صحت مند جسم احکاماتِ الٰہی کی بجاآور ی کے لیے ضروری ہے
ہمیشہ یاد ر کھیں کہ صحت مند تفریح صحت مند جسم کے لئے ہے۔ اور صحت مند جسم اﷲ تعالیٰ کے احکامات کی بجاآور ی کے لئے ضروری ہے۔
حضرت مصلح موعودؓ نے جہاں مختلف طبقات کی تربیت کی طرف توجہ کی اور ہر پہلو سے اُن کو اُن کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا وہاں خدام الاحمدیہ کی بھی راہنمائی فرمائی ہے۔
جیسا کہ آپؓ نے فرمایا کہ ’’قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہوسکتی۔‘‘ اس لئے آپ نے خدام کی روحانی، اخلاقی اور دینی تربیت کے ساتھ ساتھ جسمانی طور پر بھی فٹ رکھنے کے لئے اُن کوپروگرام دئے۔ دنیا میں ہر جگہ خدام الاحمدیہ اﷲ تعالیٰ کے فضل سے اپنے اجتماعوں میں ایسے پر وگرام بناتی ہے۔ اطفال کے لئے بھی پر وگرام بنتے ہیں تا کہ ہمار ے بچے بھی ہر لحاظ سے تربیت یافتہ ہو کر نوجوانی کی عمر کو پہنچیں اور نوجوان بھی صحیح طور پرتربیت حاصل کرکے اپنے نفس کے جذبات کو، اپنے نفس کو کنٹرول میں رکھیں اور اس طرح اپنے ذہنوں کو مزید جلا بخشیں ،اپنی سوچوں کو گہرا اور بالغ کرنے کی کوشش کریں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنے پیدا کرنے والے خدا کی پہچان کرسکیں۔ یہی رازتھا حضرت مصلح موعود کا خدام کو یہ نعرہ دینے کا کہ ’’قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہوسکتی۔‘‘ کہ نوجوان اپنی تربیت کرکے اپنے آپ کو اتنا چمکا لیں کہ ہر خادم ہر احمدی نوجوان احمدیت کا ایک چمکتا ستارہ بن جائے او رپھر آگے جماعت کی ذمہ واریاں سنبھالنے کے قابل ہوسکے۔ پس یہ کھیلوں کے پروگرام یا علمی پرو گراموں کے مقابلے اس لئے نہیں ہوتے کہ آپ مقابلے کے لئے تھوڑی بہت تیاری کر لیں اور مقابلہ جیت کر انعام لے لیں اور بعد میں نعرہ لگ جائے کہ فلاں ریجن زندہ باد فلاں ریجن زندہ باد۔ بلکہ یہ مقابلے اس لئے ہیں کہ جو کھیلیں ہیں یہ آپ میں صحت، تفریح کا احساس پیدا کریں اور نوجوان گھر میں بیٹھ کر ٹی۔وی پر فلمیں دیکھنے کی بجائے اپنی صحت کاخیال رکھیں تاکہ اُن کے صحت مند جسم سے جماعت فائدہ اٹھاسکے۔
(مشعل راہ جلد پنجم حصہ چہارم صفحہ ۵۱ تا ۵۲)
مزید پڑھیں: روز مرہ معاملات میں بھی توکّل علی اللہ کی ضرورت ہے



