سپورٹس بلیٹن
فٹ بال:فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ءکے یوروپین کوالیفائرزمیں بوسنیانے اٹلی سے کامیابی حاصل کرکے ورلڈکپ میں جگہ بنالی۔یہ میچ مقررہ وقت میں ۱۔۱؍گول سے برابررہا اور پنلٹی شوٹس پر بوسنیا نے ۴۔۱؍سےفتح حاصل کی۔یوں اٹلی کی ٹیم لگاتارتیسری مرتبہ فیفا ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔اس ناکامی کے بعد اٹلی فٹبال ایسوسی ایشن کےسربراہ گیبرئیل گریوینا اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔دیگر میچز میں ترکی کی ٹیم نے کوسوو(Kosovo)کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کرعالمی ٹورنامنٹ میں رسائی حاصل کرلی۔اسی طرح سویڈن اور چیکیا کی ٹیموں نے بھی ورلڈکپ ۲۰۲۶ء کے لیے کوالیفائی کرلیا۔واضح رہے کہ فٹ بال کا عالمی کپ ۱۱؍جون سے ۱۹؍جولائی تک امریکہ، کینیڈااور میکسیکو میں منعقد ہوگا جس میں پہلی مرتبہ ۴۸؍ٹیمیں حصہ لیں گی۔
کرکٹ:پاکستان سپرلیگ(PSL) میں گذشتہ ہفتے ہونے والے میچز میں ملتان سلطانز نےحیدرآبادکے خلاف ۲۲۶؍رنزکاہدف چاروکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔اس میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ۵۷؍گیندوں پر ۱۰۶؍رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی۔اسی طرح ملتان سلطانزنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے خلاف چھ وکٹوں اور راولپنڈی کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔یوں ملتان سلطانز کی ٹیم پانچ میچز میں ۸؍پوائنٹس کے ساتھ اب تک لیگ میں سرفہرست ہے۔کراچی کنگزکی ٹیم بھی اپنے پہلے تین میچزمیں فتح حاصل کرچکی ہے۔راولپنڈی کے خلاف اعظم خان کی ۳۴؍گیندوں پر۷۴؍رنزکی دھواں داراننگزنے کراچی کوکامیابی دلوائی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ اوربیٹنگ کی بدولت کوئٹہ کے خلاف ۱۸۴؍رنزکا ہدف بآسانی حاصل کیا۔ راولپنڈی کے خلاف اسلام آبادکے سمیر منہاس نے ۳۶؍گیندوں پر۷۰؍رنزبناکراپنی ٹیم کی جیت میں اہم کرداراداکیا۔
انڈین پریمیئرلیگ:بھارت میں جاری انڈین پریمیئرلیگ (IPL) میں دہلی نے لکھنؤاورممبئی کے خلاف چھ،چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔اسی طرح پنجاب کنگز نےگجرات اورچنئی کے خلاف اپنے میچز بآسانی جیت لیے جبکہ کولکتہ کے ساتھ میچ بارش کی وجہ سے بلانتیجہ رہا۔ راجستھان رائلزنے گجرات کوچھ رنزسے شکست دی اور لکھنؤنے حیدرآبادکوپانچ وکٹوں سے ہرادیا۔بنگلوروکی ٹیم نے چنئی کے خلاف ۲۵۰؍رنزبنائے جس کے جواب میں چنئی کی ٹیم ۲۰۷؍رنزبناسکی۔
(ن م طاہر)




