مسجد بیت البصیر، ریجن کولڈا، سینیگال کا بابرکت افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سینیگال کو ریجن کولڈا میں ایک نئی اور خوبصورت مسجد ’بیت البصیر‘ کی تعمیر کی توفیق ملی۔ سینیگال کے جنوبی علاقے میں واقع شہر کولڈا، جو دارالحکومت ڈاکار سے تقریباً ۷۰۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، میں جماعت احمدیہ نے چھ میناروں والی ایک شاندار مسجد تعمیر کرنے کی سعادت حاصل کی۔ یہ مسجد جماعتی مشن ہاؤس کی زمین پر تعمیر کی گئی ہے۔

سنگ بنیاد:اس خوبصورت مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ ۳؍فروری ۲۰۲۶ء کو مکرم بشارت نوید صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ سینیگال نے رکھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تعمیراتی مراحل تیزی سے مکمل ہوئے اور مورخہ ۲۲؍مئی کو مکرم امیر صاحب نے نماز جمعہ سے قبل دعا کے ساتھ اس نو تعمیر شدہ مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاح:افتتاحی تقریب میں مختلف حکومتی شخصیات، مقامی عمائدین اور مذہبی راہنماؤں نے شرکت کی۔ مزید برآں متعدد ٹی وی چینلز کے نمائندگان بھی تقریب کی کوریج کے لیے خصوصی طور پر موجود تھے۔

افتتاح کے بعد امیر صاحب نے خطبہ جمعہ میں قرآن کریم کی روشنی میں اسلام میں مسجد کے مقام، اس کی روحانی اغراض و مقاصد اور معاشرتی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقامی افراد کی سہولت کے پیش نظر خطبے کا ترجمہ ریجنل اور مقامی زبان پولار میں بھی پیش کیا گیا۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تقریب میں شریک تمام معزز مہمانوں اور حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس خوبصورت مسجد کی تعمیر کی نگرانی کی سعادت مکرم شیخ نبیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن کولڈا کے حصہ میں آئی جنہوں نے نہایت محنت اور لگن سے تین ماہ کے کم عرصہ میں مسجد کی تکمیل کو یقینی بنایا۔ اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔آمین
اللہ تعالیٰ اس نو تعمیر شدہ مسجد بیت البصیر کو ریجن کولڈا میں روحانیت، اخوت، محبت اور خلافت احمدیہ کے مبارک فیوض و برکات کا ایک روشن مرکز بنائے اور اس سے اہل علاقہ کو دینی و روحانی فوائد حاصل ہوتے رہیں۔ آمین
(رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لائبیریا کی اٹھارویں نیشنل مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد




