خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۶؍نومبر۲۰۲۶ء میں تحریک جدید کے ترانوے ویں سال کے آغاز کا اعلان فرمایا نیز فرمایا کہ گذشتہ سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کو ۲۰.۲۸؍ملین پاؤنڈز کی قربانی پیش کرنے کی توفیق ملی جو گذشتہ سال سے سات لاکھ ۲۷؍ہزار پاؤنڈز زیادہ ہے، الحمدللہ۔تحریکِ جدید کے چندہ دہنگان کی تعداد میں بھی گذشتہ سال کی نسبت ۴۶؍ہزار ۶۱۶؍کا اضافہ ہوا ہے۔ (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو شمارہ ۹؍نومبر ۲۰۲۶ء صفحہ اول)
٭…عراق کے کردستان علاقے میں خورمور گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں گیس فیلڈ پر کام روک دیا گیا۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حملے سے ہونے والے مالی و دیگر نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
٭…ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب واقع جزیرے قشم پر امریکی حملے کے بعد آج دوبارہ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی بنیادی ڈھانچے یا تنصیب کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔ حملے کا نشانہ بننے والے مقامات رہائشی اور تجارتی علاقوں سے دور واقع تھے۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کے لیے چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے آئندہ ہفتے ملاقاتوں میں بات چیت کا عندیہ دیا ہے۔ ان کے مطابق جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سمیت دیگر امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آپریشن ’آئرن گیٹ‘ کے ذریعے ایران کی زمینی اور بحری رسد روک کر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ایران جنگ، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور اسرائیل مخالف عوامی جذبات کو ووٹروں کے فیصلے پر اثرانداز قرار دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں ہوتے تو نتائج مختلف ہوتے۔ انتخابی نتائج کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کو ۵۴؍جبکہ ریپبلکنز کو ۴۴؍نشستیں ملیں۔ اسی طرح ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے ۲۵۴؍نشستیں حاصل کرکے اکثریت حاصل کی جبکہ ریپبلکنز کی نشستیں کم ہوکر ۱۶۲؍رہ گئیں۔
٭…فلسطینی وزارتِ خارجہ نے غزہ میں شدید بارشوں، سیلاب اور سرد موسم کے باعث بگڑتے انسانی بحران پر عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔ وزارت کے مطابق چار لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینی سیلاب زدہ علاقوں میں بنیادی ضروریات اور محفوظ پناہ گاہوں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرین تک بلا تعطل امداد پہنچائی جائے اور غزہ کی تمام سرحدی راہداریاں کھلوانے کے لیے اسرائیل پر سفارتی دباؤ ڈالا جائے۔




