الفضل ڈائجسٹ
اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم ودلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصہ میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کئے جاتے ہیں۔
درویش صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم تنویر احمد ناصر صاحب کے قلم سے اُن 26 صحابہ کرام کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے جنہیں قادیان میں بطور درویش خدمت کی سعادت عطا ہوئی۔ یہ سلسلہ گزشتہ دو شماروں سے جاری ہے اور ذیل میں اس کا آخری حصہ پیش کیا جارہا ہے۔
حضرت بابا غلام محمد صاحبؓ
حضرت بابا غلام محمد صاحبؓ ولد مکرم فوجدار صاحب موضع مانگا ضلع سیالکوٹ کے رہنے والے تھے۔ 1902ء میں حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کا شرف حاصل کیا۔
آپؓ پُرانی وضع کے سادہ طبع بزرگ تھے۔ منحنی سا قدو قامت تھا اور سفید لباس میں ملبوس رہتے تھے۔ آخری چند سالوں میں جب ضعفِ پیری نے معذور کردیا تو دُوسری تمام ڈیوٹیوں سے فارغ ہوکر صرف بہشتی مقبرہ میں چارپائی بچھاکر پہرہ دیتے رہتے۔ غیر مسلم زائرین جو بہشتی مقبرہ کی زیارت کے لئے آتے اُنہیں بڑے شوق سے تبلیغ کیا کرتے تھے۔ گو بابا جی اَن پڑھ تھے۔ مگر جماعتی مسائل سے واقفیت رکھتے تھے۔ دُعاگو ، تہجد گزار اور صوم و صلوٰۃ نیز سنت نبوی کے بڑے ہی پابند تھے۔ سلسلہ کی ہر مالی تحریک پر خلوص اور محبت کے ساتھ لبّیک کہتے اور اپنی توفیق کے مطابق حصہ لیتے ۔ درویشی کا زمانہ بڑے ہی صبر اور سکون اور اخلاص سے گزارا۔ مرحوم کی اپنی کوئی اولاد نہ تھی۔ آپؓ موصی بھی تھے۔ 20؍اپریل 1967ء کو 87سال کی عمر پاکر فوت ہوئے او ر قطعہ صحابہ میں مدفون ہوئے۔
……………………………
حضرت چودھری حسن دین صاحب باجوہؓ
حضرت چودھری حسن دین صاحب ولد حضرت چودھری فضل دین صاحبؓ آف کھیوہ باجوہ ضلع سیالکوٹ نے حضرت مسیح موعودؑ کی زیارت 1907ء میں کی۔
حضرت مصلح موعودؓ کی تحریک پر حضرت چودھری حسن دین صاحب باجوہؓ اپنی فیملی کے بغیر ہی 11؍مئی 1948ء کے قافلہ میں پاکستان سے قادیان تشریف لے گئے۔ منحنی ساقد و قامت، نحیف جسم اور سانولی رنگت تھی۔ خاموش طبع، دُعاگو اور تنہائی پسند تھے۔
ایک پھوڑے کے ناسور بننے کے بعد جب ڈاکٹروں نے انہیں ٹانگ کٹوانے کا مشورہ دیا تو وہ اس کے لئے تیار نہ ہوسکے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے اُن کی دعاؤں کو قبول کرتے ہوئے اُن کے ناقابل علاج ناسور کو شفا دے دی تاہم اُن کی ٹانگ میںمستقل لنگڑاپن پیدا ہوگیا۔ تاہم وہ پہلے بیساکھیوں کے سہارے اور پھر صرف ایک چھڑی کے ذریعہ بڑی ہمّت سے چلنے پھرنے لگے۔ آپ ؓبڑے صابر و شاکر ، قانع اور سادہ طبع انسان تھے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ جب تک جسمانی توانائی نے ساتھ دیا نمازیں مسجد میں ادا کرتے رہے۔
آپؓ 4 جون 1975ء کو بعمر72سال وفات پاکر بہشتی مقبرہ قادیان کے قطعہ صحابہ میں دفن ہوئے۔ آپؓ کی اہلیہ اور بچے اُس وقت بھی پاکستان میں ہی تھے اور آپؓ نے درویشی اختیار کرنے کے بعد کبھی قادیان سے اہل و عیال سے ملنے کے لئے پاکستان چلے جانے کی خواہش نہیں کی۔
……………………………
حضرت بابا کرم الٰہی صاحب ؓ
حضرت بابا کرم الٰہی صاحبؓ ولد مکرم میاں عیدا صاحب ساکن بھڈیار ضلع امرتسر نے حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت و زیارت کی سعادت 1908ء میں حضورؑ کی وفات سے غالباً دو روز قبل حاصل کی۔
حضرت بابا کرم الٰہی صاحبؓ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی تحریک پر لبّیک کہا اور مئی 1948ء میں قادیان تشریف لے آئے۔
آپ اپنی وفات سے چھ سات سال قبل آنکھوں کے آپریشن کے نتیجہ میں بینائی سے محروم ہوگئے تھے بعدازاں شنوائی میں بھی بھاری پن آگیا۔ یہ سارا عرصہ آپؓ نے بیحد صبر و رضا سے گزارا۔ نماز باجماعت کے پابند اور لمبے نوافل ادا کرنے والے تھے۔ آپؓ کی زندگی کا طُرّۂ امتیاز دعائیں کرناہی تھا۔ غریب طبع اور صابر و شاکر تھے ۔
حضرت بابا کرم الٰہی صاحب ؓ اَن پڑھ بھی تھے اور معمّر بھی لیکن تہجد کے پابند تھے اور نماز کے لئے معمول تھا کہ سب سے پہلے مسجد میں پہنچتے اور سب سے آخر میں مسجد سے واپس آتے۔ نہایت حلیم اور غریب الطبع اور سادہ دیہاتی وضع قطع کے بزرگ تھے۔
آپؓ نے 25؍ستمبر 1959ء کو بعمر 94سال وفات پائی اور بہشتی مقبرہ قادیان کے قطعہ صحابہ میں تدفین عمل میں آئی۔
……………………………
حضرت بھائی الٰہ دین صاحب ؓ
حضرت احمد دین صاحبؓ ساکن شاہدرہ (لاہور) نے 1897ء میں احمدیت قبول کرنے کی سعادت پائی۔ اس وقت تک آپ کے ہاں کوئی اولاد نہیں تھی۔ بعد میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی دُعا کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے لڑکا عطا کیا جس کا نام الٰہ دین رکھا گیا۔
بیعت سے قبل حضرت احمدد ین صاحبؓ نیارے کا آبائی پیشہ اختیار کئے ہوئے تھے۔ بیعت کے بعد انہوں نے سوچا کہ اب مَیں حضرت اقدسؑ کی غلامی میں آگیا ہوں اس لئے اب میں کُوڑے کی گندگی سے رزق تلاش نہیں کروں گا۔ چنانچہ آپؓ نے نیارے کا پیشہ ترک کرکے منیاری کا سامان پھیری لگاکر بیچنا شروع کیا اور اللہ تعالیٰ نے اس کام میں بہت برکت دی۔
حضرت الٰہ دین صاحب کی پیدائش دسمبر 1900ء میں یا اس سے کچھ قبل ہوئی تھی۔ آپ کے صحابی والدین ہر سال جلسہ سالانہ پر قادیان جایا کرتے تھے اور حضرت اقدس علیہ السلام کی خدمت میں اپنا اکلوتا بچہ پیش کرکے عرض کیا کرتے کہ یہ ایک ہی ہمارا بیٹا ہے اور یہ پیدائشی احمدی ہے۔ حضرت اقدس علیہ السلام شفقت سے بچہ کے سر پر ہاتھ پھیر دیتے۔ جب یہ بچہ سات سال کا ہؤا تو والدین کے سکھانے پر 1907ء کے جلسہ سالانہ کے موقع پر بچہ نے حضرت اقدسؑ کی خدمت میں السلام علیکم بھی عرض کیا اور حضورؑ نے اس بچہ کے سر پر ہاتھ پھیرا۔ حضرت مولوی الٰہ دین صاحبؓ کو بھی صرف اتنی ہی بات یاد تھی۔
حضرت الٰہ دین صاحبؓ چونکہ ہوش سنبھالتے ہی نماز روزہ اور عبادات میں باقاعدہ اور اپنا زیادہ وقت مسجد میں ہی گزارتے تھے اس وجہ سے مولوی الٰہ دین کہلانے لگے۔ تعلیم مڈل تک تھی۔ قرآن کریم مع ترجمہ پڑھا اور چند دینی کتب پڑھنے کے بعد درزی کا کام سیکھا اور مہارت حاصل کی۔ پھر آپؓ کی شادی رابعہ بیگم صاحبہ سے ہوگئی اور اس کے بعد آپؓ کے والد حضرت احمد دین صاحبؓ ہجرت کرکے قادیان آگئے اور محلہ دار الفتوح میں اپنا مکان بناکر باقی زندگی یہیں گزاردی۔
مولوی الٰہ دین صاحب کی رہائش شاہدرہ ٹاؤن میں تھی اور آپؓ شاہدرہ موڑ پر ایک دکان میں اپنا کام کرتے تھے۔ یہ سلسلہ قریباً 20سال تک جاری رہا۔ ایک موقعہ پر ایک بدبخت نے آپؓ کو گلا گھونٹ کر مار دینے کی کوشش کی۔ چند شریف الطبع لوگوں نے جو وہاں موجود تھے، آپؓ کی جان بچائی۔ اس واقعہ کے بعد آپؓ نے شاہدرہ ٹاؤن میں رہتے ہوئے ہی کام جاری رکھا۔
حضرت مولوی الٰہ دین صاحبؓ کا بھی ایک ہی بیٹا نورالدین تھا جس سے آگے کئی لڑکے اور لڑکیاں ہوئیں۔ اپنے اس بیٹے کی شادی اور دیگر گھریلو مصروفیات سے فارغ ہوکر حضرت مولوی صاحبؓ 11مئی 1948ء کو قادیان آنے والے قافلہ میں قادیان آکر درویشوں میں شامل ہوگئے اور درویشی کا دَور نہایت صبر و قناعت سے گزارا۔ آپ کی اہلیہ بھی متعدد مرتبہ قادیان آکرکئی کئی ماہ تک قیام کرکے جاتی رہیں اور آپ خود بھی ویزا پر پاکستان جاکر بچوں سے مل آتے رہے ۔ مسجد مبارک قادیان میں آپ امامت بھی کرواتے رہے۔
1970ء میں پاک و ہند کے مابین حالات خراب ہونے کے بعد 1978ء میں قادیان سے ایک بڑا قافلہ جلسہ سالانہ ربوہ پر گیا۔ اس قافلہ میں حضرت مولوی الٰہ دین صاحب بھی تھے۔ قافلہ دارالضیافت میں ٹھہرایا گیا۔ لیکن جب معلوم ہوا کہ حضرت مولوی صاحبؓ کی اہلیہ بھی آپؓ کو ملنے کے لئے جلسہ پر آئی ہیں تو حضرت مرزا طاہر احمد صاحبؒ نے (جو اُس وقت نائب افسر جلسہ سالانہ تھے) اپنے گھر پر ایک سٹور کا قیمتی سامان باہر نکال کر اس بزرگ جوڑے کے لئے رہائش کا انتظام کیا۔
حضرت مولوی الٰہ دین صاحبؓ جب قادیان آئے تو آپ کی ڈیوٹی دفتر زائرین میں لگائی گئی۔ آپؓ کی طبیعت جوانی سے ہی عبادات کی طرف میلان رکھتی تھی۔ آخری عمر میں تو آپؓ کا سارا وقت ہی عبادت میں گزرتا۔ جب تک ہمّت تھی آپؓ نمازیں مسجد مبارک میں جاکر ادا کرتے رہے۔ 28؍دسمبر1982ء کو آپؓ کی وفات بعمر 86 سال ہوئی۔ آپؓ آخری درویش صحابی تھے۔ 1945ء میں آپؓ نظام وصیت میں شامل ہوئے تھے۔ بہشتی مقبرہ قادیان میں تدفین ہوئی۔
……………………………
حضرت بھائی عبد الرحمن صاحبؓ قادیانی
حضرت بھائی عبدالرحمن صاحبؓ ولد مہتہ گوراندتہ مل صاحب آف گنجروڑ دتاں تحصیل شکرگڑھ کو 1895ء میں حضرت مسیح موعودؑ کے دست مبارک پر مشرف بہ اسلام ہونے کی سعادت عطا ہوئی۔ حضرت اقدسؑ نے آپؓ کو اپنے 313 اصحاب میں شامل فرمایا ہے۔ آپؓ کا تفصیلی ذکرخیر قبل ازیں الفضل انٹرنیشنل 16؍اگست 2002ء کے ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کی زینت بن چکا ہے۔
