شعبہ اشاعت کا بک سٹال اور نمائش شعبہ تاریخِ احمدیت جرمنی۔ جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۶ء

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جلسہ گاہ کے مرکزی داخلہ اور مردانہ پنڈال جہاں جلسہ کی کارروائی جاری رہتی ہے کے درمیان ایک شاہراہ ایسی بھی ہے جس کے دونوں اطراف میں اہم دفاتر، سٹالز، نمائش کے دیدہ زیب مناظر شرکاءِ جلسہ کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ ان میں شعبہ اشاعت کا چار سو مربع فیٹ پر مشتمل بک سٹال بھی ہے۔ جہاں ۷۶ بڑی میزوں پر مختلف زبانوں میں سلسلہ کی طرف سے شائع کردہ لٹریچر فروخت کے لیے رکھا گیا ہے۔ ان میں پہلی بار حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تفسیرِ قرآن کی دو جلدیں پہلی اور آٹھویں، ملفوظات جلد ایک اور جلد ۱۰ کا جرمن ترجمہ شائع کیا گیا ہے۔ خدام الاحمدیہ کی طرف سے پانچ کتب جرمن زبان میں شائع کی گئی ہیں۔

مولانا صداقت احمد صاحب سیکرٹری اشاعت و تصنیف نے بتایا کہ مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ پر لگائے جانے والے بک سٹالز کی تیاری بہت عرصہ پہلے شروع کر دی جاتی ہے۔ امسال بھی ۱۸ ٹن لٹریچر دونوں سٹالز پر موجود ہے۔ دوستوں کو ایک عرصہ سے تحریک کی جا رہی ہے کہ سلسلہ کا جو لٹریچر جرمن میں موجود ہے اور بکثرت موجود ہے اس کو بچے بچیوں کو شادیوں پر بطور تحفہ دینے کو رواج دیں۔ اس کے علاوہ بعض رعایتی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بعض احباب کی طرف سے تربیتی امور کو ذہن میں رکھ کر لٹریچر شائع کیا گیا ہے۔ حضرت مولوی یعقوب علی عرفانی صاحبؓ کی کتاب ’’حیات احمد‘‘، حضرت مولوی نعمت اللہ کی سیرت وسوانح، روایات اصحابِ احمد جلد اول، نور کی مشکیں، سید الشہداء یہ سب کتابیں پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔

بک سٹال کے ایک کونے میں اولین داعی الی اللہ مکرم قریشی محمد حنیف سائیکل سیاح مرحوم کی وہ سائیکل، چھتری اورتاریخی پوسٹر بھی رکھے گئے تھے، جن پر ۵۵ ہزار میل آپ کے سائیکل سفر کے دوران یہ اشیاء آپ کے ساتھ ہمسفر رہیں۔ اس حال ہی میں آپ کی سوانح ’’موجِ احمدیت‘‘ کے نام سے شائع ہوئی ہے اورجرمنی کے جلسہ پر فروخت کے لیے موجود ہے۔

پچاسواں جلسہ سالانہ، نمائش

 جلسہ جرمنی میں جن نمائشوں کا اہتمام کیا گیا ہے ان میں ایک اہم نمائش شعبہ تاریخِ احمدیہ جرمنی کی طرف سے پچاس سالہ جلسہ سالانہ کا تصویر اور تحریری تعارف بھی شامل ہے۔ اس کو دو طریقوں پر محفوظ بنایا گیا ہے۔ ایک تو ہر سال کے کوائف پر مشتمل پوسٹرز مع تصاویر نمائش کا حصہ ہیں۔ دوسرے ہر سال کے سٹیج اوراس کی بیک گراؤنڈ میں لگائے گئے بڑے بینر کی تصویر ہے۔ دیکھنے والے کو دونوں طریق سے جلسہ کی یادیں آ گھیرتی ہیں۔ دیکھنے والے وہیں کھڑے گفت و شنید شروع کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ شعبہ وائز تصاویر کی نمائش، افسران جلسہ سالانہ کا تعارف، اہم مقررین کی سال بہ سال تصاویر، غرض ہر اعتبار سے یہ نمائش انتہائی دلچسپی سے دیکھی جا رہی ہے اور لوگ تاریخ کا انمول تحفہ قرار دے رہے ہیں۔

اس اہم موقع پر اخبار احمدیہ جرمنی نے اپنا خاص نمبر بھی شائع کیا ہے۔ جس میں اس حوالہ سے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ کا خصوصی پیغام بھی شامل ہے۔ پچاس جلسہ ہائے سالانہ کی بالتصویر تفصیل، جلسہ سالانہ پر کام کرنے والے کارکنان کو خراج عقیدت، جلسہ سالانہ جرمنی سے لوگوں کی وابستہ یادوں پر مضامین اس خصوصی نمبر میں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button