افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے ریجن مارادی کی ایک جماعت ارناگو میں مسجد کے افتتاح کی بابرکت تقریب

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ریجن مارادی کے ایک دور افتادہ گاؤں ارناگو میں مورخہ ۱۹؍جون ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک ایک خوبصورت مسجد کا باقاعدہ افتتاح کرنے کی توفیق ملی ہے۔

اس مسجد کی تعمیر کا آغاز کچھ ماہ قبل کیا گیا تھا، جسے مقامی احبابِ جماعت کی مخلصانہ کوششوں اور دعاؤں کے ساتھ تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا۔ مسجد کے باقاعدہ افتتاح کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر مرکزی وفد کے ہمراہ شامل ہوئے۔

افتتاح کے تاریخی اور بابرکت موقع پر علاقے کی جن اہم سرکاری و سماجی شخصیات نے شرکت کی، ان میں درج ذیل احباب شامل ہیں: میئر چاڈوا، نمائندہ پریفے آف دی ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر ہائیڈرولک ڈیپارٹمنٹ اور ان سرکاری مہمانوں کے علاوہ علاقے کے معزز امام حضرات، چیفس اور ارد گرد کے تمام دیہاتوں سے بڑی تعداد میں احمدی اور غیر احمدی احباب نے تقریب میں شرکت کر کے اخوت اور یگانگت کی ایک بہترین مثال قائم کی۔

مکرم امیر صاحب نے مسجد کا رسمی افتتاح کرنے کے بعد مسجد میں پہلا خطبہ جمعہ ’’مسجد کی اہمیت اور نمازوں میں باقاعدگی‘‘ کے بارہ میں دیا اور نمازِ جمعہ اور عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

نمازِ جمعہ کے بعد مہمانوںکے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ تمام مہمانوں نے جماعت احمدیہ کی اس کاوش کو بے حد سراہا اور علاقے کے لیے اس مسجد کو ایک عظیم تحفہ قرار دیا۔ تقریب کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔

اس مسجد کا کل رقبہ ۱۰۰ مربع میٹر ہے۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو علاقے کے لیے ہدایت اور امن کا گہوارہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مسجد بیت البصیر، ریجن کولڈا، سینیگال کا بابرکت افتتاح

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button