افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ لائبیریا کی اٹھارویں نیشنل مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کی ۱۸ویں نیشنل مجلس شوریٰ ۲۴؍مئی ۲۰۲۶ء کو دارالحکومت منروویا (Monrovia) میں واقع شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول کے آڈیٹوریم میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں ملک بھرکی تیرہ کاؤنٹیوں سے ۱۶۵؍نمائندگان نے شرکت کی جن میں معلمین ومبلغین سلسلہ، ممبران نیشنل مجلس عاملہ اور جماعت کی ذیلی تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔

صبح ۱۱؍بجے شوریٰ کے پہلےاجلاس کا آغاز مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ افتتاحی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے ارشاد باری تعالیٰ وَشَاوِرۡہُمۡ فِی الۡاَمۡرِ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آیت مبارکہ کی روشنی میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے باہمی مشاورت کی ایک عظیم الشان سنت قائم فرمائی جس پر صحابہ کرامؓ بھی عمل پیرا ہوئے اور آج یہ جماعت احمدیہ کے ليے ایک راہنما اصول کی حیثیت رکھتی ہے۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

مکرم Tapehma Kortuصاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے گذشتہ سال شوریٰ میں منظور ہونے والی سفارشات پر عمل درآمد اور ان کی پیش رفت کے حوالہ سے ایک مفصل رپورٹ پیش کی۔ پھر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا منظور کردہ ایجنڈا برائے مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء ایوان کے سامنے پیش کیا گیا جس پر غور و خوض کےليے مختلف ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد اجلاس کو نمازظہر و عصر اور ظہرانہ کے وقفہ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ اس دوران کمیٹیوں کےممبران نے اجلاسات منعقد کرکے ایجنڈا کے مختلف نکات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنی سفارشات مرتب کیں۔

اختتامی اجلاس دوپہر اڑھائی بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ ذیلی کمیٹیوں کے سیکرٹریان نے اپنی سفارشات ایوان کے سامنے پیش کیں۔ نمائندگان نے ان تجاویز پر بھرپور بحث میں حصہ لیا اور قیمتی آراء و تجاویز پیش کیں جس کے بعد تمام سفارشات متفقہ طور پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں برائے منظوری پیش کیے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے نمائندگان کو جماعتی ترقی و استحکام کے لیے قربانیوں کی ادائیگی میں مزید توجہ اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کی تلقین کی بالخصوص چندہ عام کی ادائیگی کے حوالہ سے۔ اجلاس کا اختتام ا جتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔

اللہ تعالیٰ اس مجلس شوریٰ کے بابرکت نتائج کو جماعت احمدیہ لائبیریا کے لیے ہمہ جہت ترقی اور کامیابی کا ذریعہ بنائے اور جماعت کو باہمی مشاورت، اتحاد اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

مزید پڑھیں: سویڈن کے شمالی شہروں کے سرمائی بازاروں میں تبلیغی سرگرمیاں

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button