آپؓ کے والد نے آپؓ پر ہر ظلم توڑا لیکن آپؓ ثابت قدمی سے اسلام پر قائم رہے اور لمبا عرصہ کے بعد آخر حضرت مسیح موعودؑ کے قدموں میں دوبارہ پہنچ گئے اور پھر تیرہ سال تک حضور ؑ کی صحبت میں رہ کر خدمت بجا لانے کا شرف حاصل کیا۔ اور حضور ؑ کے وصال کے بعد بھی قادیان میں ہی مقیم رہے۔ تقسیمِ ہند کے وقت حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے ارشاد سے مجبوراً ہجرت کی۔ لیکن جلد بعد حضور ہی کی تحریک پر لبیک کہتے ہوئے مئی 1948ء میں واپس قادیان پہنچ گئے۔ پھر دورِ درویشی میں تیرہ سال گزار کر آپؓ جب سفر پر پاکستان گئے تو 6جنوری 1961ء کو دورانِ سفر قریباً 85 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ تاہم غیرمعمولی حالات کے باوجود بھی آپ کا جنازہ پہلے ربوہ اور لاہور سے ہوتا ہوا براستہ امرتسر و بٹالہ قادیان پہنچا اور آپ ؓ کی حضرت مسیح موعودؑ سے سچی اور دلی محبت کا معجزانہ ثبوت بہم پہنچایا اور حضورؑ کی آپ کے حق میں اس توقع کو ایک نئی شان سے پورا کیا کہ ’’ ہمارا ہے تو آجائے گا‘‘۔
بہشتی مقبرہ قادیان کے قطعہ 2 میں آپؓ کی تدفین ہوئی۔ حضرت بھائی صاحب ؓ کی خواہش تھی کہ آپؓ کی قبر پر یہ الفاظ لکھے جائیں کہ : ’’غلام و خادم سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام وخاندان اقدس‘‘۔
1908ء میں حضور ؑ کے آخری سفر لاہور کے موقعہ پر بھی آپؓ کو رفاقت و خدمت کا شرف حاصل ہوا۔ حضور ؑ کے وصال کے بعد جب حضور ؑ کا جسدِ اطہر لاہور سے قادیان لایاگیا تو حضرت بھائی جی عبدالرحمنؓ اس رتھ کے ساتھ ساتھ تھے جس میں حضرت امّ المومنینؓ سوار تھیں۔
حضرت بھائی جی ؓ نے اپنی عمر عزیز کے 65سال اسی در کی دربانی میں گزار دیئے لیکن اللہ تعالیٰ نے بھی آپ کو دین و دُنیا میں سرفراز کردیا۔ اولاد بھی دی اور جائیداد بھی۔ اور پھر یہ سعادت بھی بخشی کہ زمانہ ٔ درویشی میں بھی قادیان میں رہ کر صدر صدر انجمن احمدیہ، صدر انجمن تحریک جدید اور مجلس کارپرداز مصالح قبرستان بہشتی مقبرہ کے ممبر کی حیثیت سے خدماتِ سلسلہ بجا لاتے رہے۔
ستّر سال کی عمر میں حضرت بھائی عبدالرحمن صاحب ؓ نے عزم جوانانہ کے ساتھ ’جنازہ گاہ‘ کی تشکیل کا کام شروع کیا۔ ہر صبح عصا ٹیکتے ہوئے اوزار پکڑے باغ بہشتی مقبرہ میں پہنچتے۔ بوڑھے اور کمزور ہاتھوں سے کھرپا چلا چلاکر صفائی کرتے، جھاڑو دیتے اور بالٹی میں مٹی دُور سے لاکر بھرتی ڈالتے۔ ظہر کے وقت کام ختم کرتے۔ حضرت بھائی جی ؓ کے عزم، جواں ہمتی اور محبت و عمل کی یادگار ’’جنازہ گاہ‘‘ اب مستقل صورت میں موجود ہے۔
آپؓ ایک باکمال مصنّف بھی تھے۔ آپ کے تین مضامین ’’جلسہ اعظم مذاہب 1896ء‘‘، ’’عید قربان 1900ء خطبہ الہامیہ‘‘ اور ’’سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کاآخری سفر لاہور اور وصال‘‘ سیرت المہدی میں آخر پر درج کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح اخبار بدر میں بھی آپ کے مضامین شائع ہوتے رہے ہیں۔
……………………………
حضرت حاجی محمد الدین صاحب تہالویؓ
حضرت حاجی محمدالدین صاحب تہالویؓ ابن مکرم نوراحمد صاحب آف دھرم کوٹ رندھاوا کا ذکرخیر قبل ازیں ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ 6؍اپریل 2001ء کے ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ میں تفصیل سے شامل اشاعت کیا جاچکا ہے۔




