تازہ ترین:”وقف نو صرف ایک ٹائیٹل نہیں ہے بلکہ ایک مقام ہے‘‘ حضور انور ایدہ اللہ کا شاملینِ وقفِ نَو انٹرنیشنل ریفریشر کورس سے مختصر خطاب اور وقفِ نو مرکزیہ کی ایپ کا اجرا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال شعبہ وقف نو مرکزیہ کا دوسرا انٹرنیشنل ریفریشر کورس مورخہ ۱۷؍ و ۱۸؍جنوری ۲۰۲۶ء ایوان مسرور، اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے جس میں دنیا بھر سے نیشنل سیکرٹریان وقف نو اور ان کے ٹیم ممبرز، نیز بعض ممالک کے لوکل سیکرٹریان وقف نو سمیت ۲۰۰ سے زائد احباب شامل ہوئے ہیں۔
اس ریفریشر کورس کا سب سے اہم حصہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تشریف آوری تھی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کل مورخہ ۱۷؍جنوری بروز ہفتہ نماز ظہر و عصر سے قبل ایوان مسرور میں تشریف لائے اور وقف نو مرکزیہ کی نئی Android ایپ کا اپنے دستِ مبارک سے اجرا فرمایا۔ بعد ازاں حضور انور نے دعا کروائی۔ اس کے بعد شاملین ریفریشر کورس کو حضور انور کے ساتھ گروپ تصاویر کھنچوانے کی سعادت حاصل ہوئی۔
گروپ تصاویر کے بعد حضور انور نے شاملین ریفریشر کورس سے مختصر خطاب فرمایا۔ حضور انور نے فرمایا:
آپ لوگ سارے سیکرٹریان جو یہاں آئے ہوئے ہیں، صرف آ کے مجلس میں بیٹھ کے، لیکچر سن کے، ان کی باتیں سن کے واپس نہ چلے جائیں بلکہ آپ نے اس پر عمل بھی کرنا ہے۔ اور واقفین نو کو بتائیں کہ کیا کیا ان کی ذمہ داریاں ہیں۔ کچھ واقفین نو جماعت کی خدمت میں باقاعدہ آئیں گے، کچھ واقفین نو ایسے ہیں جو اپنے طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کو یہ بتائیں کہ انہوں نے اجازت لے کے کام کرنا ہے۔ جو چاہے وہ کام کریں، اگر جماعت کو اس وقت اُن کی ضرورت نہیں تو تب بھی اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ بالکل آزاد ہو گئے ہیں۔ بحیثیت وقف نو اُن کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہیے۔ اپنی عبادتوں کا حق ادا کرنا، دینی علم کو بڑھانا، قرآن کریم کا علم حاصل کرنا اور جماعت کی خدمت کرنا یہ ضروری چیزیں ہیں جو ہر ایک واقف نو کے ذہن میں آپ کو ڈالنی پڑیں گی اور ڈالنی چاہئیں۔ اور بعض ملکوں میں بعض ایسے ہیں، مجھے پتا لگا ہے بلکہ مجھے بھی لکھتے رہتے ہیں جو اپنے وقف کو جاری نہیں رکھنا چاہتے۔ تو ایسے تمام جو ہیں ان کی فہرستیں یہاں جو مرکزی شعبہ وقف نو کا ہے ان کو بھجوائیں تاکہ ان کا نام وہاں سے ختم کیا جا سکے۔ یہ وقف نو صرف ایک ٹائیٹل نہیں ہے بلکہ ایک مقام ہے جو ایک بچے کو اس وقت دیا جاتا ہے جب وہ پیدا نہیں ہوتا اور پھر اس کے بعد وہ اپنے bond کو renew کرتا ہے۔ اور اس کو، اس عہد کو جاری رکھنے کا وعدہ کرتا ہے۔ جو جاری نہیں رکھ سکتے ان کو بہر حال ہم نے بیچ میں سے نکالنا ہے۔ اور جو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں اُن کو اپنی ذمہ داریوں کو پھر سمجھنا بھی چاہیے۔ اور یہاں جو کچھ آپ سیکھ کے جا رہے ہیں، بہت ساری باتیں آپ کو بتائی ہوں گی انہوں نے، پہلے بھی آپ کے علم میں ہیں لیکن اب عمل کرنے کی ضرورت ہے، واقفین نو کو organise کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر یہ واقفین نو کی ٹیم جو ہزاروں میں ہے صحیح طرح organised ہو جائے تو جماعتی کام جو ہے ہر ملک میں کئی گنا بڑھ سکتا ہے، تبلیغ کا کام بھی، تربیت کا کام بھی، عورتوں میں بھی اور مردوں میں بھی۔ پس اس طرف خاص طور پر توجہ دیں۔
حضورِانور نے فرمایا: امید ہے آپ لوگ یہاں سے جو کچھ سیکھ کر جا رہے ہیں اس پر عمل کرنے کی کوشش بھی کریں گے اور ایک نئے سرے سے اپنی ٹیموں کو، اپنے واقفین نو کو organise کریں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے۔ السلام علیکم۔
بعد ازاں حضور انور ایوان مسرور سے تشریف لے گئے۔
وقف نو مرکزیہ کی نئی ایپ کو Android Devices پر درج ذیل لنک کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے:
https://play.google.com/store/apps/details?id=org.waqfenauintl.app&pcampaignid=web_share
ادارہ الفضل انٹرنیشنل اس ایپلیکیشن کے اجرا پر امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور شعبہ وقف نو مرکزیہ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ دنیا بھر میں موجود واقفین نو اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے ہوں۔ آمین
