پرسیکیوشن رپورٹس

اسلامی جمہوریہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں احمدیوں پر ہونے والے دردناک مظالم کی الَم انگیز داستان

(مہر محمد داؤد)

۲۰۲۵ء میں سامنےآنے والے تکلیف دہ واقعات سے انتخاب

احمدیت مخالف مہمات، ریلیز اور کانفرنسز

لیویا سکارڈی، ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ایمنسٹی انٹرنیشل ساؤتھ ایشیا کہتے ہیں کہ انتظامیہ کو احمدیوں پر ہونے والے حملوں میں اضافے کو روکنا چاہیے۔ انہیں چاہیے کہ جماعت کے ممبران کی عزت کریں اور انہیں تحفظ فراہم کریں اور ساتھ ہی ان کے بنیادی انسانی حقوق کو پورا کریں اور اس عمل کی ترویج کریں۔

بریلی، کوٹلی آزاد جموں و کشمیر: ۱۴؍جنوری کو بریلی میں انتہاپسند عناصر احمدیوں کے گھروں کے باہر جمع ہو گئے اور انہیں اپنے گھروں میں محصور کردیا۔ افراد جماعت نے انتظامیہ کو ایک تحریری درخواست جمع کروائی اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ۱۷؍جنوری کو اسی طرح کا ایک اَور مجمع لگایا گیا جہاں مقررین نے لوگوں کو احمدیوں کے خلاف بھڑکایااور امتیازی قوانین کا حوالہ دے کر انہیں احمدیوں پر تشدّد کرنے پر اکسایا۔ یہ تقریب غروب آفتاب تک جاری رہی اور پولیس نے اس کے خلاف کوئی حفاظتی انتظام نہ کیا۔

ربوہ ۶و ۷؍ستمبر:مسلسل کئی روز تک جماعت احمدیہ کے مرکز میں احمدیت مخالف جلوسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ ان تقریبات میں نفرت انگیز تقاریر اور احمدیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے کا سلسلہ جاری رہا۔ اس سارے عمل میں یا تو انتظامیہ کی رضامندی شامل تھی یا انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔ ۶؍ستمبر کو ربوہ میں عید میلادالنبیؐ کے نام سے ایک جلوس نکالا گیا۔ یہ جلوس مسلم کالونی سے شروع ہوا اور شہر کے مرکز سے ہوتے ہوئے بس اڈے پر ختم ہوا۔ شہر سے گزرتے ہوئے کئی مقامات پر مقررین نے رک کر احمدیت مخالف نفرت انگیز تقاریر کیں، ربوہ سے احمدیوں کا اثر و رسوخ ختم کرنے اور لوگوں کو احمدیوں پر تشدد کرنے پر اکسایا۔ ایک مقرر نے تقریباً ۴۰۰ لوگوں کے مجمع کو کہا کہ اگر کوئی احمدی نظر آئے تو اسے جانے نہ دیا جائے اور ساتھ ہی حاضرین کو اگلے روز ہونے والی بڑی کانفرنس میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ لوگوں میں اشتعال انگیزی کے لیے مقررین نے جماعت کے متعلق غلیظ اور بازاری زبان کا استعمال جاری رکھا اور ساتھ ہی جماعت احمدیہ کے اندر تفرقے کے جھوٹے قصے بیان کیے۔ اسی طرح پچھلے پہر ایک اَور جلوس نکالا گیا جس میں تقریباً ایک ہزار کے قریب لوگ شامل ہوئے۔

اگلے روز ۷؍ستمبر کو ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا انعقاد ۱۹۷۴ء کے اس آئینی فیصلے کی یاد میں کیا جاتا ہے جس میں احمدیوں کو ان کی مسلم شناخت سے آئین پاکستا ن میں ترمیم کر کے محروم کیا گیا تھا۔ اس کانفرنس میں سینکڑوں لوگ شامل تھے جن میں تحریک مداح صحابہؓ، علماء کونسل پاکستان اور عالمی تحفظ ختم نبوت کے نمائندے شامل تھے۔ مقررین نے متعدد بار احمدیوں کو غدار اور پاکستان کی نظریاتی اساسوں کے خلاف سازشیں کرنے والے قرار دیا۔ انہوں نے توہین کے قوانین اور احمدیت مخالف قوانین کے تحفظ کی قسمیں کھائیں اور انہیں تبدیل کرنے والوں کے خلاف متشدد مزاحمت کی یقین دہانی کروائی۔ متعدد مقررین نے لوگوں کو احمدیوں کے خلاف تشدد پر اکسایا اور احمدیوں پر الزام لگایا کہ و ہ ملک کے غدار ہیں اور ملک کے اندر اخلاقی گراوٹ کے ذمہ دار ہیں۔ مولوی طاہر اشرفی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ احمدیوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور ان کی عبادت گاہوں کو مسجد کہنے سے گریز کیا جائے۔

ڈھاکہ بنگلہ دیش: ۱۵؍نومبر کو سہروردی اودیان ڈھاکہ میں سمیلیتوختم نبوت پرشاد کے زیر قیادت ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں شامل مقررین نے بنگلہ دیش حکومت سے مطالبہ کیا کہ احمدیوں کو باقاعدہ طورپر غیر مسلم قرار دیا جائے۔ اور انکی مذہبی شناخت اور معمولات پر جامع ومانع پابندیاں عائد کی جائیں۔ اس تقریب کی تیاری ایک سال قبل سے جاری تھی۔ اس تقریب میں وسیع پیمانے پر ملکی اور غیرملکی سیاسی اور مذہبی شخصیات شامل ہوئیں۔ اس تقریب میں حد سے تجاوز کرنے والی بات پاکستان کے طریق پر بنگلہ دیش میں موجود احمدیوں پر پابندیوں کا مطالبہ تھا۔ یہ مطالبہ بنگلہ دیش میں موجود احمدیوں کے تحفظ اور برابر شہری حقوق اور آئین میں موجود مذہبی آزادی کی یقین دہانی کے متعلق سنگین خدشات کو اجاگر کرتاہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری سطح پر احمدیوں کو غیر مسلم قراردے۔ انہیں نماز کی ادائیگی سے روکے۔ ان کا تمام لٹریچر ضبط کر ے اور انہیں اسلامی اصطلاحات اور نام استعمال کرنے سے روکے۔ اس تقریب میں بنگلہ دیش کی نمایاں اسلامیت پسند جماعتوں سے لے کر پاکستان، سعودی عرب، انڈیا اور مصر تک سے آنے والے وفود کی شمولیت خطے میں اس تقریب کے وسیع دائرہ کار کو نمایاں کرتی ہے۔ اس تقریب کے مقررین میں جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ اور معروف مخالف احمدیت مولوی فضل الرحمٰن بھی شامل تھے۔ فضل الرحمٰن صاحب نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان میں نبیﷺ کی شان کے لیے خون کی قربانی دی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی دیں گے۔ یہ لوگ(یعنی احمدی) کافر ہیں۔ آپ کو بھی ہماری طرح نبیﷺ کی شان کو مقدّم رکھنا ہے۔ بنگلہ دیشی مولویوں کی تقریروں میں بھی یہ بازگشت سنائی دی۔ جماعت اسلامی، اسلامی اندولن بنگلہ دیش، خلافت مجلس، اور حفاظت اسلام سے تعلق رکھنے والے راہنماؤں نے ایسی قانونی اور آئینی ترمیموں کے نفاذ کی کوشش کا عزم کیا جس سے احمدی دائرہ اسلام سے باہر چلے جائیں۔ ان میں سے کچھ لوگوں نے ۵ اگست کو ہونے والی سیاسی ہل چل کو اسلام کی حیاتِ نَو کا موقع قرار دیا جب شیخ حسینہ کی حکومت چلی گئی تھی۔ مقررین نے کہا کہ اگر حکومت یہ قدم اٹھانے میں ناکام رہی تو وسیع پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں گے اور عوام کی جانب سے حکومت پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔ تقریب کے منتظمین نے اعلان کیا کہ یہ مظاہرے سال بھر جاری رہیں گے اور عبوری حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا۔ اور اگر دسمبر ۲۰۲۶ء تک حکومت اس مطالبہ کو ماننے سے گریزاں رہی تو عام لوگوں سے دستخط لیے جائیں گے، ضلعی سطح پر پٹیشن دائر کی جائیں گی، ڈویژن کی سطح پر کانفرنسیں کی جائیں گی اور علماء مشائخ اسمبلی منعقد کی جائے گی۔ تقریب میں شاملین کی تعداد، اعلیٰ سطح پر غیر ملکی مذہبی و سیاسی شخصیات کی شمولیت اور احمدیوں کی مذہبی زندگی پر کاری ضرب کے مطالبات واضح کرتے ہیں کہ بنگلہ دیش کے آئین میں موجود مذہبی آزادی کے تحفظ کی یقین دہانی سے کس طرح انحراف کی کوشش کی جا رہی ہے۔

۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد بنگلہ دیش میں احمدیوں کے خلاف پر تشدد کارروائیوں میں گراں قدر اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی اداروں کے کمزور ہونے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حد سے زیادہ دباؤ کی وجہ سے مذہبی جماعتوں نے اس سیاسی خلا کو پُر کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ اور احمدیوں سمیت دیگر اقلیتوں پر حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جس روز شیخ حسینہ نے استعفیٰ دیا اس سہ پہر کو احمد نگر کے پنچہ گڑھ صدر اوپازلہ میں ۱۱۷؍احمدی گھروں پر حملہ کیا گیا۔ ان کی املاک کو لوٹا گیا اور انہیں نذر آتش کر دیاگیا۔ بڑی احمدیہ مسجد، جماعتی دفاتر، اور ایک گیسٹ ہاؤس کو لوٹا گیا اور انہیں آگ لگا دی گئی۔ ساتھ ہی جامعہ احمدیہ پر بھی حملہ کیا گیا۔ ۲۲؍احمدیوں کو زخمی کیا گیا جن میں سے ۱۶؍سال کے شہریار راکین تین ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد شہید ہو گئے۔ اسی شام تارگنج ضلع رنگ پور میں بھی پرتشدد کارروائی کے دوران احمدیہ مسجد کو نذر آتش کر دیا گیا۔ اسی طرح بام نیل راج شاہی، چورائی کھولہ نیلیپھا ماری، اور مادر ٹیک ڈھاکہ میں احمدیہ مساجد اور گھروں میں لوٹ مار کی گئی اور احمدیوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ مادرٹیک میں احمدیوں کو سپیکر پر اذان دینے سے روک دیا گیا۔ ضلع شیر پور میں ان لوٹیروں نے ۲۰؍کے قریب احمدی گھروں اور مسجد میں لوٹ مار کی اور احمدیوں کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔ کچھ دن کے بعد میمن ضلع میں ایک منظّم حملے کا منصوبہ فوج کی مداخلت کی وجہ سے ناکام ہوا۔ اگست کےمہینے میں ہونے والے اس نقصان کا اندازہ تقریباً ۲۰۰ ملین ٹکہ کے قریب لگایا گیا ہے۔ ان حملوں کے بعد مولویوں نے کھلے عام حکومت سے مطالبات شروع کردیے کہ احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیا جائے۔ ڈھاکہ میں ۲۴؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو ہونے والی علماء مشائخ کانفرنس میں مولویوں نے عبوری حکومت کو ۶؍ماہ کی مہلت دی کہ وہ احمدیوں کو اسلامی اصطلاحات اور اسلامی ناموں کے استعمال، اپنی عبادتگاہوں کو مساجد کہنے، اذان دینے اور اپنا لٹریچر شائع کرنے سے روکے۔ اور اگر یہ مطالبات نہ مانے گئے تو ۱۰؍لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کی دھمکی دی۔ شالشری، احمد نگر اور دیگر علاقوں میں ہراسانی کے واقعات بھی بڑھ گئے اور احمدیوں پر جھوٹے مقدمات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ برہمن باریا میں مخالفین نے ایک احمدی نوجوان کے نام سے جھوٹا اکاؤنٹ بنا کر ایک سکرین شاٹ لیا اور اس کو گرفتار کروا دیا۔ بنگلہ دیش کے مذہبی منظرنامے میں احمدیت مخالف جذبات کی موجودگی دہائیوں پرانی ہے۔ لیکن شیخ حسینہ کی حکومت کے بعد اس کی ایک نئی لہر پیدا ہو گئی ہے۔ جو پہلے سے زیادہ شدید، منظّم اور مقامی اورعلاقائی مولویوں اور مذہبی گروہوں کے گٹھ جوڑ کو نمایاں کرتی ہے۔ اسی ماحول نے ڈھاکہ میں ۲۰۲۵ء میں ہونے والی ختم نبوت ریلی پاکستان کی طرز پر احمدیوں کو دائرہ اسلام سے خارج کرنے کے مطالبات کو جنم دیا۔ اس مقامی عدم استحکام اور غیر ملکی تعاون نے بنگلہ دیش میں احمدیوں کے خلاف ملک گیر مہم جوئی کےلیے سازگار حالات پیدا کردیے ہیں۔

مزید پڑھیں: پریس ریلیز: خوشاب میں ایک احمدی مبشر احمد ورک پر قاتلانہ حملہ کے ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکے

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button