متفرق

ربوہ کا موسم(۶تا۱۲؍مارچ ۲۰۲۶ء)

۶؍مارچ جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت موسم کلیئر تھا، بہت آہستہ رفتار سے بادِ صبا رواں دواں تھی۔ اس ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے تمام دن بہت اچھا گزرا۔ ہفتہ کو بھی آسمان صاف تھا اور ہوا چل رہی تھی، دن کو کبھی کبھار بادل کا ٹکڑا سورج سے آنکھ مچولی کرتا ہوا اُس کے سامنے آجاتا اور سورج کو زمین پر دھوپ بکھیرنے سے منع کردیتا۔ اتوار کا دن کافی خوشگوار تھا کیونکہ اس دن آسمان پر بادلوں کی ہلکی تہ موجود تھی جو سورج کے سامنے آکر دھوپ کی تمازت کو متاثر کر رہی تھی جس کی وجہ سے موسم اچھا بن گیا۔ سوموار کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا، ساتھ ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی تھی، اس سے موسم خوشگوار ہوگیااور روزہ داروں کے لیے اطمینان کا باعث بنا۔

منگل کے روز، دن بھر ٹھنڈی ہوا چلتی رہی، جس کی وجہ سے موسم بہار اپنے جوبن پر پہنچ گیا، یعنی اس بادِ صبا سے بہت خوشگوار ہوگیا۔ کمروں میں پنکھوں کی ہوا سرد ہوگئی، آسمان پر کسی حدّ تک چھانے والے بادلوں کی وجہ سے دھوپ میں بھی خاطر خواہ کمی رہی۔ بدھ کو گرمی زیادہ تھی کیونکہ آسمان صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ خوب نکلی ہوئی تھی، شام کے وقت کچھ دیر کے لیے آہستہ رفتار سے ٹھنڈی ہوا چلتی رہی جو بارش کی آمد کا پتہ دے رہی تھی۔ اور پھر ایسا ہی ہوا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو اڑہائی تین بجے کے قریب موسلا دھار بارش شروع ہوگئی، کم دورانیے کے لیے برسنے والی اس بارش کی وجہ سے مٹی بیٹھ گئی اور ہر طرف جل تھل ایک ہوگیا۔ اس بارش کی وجہ سے ٹمپریچر میں کافی کمی ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ سے معلوم ہو ا کہ لاہور اور گردو نواح کے علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ جمعرات کو بارش کی وجہ سے موسم پر اچھے اثرات مرتب ہوئے، سرد ہوا جاری رہی جس سے موسم خوب ٹھنڈا ہوگیا۔ لگتا تھا سردی جاتے جاتے پھر لوٹ آئی ہے۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۸؍ اور کم سے کم ۱۴؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button