یورپ (رپورٹس)

مسجد فضل ریجن، یوکے کے زیر انتظام ’بگ افطار‘ ڈنر کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کے مسجد فضل ریجن کے زیر انتظام مورخہ ۱۵؍مارچ بروز اتوار مسجد فضل میں ’بگ افطار‘ ڈنر کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس پروگرام میں مجموعی طور پر ۳۵؍بیرونی اور ۵۰؍اندرونی مہمانوں نے شرکت کی۔ زیادہ سے زیادہ حاضری کو یقینی بنانے کے لیے مسجد فضل سے ملحقہ گلی کوچوں میں دو مرتبہ گھر گھر جاکر پہلے دعوتی کارڈ تقسیم کیے گئے، بعدازاں افطار کے دعوت ناموں کے ساتھ عیدالفطر کی مناسبت سے روایتی چاکلیٹ اور عید کارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب کا وقت شام پانچ بجے مقرر تھا۔ انتظامیہ کی طرف سے متعین رضاکاروں نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں ان کی نشستوں تک راہنمائی کی۔ مارکی کے ایک جانب مجلس انصاراللہ فضل ریجن کی جانب سے قرآن کریم کی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جو معزز مہمانوں کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث رہی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد خاکسار (ریجنل امیر مسجد فضل ریجن) نے استقبالیہ کلمات کہے اور آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں مکرم عثمان شہزاد بٹ صاحب ریجنل مشنری نے ’’رمضان المبارک کی برکات‘‘ اور ڈاکٹر محمد افضل اشرف صاحب نے ’’سماجی اجتماعات کی اہمیت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ اس کے بعد مختصر سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں معزز مہمانوں نے مسجد کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس نوع کے پروگرام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

تقریب کا اختتام مکرم منصور احمد شاہ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی اختتامی تقریر سے ہوا۔

اس کے بعد روزہ داروں اور معزز مہمانوں نے کھجور، سنیکس اور دیگر مشروبات سے روزہ افطار کیا۔ افطار کے فوراً بعد نماز مغرب ادا کی گئی اور معزز مہمانوں کو مسجد میں نماز کی ادائیگی دیکھنے کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے بصد شوق قبول کیا۔ نماز مغرب کے بعد معزز مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ عشائیہ کے بعد مہمانوں کو مسجد کی سیر کروائی گئی اور مسجد فضل کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا جو ان کے لیے نہایت دلچسپی کا باعث تھا۔

مہمانوں نے مہمان نوازی، انتظامات اور نظم و ضبط کو بہت سراہا اور دوبارہ آنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ ایسے بابرکت پروگراموں کے ذریعے اسلام احمدیت کا پیغام وسیع پیمانے پر پہنچانے کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: رانا عرفان شہزاد۔ ریجنل امیر مسجد فضل ریجن، یوکے)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button