خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سوشل میڈیا پر جاری حالیہ بیان میں امریکی صدر نے عالمی ٹیرف میں مزید پانچ فیصد اضافے کا اعلان کیا۔انہوں نے لکھا کہ وہ امریکی صدر کی حیثیت سے دنیا بھر کے ملکوں پر عائد دس فیصد عالمی ٹیرف کو بڑھا کر پندرہ فیصد کر رہے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ٹیرف میں شامل کئی ملک ایسے ہیں، جو کئی دہائیوں سے امریکہ کا استحصال کرتے آ رہے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت آنے والے مہینوں میں قانونی طور پر نئے اور قابلِ اجازت ٹیرف کا تعین کرے گی۔
٭… یوکرین نے روس کے بیلسٹک میزائل پلانٹ پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے شمالی علاقے میں میزائل پلانٹ کو یوکرینی ساختہ فلیمنگو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔روسی پلانٹ میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل اور شارٹ رینج بیلسٹک میزائل تیار کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ روسی علاقے سمارا میں گیس پروسیسنگ پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ یوکرینی فوج کے مطابق اس حملے میں مقامی طور پر تیار کردہ فلیمنگو میزائل استعمال کیے گئے اور ہدف بنایا گیا پلانٹ یوکرین سے تقریباً ۱۴۰۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
٭… البانوی حکومت پر بدعنوانی کے الزامات پر دارالحکومت ترانہ کے متعدد مقامات پر حکومت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے۔ مظاہرین نے وزیرِ اعظم ایدی راما (Edi Rama) سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق البانیہ کے دارالحکومت ترانہ میں مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارت پر پیٹرول بم پھینکے، پارلیمنٹ کا بھی گھیراؤ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نائب وزیرِ اعظم کو بدعنوانی اسکینڈل کے باعث معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
٭…٭…٭




