دوسرا انٹرنیشنل وقفِ نو ریفریشر کورس امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سیکرٹریان وقف نو کو مختصر خطاب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مسلسل دعاؤں اور راہنمائی سے شعبہ وقف نو مرکزیہ کو نیشنل شعبہ وقف نو یوکے کی معاونت سے اپنا دوسرا انٹرنیشنل ریفریشر کورس مورخہ ۱۷ اور ۱۸؍جنوری ۲۰۲۶ء ایوان مسرور، اسلام آباد ، ٹلفورڈمیں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

وقفِ نو مرکزیہ کے آفیشل یو ٹیوب چینل پراسلام آباد ٹلفورڈ میں منعقدہ پروگرامز کے علاوہ فارنہم سٹوڈیوز سے بھی پروگرامز لائیو streamکیے گئے۔ اس کے علاوہ ان پروگرامز کا اردو ، انگریزی، انڈونیشین اور برمی زبان میں live ترجمہ کیا گیا۔ انڈونیشیا سے ان کی اپنی ٹیم نے اپنی زبان میں بھی رواں ترجمہ کیا۔ شعبہ وقف نو مرکزیہ کے YouTube چینل پر ان دو دنوں میں پچیس ہزارسے زائد لوگوں نےنشریات کو دیکھا اور وقف نو انڈونیشیا ؍ برما کے YouTube چینل پر۲۶۶۷؍لوگوں نے اس سے استفادہ کیا۔علاوہ ازیں سوشل میڈیا X،Instagram Telegramکے ذریعے ۱۳۲۰۰۰؍لوگوں نے اس پروگرام کو followکیا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے دنیا بھر سے نیشنل سیکرٹریان وقف نو کو شمولیت کے دعوت نامے بھجوائے گئے۔ویزا کے حصول میں مسائل کے باوجوداللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۰؍نیشنل سیکرٹریان وقف نو نے بنفس نفیس شرکت کی ۔ اس کے علاوہ ۱۹؍نیشنل سیکرٹریان کے نمائندگا ن اور مختلف ممالک سے کُل۱۲۵؍لوکل سیکرٹریان پروگرام میں شامل ہوئے۔اس ریفریشر کورس کے تمام شاملین بشمول مرکزی شعبہ وقف نو کے کمیٹی ممبرز کی حاضری ۲۱۹؍رہی۔فالحمد للہ علی ذالک

پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مرکزی دفتر میں ایک انتظامیہ تشکیل دی گئی اور تین بڑے شعبوں میں کام کو تقسیم کرکے نگران ،نائبین اور معاونین مقرر کیے گئے۔ جنہوں نے مسلسل اپنی اپنی ڈیوٹی بطریق احسن سرانجام دی۔
دوسرے ممالک سے تشریف لانے والے مہمانوں کی رہائش کا انتظام مسجد بیت الفتوح میں کیا گیا تھا۔ناشتہ کے بعد مہمانوں کی شعبہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے مہیا کردہ vans میں اسلام آباد کے لیے روانگی ہوتی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں جمعہ کی ادائیگی کے لیے بھی یہ سہولت موجود تھی۔
افتتاحی اجلاس ۱۷؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ
ریفریشر کورس کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز۱۰ بج کر ۱۰؍منٹ پر مکرم عبد الماجد طاہر صاحب (ایڈیشنل وکیل التبشیر) کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔مکرم عبد الخبیر رضوان صاحب (مربی سلسلہ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری) نے سورۃ الانعام کی آیات ۱۶۲ تا ۱۶۶کی تلاوت کی اور تفسیر صغیر سے ان آیات کا اردو ترجمہ پیش کیا۔
خاکسار(لقمان احمد کشور) نے مختصراً پروگرام کا تعارف کروانے کے ساتھ شاملین کا خیر مقدم کیا اور اس پروگرام کے مقصد سے آگاہ کیا۔ مہمان خصوصی نے افتتاحی تقریر کی جس میں انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف مواقع پروقف نو کے حوالے سے سیکرٹریان وقف نو کو دی گئی بعض ہدایات کی یاددہانی کروائی۔ یہ اجلاس اردو میں تھا۔اس کا ترجمہ انگریزی میں ساتھ ساتھ پیش کیا جاتا رہا۔

بعد ازاں شعبہ وقف نو مرکزیہ کی جانب سے ایک پروگرام پیش کیا گیا جس میں مکرم توقیراحمد تنویر صاحب (مربی سلسلہ)، مکرم فرخ احمد ارشد صاحب (مربی سلسلہ) اور خاکسار نے روزہ مرہ انتظامی اور دفتری امور میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل سے متعلق بزبان انگریزی گائیڈ لائن دی۔ نیز حاضرین اور لائیو سٹریم پر ریفریشر کورس کے ناظرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے ۔
