مشیری ٹینکل اور بائلور واف (سیرالیون) میں تقریبات آمین کا انعقاد
سفیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ پورٹ لوکو، سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سیرالیون کے ضلع کامبیا کی جماعت مشیری ٹینکل اور پورٹ لوکو ضلع کی جماعت بائلور واف میں ۱۳و۱۴؍جون ۲۰۲۶ء کو بابرکت تقریبات آمین منعقد ہوئیں۔ دونوں تقریبات میں مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

جماعت مشیری ٹینکل، کامبیا ڈسٹرکٹ:
مورخہ ۱۳؍جون کو تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور قصیدہ سے ہوا۔ اس کے بعد غیر از جماعت آئمہ اور ہیڈکوارٹرز سے آنے والے مہمانوں کا تعارف پیش کیا گیا۔
تقریب میں شامل بچوں نے سفید لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ اطفال، خدام اور ناصرات نے اپنے اپنے عہد، نماز، احادیث مع ترجمہ اور دعائیں حاضرین کے سامنے پیش کیں۔ نیز مختلف موضوعات پر تقاریر بھی ہوئیں جن میں ’’لجنہ اماء اللہ کے لیے قرآن کریم سیکھنے کی اہمیت‘‘، ’’خلافت کی برکات‘‘ اور ’’حضرت مسیح موعودؑ کی رسول کریمﷺ سے محبت‘‘ شامل تھیں۔

مکرم مبلغ انچارج صاحب نے پہلی مرتبہ قرآن کریم کا دور مکمل کرنے والے ۱۴؍بچوں سے قرآن کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ اپنی اختتامی تقریر میں خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں قرآن کریم کی تلاوت اور اس پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر چند غیر از جماعت مہمانوں نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ سیکشن چیف کاربولر سیکشن نے جماعت احمدیہ کی اس کوشش کو سراہا کہ وہ دیہات میں قرآن کریم کی تعلیم کو فروغ دے رہی ہے اور اپنے مبلغین کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی بھی کرتی ہے۔
اس تقریب میں ۲۰؍غیر از جماعت ائمہ سمیت بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی جبکہ مجموعی حاضری ۲۱۵؍رہی۔ پروگرام دعا پر اختتام پذیر ہوا جس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور ظہرانہ پیش کیا گیا۔
جماعت بائلور واف، پورٹ لوکو ڈسٹرکٹ:مورخہ ۱۴؍جون کو پورٹ لوکو ڈسٹرکٹ کی جماعت بائلور واف میں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں غیر از جماعت ائمہ اور ہیڈکوارٹرز سے آنے والے مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ تقریب میں تمام بچوں نے سفید لباس پہنا ہوا تھا جس سے تقریب کی رونق مزید بڑھ گئی۔ مختلف موضوعات پر مختصر تقاریر بھی ہوئیں جن میں ’’تلاوت قرآن کریم سیکھنے کی اہمیت‘‘، ’’قرآن کریم کی برکات‘‘ اور ’’خدام الاحمدیہ کے لیے قرآن کریم سیکھنے کی ضرورت‘‘ شامل تھیں۔
بعد ازاں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے پہلی مرتبہ قرآن کریم کا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے باری باری قرآن کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ اپنے اختتامی کلمات میں آپ نے افراد جماعت اور مہمانان کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جماعت میں پروگرام آمین کی اہمیت بیان کی اور سب کو قرآن کریم پڑھنے اور اس کی برکات حاصل کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کے اختتام پر بعض غیر از جماعت ائمہ نے اپنے تاثرات میں جماعت احمدیہ کی ان مساعی کو سراہا جن کے ذریعے دیہات میں قرآن کریم کی تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
اس تقریب میں قریبی ۱۰؍دیہات کی مساجد کے ۱۰؍غیر از جماعت ائمہ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ٹاؤن چیف، بائلور ملٹری کمانڈر کے نمائندہ اور بائلور کے لوکل کورٹ جج سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ پروگرام کی مجموعی حاضری ۱۷۰؍رہی۔
دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کی ان کاوشوں کو قبول فرماتے ہوئے قرآن کریم کا نور مزید پھیلانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لائبیریا کی اٹھارویں نیشنل مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد



