے وہی کافی ہے اور دوسرے لوگ بھی اگر غور کریں تو انہیں اس کی اہمیت معلوم ہو سکتی ہے لیکن اس کے دیکھنے کے لئے آنکھ چاہیے۔ دیانتداری کے ساتھ اگر کوئی شخص اس پر غور کرے گا۔ تو اسے سب کچھ مل جائے گا اور سب باتیں جن کی اس وقت دنیا کو روحانیت کے حصول کے لئے ضرورت تھی آپ کی تعلیم میں سے مل جائیں گی۔

مگر یاد رکھو نبی ہمیشہ بیج ڈال دیتا ہے ۔اس لئے اگر کوئی شخص یہ چاہے کہ ہر مضمون پر اسے علیحدہ لکھی ہوئی کتاب مل جائے تو یہ مشکل ہے۔ قرآن کریم نے بھی ہر مضمون پر علیحدہ کتاب نہیں رکھی۔ اس میں بھی بعض موقعوں پر بعض مسائل اجمالی طور پر اور بعض اشارات سے سمجھائے گئے ہیں۔ پس اگر کوئی یہ چاہے کہ بنی بنائی علیحدہ علیحدہ کتابیں اسے ہر مضمون پر مل جائیں تو یہ اس کی غلطی ہے۔ ہاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی کتابوں میں تمام مسائل بیان فرما دیئے ہیں اور بے شمار علوم ان میں جمع کر دیتے ہیں۔ انسان اگر ان پر غور کرے تو گہرے سے گہرے مسائل کا پتہ ان سے لگ جاتا ہے اور پھر عجیب معارف و نکات کا بھی انکشاف ہوتا ہے۔

میں نے کئی دفعہ ارادہ کیا کہ براہین احمدیہ کو مسلسل پڑھ جاؤں لیکن ایسا نہیں کر سکا۔ جب بھی دو چار دس سطریں پڑھیں تب ہی ایسے گہرے اور لمبے خیال میں پڑ گیا۔ اور اس قدر معارف اور نکات ذہن میں آنے لگے کہ ایسا معلوم ہوتا کہ یہ الفاظ دروازہ تھا جس کے آگے وہ سرسبز و شاداب باغ ہے کہ جس میں طرح طرح کے پھل اور میوے ہیں۔ اسی طرح آپ کی دوسری کتابوں کا حال ہے۔ ان کو اگر پڑھا جائے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ علوم کا دریا لہریں مار رہا ہے۔ پس جہاں میں یہ بتانا چاہتا ہوںکہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جو کام کئے وہ دوسرے نہیں کر سکتے تھے وہاں یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ آپؑ کی کتابوں کو قصہ کہانی کے طور پر نہ پڑھو بلکہ نیک نیتی کے ساتھ ان کا مطالعہ کرو تو معلوم ہو گا کہ ان میں ہر عقل والے کے لئے علم رکھا گیا ہے اور ہر قسم کا علم رکھا گیا ہے اور جب اس طرح کوئی شخص انہیں پڑھے گا تو اسے خود بخود معلوم ہو گا کہ جو کام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کیا ہے وہ کس قدر عظیم الشان ہے۔اور یہ بھی معلوم ہوگا کہ وہ آپؑ ہی کے کرنے کا تھا۔ علماء اسے کر ہی نہ سکتے تھے بلکہ وہ تو سمجھ بھی نہ سکتے تھے۔

(الفضل ۲۰؍اکتوبر ۱۹۲۵ء)

مزید پڑھیں: حضرت مسیح موعودؑ کے کارنامے(قسط دوم)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button