اس کے بعد مرکزی شعبہ IT کی طرف سے مکرم عبدالودود عمر صاحب نے ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں Data Protection اور GDPR کے حوالے سے سیکرٹریان کو راہنمائی دی ۔
تشریف آوری حضورِ انورایدہ اللہ تعالیٰ
اللہ تعالیٰ کا بے حد فضل و احسان ہے اور شعبہ وقف نو کے لیے اس ریفریشر کورس کا یہ سب سے قیمتی لمحہ تھا جب ازراہ شفقت امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہمیں نماز ظہر و عصر سے قبل اپنے نہایت قیمتی وقت سے کچھ لمحات عنایت فرمائے۔ اس دوران پیارے حضور نے مرکزی شعبہ وقف نو کی طرف سے واقفین نو کے لیے تیار کردہ App کا اجرا فرمایا، نیز ازراہ شفقت ہال میں موجود تمام حاضرین کوپیارے حضور کے ساتھ تصاویر بنوانے کا بابرکت موقع عطا فرمایا اور نہایت زرّیں ہدایات پر مشتمل مختصر ساخطاب فرمایا جو حقیقتاً اس ریفریشر کورس کا ’’ کلام الامام امام الکلام‘‘کا مصداق ٹھہرا۔ الحمد للہ ، ثم الحمد للہ۔(تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو اسی شمارے کا صفحہ اوّل)
اس کے بعد چند لمحات کے لیے حضورانور لجنہ سائیڈ پر موجود مریم میگزین کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی تشریف لے گئے۔ اور وہاں سے نمازوں کی ادائیگی کے لیے تشریف لے گئے۔ اس دوران نماز کے لیے آنے والے احباب و خواتین اور بچوں نے بھی اپنے پیارے آقا کو محبت بھری آواز میں السلام علیکم حضور! کا تحفہ پیش کیا اور اپنی آنکھیں ٹھنڈی کیں۔ اللہ تعالیٰ پیارے حضور کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمائے۔ آمین
ان چند بابرکت ساعتوں میں علیمؔ کی یہ چند سطریں یاد آرہی تھیں :
یہ محبت تو نصیبوں سے ملا کرتی ہے
چل کے خود آئے مسیحا کسی بیمار کے پاس
یونہی دیدار سے بھرتا رہے یہ کاسۂ دل
یونہی لاتا رہے مولا ہمیں سرکار کے پاس
نماز ظہر و عصر اور ظہرانہ کے دوران آن لائن سٹریمنگ میں وقف نو امریکہ کے دورہ قادیان سے متعلق دلچسپ اور معلوماتی ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔
پہلے دن کا دوسرا اجلاس
ٹھیک ۳ بجے سہ پہر اسماعیل میگزین کے ایڈیٹرز مکرم فرخ راحیل صاحب مربی سلسلہ اور مکرم طلعت صیام صاحب مربی سلسلہ نے مختصراً اسماعیل میگزین اور مریم میگزین کی تیاری کے مراحل سے آگاہ کیا اور اس کی معاونت کے لیے سیکرٹریان کو ہدایات دیں۔
اس کے بعد مکرم نصیر احمد قمر صاحب (ایڈیشنل وکیل الاشاعت طباعت )نے وقف نو کی اہمیت اور اس کے مقاصد بیان کیے نیز حاضرین اور لائیو سٹریم دیکھنے والوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ یہ پروگرام اردو میں تھا اور نماز مغرب تک جاری رہا۔
تیسرا اجلاس
نماز مغرب کے بعد درج ذیل عناوین پر مختلف پریزنٹیشنز اور لیکچرز پیش کیے گئے۔
٭…مکرم مرزا نصیر احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے واقفین نو کو جامعہ احمدیہ میں داخل ہونےاور مربی بننے کی اہمیت پر بزبان اردو ایک لیکچر دیا۔
٭…مکرم ڈاکٹر وجاہت احمد صاحب کارڈیالوجسٹ نے ایک پریزنٹیشن بعنوان ’’مَیں وقف نو ڈاکٹر کی حیثیت سے کیسے اچھا کام کرسکتا ہوں‘‘ پیش کی۔
٭…مکرم منیر عودہ صاحب، مکرم توقیر مرزا صاحب، مکرم مبارز احمدی صاحب اور مکرم غالب خان صاحب نے ایم ٹی اے کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے پریزنٹیشنز پیش کیں اور واقفین نو کی خدمات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
٭…مکرم فائز احمد صاحب نے ’’جماعت میں آرکیٹیکچر کی ضرورت‘‘ پربہت معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی۔
رات سات بجے ریفریشر کورس کا باقاعدہ اعزازی عشائیہ پیش کیا گیا۔ جس میں بیرون سے معزز مہمانان بھی تشریف لائے۔کھانے سے قبل مہمانان کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری کی ریکارڈنگ دکھائی گئی اور مکرم منیر الدین شمس صاحب (ایڈیشنل وکیل التصنیف )نے کھاناشروع ہونے سے قبل دعا کروائی۔
