ربوہ کا موسم (۲۴تا۳۰؍جولائی ۲۰۲۶ء)
۲۴؍جولائی جمعۃ المبارک کو فجر کے وقت ہلکی اور خنک ہوا چل رہی تھی۔ جونہی دن کا آغاز ہوا اور سورج نے دھوپ بکھیرنی شروع کی تو آسمان پر بادلوں کی لہر بھی غائب ہوگئی۔ہفتہ کو نماز فجر کے وقت درمیانی رفتار سے ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، آسمان پر کہیں کہیں بادل نظر آتے تھے، تاہم آسمان کےشرقی اُفق پر بادل نمودار ہوئے اور کچھ دیر میں ہی تمام آسمان پر چھا گئے۔ صبح چھ بجے کے قریب موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جو وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہی۔ اتوار کو صبح کے وقت آسمان پر بادلوں کا نام و نشان نہ تھا، جس سے سورج کو زمین پر دھوپ بکھیرنے کا موقع مل گیا۔ سوموار کو بھی موسم کی یہی کیفیت تھی دن کو ہوا چل رہی تھی جبکہ سر شام ہی ہوا بند ہونے سے حبس ہوگیا اور رات بھر جاری رہا، جس سے دَم گھٹتا تھا۔منگل کی صبح فجر کے وقت آسمان صاف تھا اور ہوا بند ہونے سے صبح سے ہی حبس ہوگیا، اس وقت ہی گرمی محسوس ہونا شروع ہوگئی۔ بدھ کے دن نماز فجر کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ جب سورج اور اوپر ہوا تو آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج خوب دھوپ پھینک رہا تھا لیکن یہ ٹھنڈی ہوا، رفتار تیز ہونے کی وجہ سے موسم خوشگوار بند گیا۔ گذشتہ دن والے حبس کی کیفیت جاتی رہی۔ جمعرات کے دن پہلے وقت میں ہوا بند تھی اور حبس جاری تھا، تاہم بعد دوپہر اور شام کے وقت تیز ہوا چلنے سے موسم ٹھیک ہوگیا، یہ ہوا رات بھر رواں دواں رہی۔ اس ہفتے کا اوسط ٹمپریچر زیادہ سےزیادہ ۳۸؍ اور کم سے کم ۲۹؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)




