جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ، یوکے کے زیر اہتمام کمیونٹی افطار پروگرام کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ، یوکے کے زیراہتمام مورخہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۶ء کو ایک کمیونٹی افطار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب، پس منظر اور شہری قیادت سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس بابرکت تقریب کا مقصد باہمی احترام، امن، رواداری اور ہم آہنگی کے ماحول میں روزہ افطار کرنا اور معاشرتی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔

تقریب میں ۱۵۰؍سے زائد معزز مہمانوں نے شرکت کی جو مقامی کمیونٹی سے مضبوط روابط اور اتحاد کا مظہر تھا۔ معزز شرکاء میں لارڈ میئر آف کرکلیز کونسلر لِز سمیج، لیڈر آف کرکلیز کونسل کیرول پیٹنسن، مقامی ممبر آف پارلیمنٹ ہارپریت اپل، بشپ آف ہڈرزفیلڈ سمتھا پراسادم، ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر منیر احمد، چیئرمین انٹرفیتھ کرن بالی، انسپکٹر الیکس لینگلے، دیگر کونسلرز، مختلف مذاہب کے راہنما اور پولیس کے نمائندگان شامل تھے۔
اس موقع پر کلیدی تقریر مکرم صباحت کریم صاحب مربی سلسلہ نے کی جس میں آپ نے رمضان المبارک کی اہمیت اور روزے کے حقیقی مقصد پر روشنی ڈالی۔ مہمانوں نے اسلامی تعلیمات کی اس مؤثر اور جامع وضاحت کو بے حد سراہا۔
تقریب کے دوران مقررین نے بین المذاہب مکالمہ، باہمی احترام اور کمیونٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور جماعت احمدیہ کی جانب سے امن و سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
خاکسار (صدر جماعت) نے مکرم یوسف آفتاب صاحب کے ہمراہ مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ بین المذاہب اجلاسوں، علمی سمپوزیمز، خون کے عطیات کی مہمات، شجرکاری مہم اور شہر کی صفائی جیسے فلاحی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر جملہ مہمانوں کی خدمت میں افطاری اور عشائیہ پیش کیا گیا۔
(رپورٹ:فتیح الحق۔ صدر جماعت احمدیہ ہڈرزفیلڈ، یوکے)