دوسرا دن۔۱۸؍جنوری۲۰۲۶ء بروزاتوار
دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز مکرم عابدوحید خان صاحب(انچارج مرکزی پریس اینڈ میڈیا آفس) کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم طارق یوسف صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو سویڈن نےسورۃ التوبۃ کی آیت ۱۲۲ کی تلاوت کی اور اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔
بعد ازاں مکرم عابد وحید خان صاحب نے وقف کے حوالے سےحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی معیت میں میسر ہونے والے چندایمان افروز واقعات بیان کیے اور حاضرین و ناظرین کے سوالات کے جوابات دیے۔
اس کے بعد مکرم مرزا حارث احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو امریکہ اور مکرم سعادت احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو جرمنی اور ان کی ٹیم نے اپنے اپنے ملکوں میں شعبہ وقف نو کی مساعی اور ان کے کاموں کے بارے میں پریزنٹیشنز پیش کیں۔ بعد ازاں مکرم مرزا محمود احمد صاحب(سیکرٹری نصرت جہاں سکیم یوکے بورڈ) نے مجلس نصرت جہاں پر ایک لیکچر دیاجس میں انہوں نے سکیم کا تعارف کروایا اور واقفین نو اور انتظامیہ کو اس کے تحت ڈاکٹرز اور ٹیچرز کے وقف کی طرف ترغیب دلائی۔مکرم محسن رامجیت صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو ماریشس نے اپنے ملک میں شعبہ وقف نو کی مساعی اور ان کے کاموں کے بارے میں ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ جس کے بعد مرکز ی شعبہ IT کی طرف سے مکرم وقار احمد صاحب اور طارق احمد صاحب نے ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح IT کے ذریعہ جماعت کی خدمت کی جا سکتی ہےاور واقفین نو کو اس میں کس کس فیلڈ کی طرف جانا چاہیے۔
اس اجلاس کے آخر پر ایک مختصر سا Panel Q&A سیشن منعقد ہوا جس میں مکرم عبدالقدوس عارف صاحب (نیشنل سیکرٹری وقف نو یوکے)، مکرم سعادت احمد صاحب (نیشنل سیکرٹری وقف نو جرمنی) اور خاکسار (لقمان احمد کشور) نے انتظامی امور سے متعلق حضور انور کی بعض ضروری ہدایات دیں اور حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔
اختتامی اجلاس
نماز ظہرو عصر کے بعد حضور انور کے ارشاد کی تعمیل میں مکرم عبد الماجد طاہر صاحب (ایڈیشنل وکیل التبشیر) ہی کی صدارت میں اختتامی اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم دانیال تصوّر صاحب (مربی سلسلہ) نے سورت آل عمران کی آیات ۳۴ تا ۳۷ کی تلاوت کی اور ان آیات کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں خاکسار نے ریفریشر کورس کی مختصر رپورٹ پیش کی۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تشریف آوری کی ویڈیو دکھائی جانے کے بعد مکرم عبدالماجد طاہر صاحب (ایڈیشنل وکیل التبشیر ) نے مختصراختتامی تقریر کی جس میں آپ نے حضور انور کے ارشادات و ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی اور اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ تمام کامیابیاں اور برکات صرف حضرت خلیفۃ المسیح کی ذات بابرکات سے جڑی ہیں نیز حضور انور کے ارشادات اور دعا کی قبولیت کے حوالے سے چند ایمان افروز واقعات بھی بیان کیے۔ تقریر کے اختتام پر آپ نے دعا کروائی۔ اس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ جس کے بعد اس ریفریشر کورس کا باقاعدہ اختتام ہوگیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ریفریشر کورس کے دور رس نتائج ظاہر فرمائے اور شعبہ وقف نو مرکزیہ کو اور دنیا بھر کے تمام ممالک کے شعبہ ہائے وقف نو کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے خلیفۂ وقت کی منشاء کے مطابق کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:لقمان احمد کشور۔انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ)
٭…٭…٭




